میرا جی نگری نگری پھرا مسافر گھر کا رستا بُھول گیا ۔ میرا جی

فرخ منظور

لائبریرین
غزل از میرا جی ۔ بشکریہ صریرِ خامۂ وارث از محمد وارث

نگری نگری پھرا مسافر گھر کا رستا بُھول گیا
کیا ہے تیرا کیا ہے میرا اپنا پرایا بھول گیا

کیا بُھولا، کیسے بُھولا، کیوں پوچھتے ہو؟ بس یوں سمجھو
کارن دوش نہیں ہے کوئی، بھولا بھالا بھول گیا

کیسے دن تھے، کیسی راتیں، کیسی باتیں گھاتیں تھیں
من بالک ہے، پہلے پیار کا سُندر سپنا بھول گیا

اندھیارے سے ایک کرن نے جھانک کے دیکھا، شرمائی
دھندلی چھب تو یاد رہی کیسا تھا چہرہ، بھول گیا

یاد کے پھیر میں آ کر دل پر ایسی کاری چوٹ لگی
دکھ میں سکھ ہے، سکھ میں دکھ ہے، بھید یہ نیارا بھول گیا

ایک نظر کی، ایک ہی پل کی بات ہے ڈوری سانسوں کی
ایک نظر کا نور مِٹا جب اک پل بیتا بھول گیا

سوجھ بوجھ کی بات نہیں ہے، من موجی ہے مستانہ
لہر لہر سے جا سر ٹپکا، ساگر گہرا بھول گیا

ہنسی ہنسی میں، کھیل کھیل میں، بات کی بات میں رنگ مٹا
دل بھی ہوتے ہوتے آخر گھاؤ کا رِسنا بھول گیا

اپنی بیتی جگ بیتی ہے جب سے دل نے جان لیا
ہنستے ہنستے جیون بیتا رونا دھونا بھول گیا

جس کو دیکھو اُس کے دل میں شکوہ ہے تو اتنا ہے
ہمیں تو سب کچھ یاد رہا، پر ہم کو زمانہ بھول گیا

کوئی کہے یہ کس نے کہا تھا، کہہ دو جو کچھ جی میں ہے
میرا جی کہہ کر پچھتایا اور پھر کہنا بھول گیا
 

جیہ

لائبریرین
اچھی نظم ہے۔ میں تو اسے ابن انشاء کا کلام سمجھ رہی تھی یہ تو میرا جی کا نکلا :)

نگرہ نگری پھرا مسافر ابن انشا کے ایک سفر نامے کا بھی نام ہے
 

محمد وارث

لائبریرین
واقعی خوبصورت غزل ہے۔ اور میرے خیال میں یہ غزل ہی ہے نہ کہ گیت یا نظم :) ۔ اسے شاید غلام علی نے گا بھی رکھا ہے۔

شکریہ فرخ صاحب شیئر کرنے کیلیے۔
 

فرخ منظور

لائبریرین
واقعی خوبصورت غزل ہے۔ اور میرے خیال میں یہ غزل ہی ہے نہ کہ گیت یا نظم :) ۔ اسے شاید غلام علی نے گا بھی رکھا ہے۔

شکریہ فرخ صاحب شیئر کرنے کیلیے۔

شکریہ وارث صاحب۔ کلیاتِ میرا جی سے دیکھا ہے یہ واقعی غزل ہے۔
 

جیہ

لائبریرین
یہیں تو میں مات کھا گئی۔ میں اسے میرا “جی“ پڑھ کر میرا “دل“ مراد لے رہی تھی۔۔۔ ؛گتا ہے اب مجھے ریٹائر ہونا چاہیئے :)
 

فرخ منظور

لائبریرین
یہیں تو میں مات کھا گئی۔ میں اسے میرا “جی“ پڑھ کر میرا “دل“ مراد لے رہی تھی۔۔۔ ؛گتا ہے اب مجھے ریٹائر ہونا چاہیئے :)

ریٹائر کا تو نہیں پتا لیکن آپ کو شاعری کے زمرے میں زیادہ آنا چاہیے۔ ویسے اگر مجھے بھی پتا نہ ہوتا کہ یہ میرا جی کی غزل ہے تو شاید میں بھی مِیرا کو مَیرا اور جی کو دل ہی پڑھتا۔ :)
 
Top