نہ محراب حرم سمجھے نہ جانے طاقِ بتخانہ ٭ بیدم شاہ وارثی

نہ محراب حرم سمجھے نہ جانے طاقِ بتخانہ
جہاں دیکھی تجلی ہو گیا قربان پروانہ

دلِ آزاد کو وحشت نے بخشا ہے وہ کاشانہ
کہ اک درجانبِ کعبہ ہے اک در سوئے بتخانہ

بنائے میکدہ ڈالی جو تو نے پیر میخانہ
تو کعبہ ہی رہا کعبہ نہ پھر بتخانہ بتخانہ

کہاں کا طور مشتاق لقا وہ آنکھ پیدا کر
کہ ذرّہ ذرّہ ہو نظّارہ گاہِ حسن جانانہ

خدا پوری کرے یہ حسرت دیدار حسرت کی
کہ دیکھوں اور تیرے جلووں کو دیکھوں بے حجابانہ

شکست توبہ کی تقریب میں جھک جھک کے ملتے ہیں
کبھی پیمانہ شیشہ سے کبھی شیشہ سے پیمانہ

سجا کر لخت دل سے کشتیٔ چشم تمنّا کو
چلا ہوں بارگاہِ عشق میں لے کر یہ نذرانہ

کبھی جو پردۂ بے صورتی میں جلوہ فرما تھے
انہیں کو عالم صورت میں دیکھا بے حجابانہ

مری دنیا بدل دی جنبش ابروئے جاناں نے
کہ اپنا ہی رہا اپنا نہ بیگا نہ بیگانہ

جلا کر شمع پروانے کو ساری عمر جلتی ہے
اور اپنی جان دے کر چین سے سوتا ہے پروانہ

کسی کی محفل عشرت میں پیہم دور چلتے ہیں
کسی کی عمر کا لبریز ہونے کو ہے پیمانہ

ہماری زندگی تو مختصر سی اک کہانی تھی
بھلا ہو موت کا جس نے بنا رکھا ہے افسانہ

یہ لفظ سالک ومجذوب کی ہے شرح اے بیدم
کہ اک ہشیار ختم المرسلیں اور ایک دیوانہ

بیدم شاہ وارثی
 
آخری تدوین:
محمد تابش صدیقی بھیا کیا پسندیدہ شعراء کی فہرست میں جنابِ بیدم وارثی کا نام شامل نہیں ہے ؟
محفل میں پسندیدہ کلام کے زمرے میں کافی بڑی تعداد میں جناب بیدم وارثی کا کلام موجود ہے۔برائے مہربانی آپ مدیران حضرات بیدم وارثی صاحب کے نام کا ٹیگ پسنددیدہ شعراء کی فہرست میں شامل فرمائیں۔شکریہ
 
محمد تابش صدیقی بھیا کیا پسندیدہ شعراء کی فہرست میں جنابِ بیدم وارثی کا نام شامل نہیں ہے ؟
محفل میں پسندیدہ کلام کے زمرے میں کافی بڑی تعداد میں جناب بیدم وارثی کا کلام موجود ہے۔برائے مہربانی آپ مدیران حضرات بیدم وارثی صاحب کے نام کا ٹیگ پسنددیدہ شعراء کی فہرست میں شامل فرمائیں۔شکریہ
اس حوالے سے کچھ اور ناموں پر غور بھی جاری ہے۔
امید ہے کہ جلد کچھ ناموں کا اضافہ کیا جائے گا۔
 
مطلب یہ کہ پسندیدہ کلام (کے زمرے) کی کیا بنیاد ہے ؟
یہ کس کا پسندیدہ کلام ہے ؟
زمرے سے مراد حصہ ،سیکشن اور پسندیدہ کلام سے مراد یہ ہے کہ مثلا مجھے جو کلام پسند ہو اور میں محفل میں شریک کرنا چاہوں تو اس کے لیے محفل میں بزم سخن کے زمرے میں پسندیدہ کلام کا سیکشن ہے جہاں میں وہ کلام پوسٹ کرسکتا ہوں۔
 
Top