نیک لوگوں کی ہم نشینی !!!

اللہ تعالیٰ قرآن مجید میں فرماتے ہیں
یاَاَیُّھاَالَّذِیْنَ اٰ مَنوُ اتّقُواللہ وَ کُوْنُوْ مَعَ الصَّادِقِیْنَ
" اے ایمان والوں ! اللہ تعالیٰ سے ڈرو اور سچوں کے ساتھ رہو "

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ​
" المرء مع من احبّ " ( آدمی انہی لوگوں کے ساتھ ہوگا جن سے وہ محبت کرتا ہے "
(بخاری : جلد2،صفحہ911)
معاشرے کے بناؤ اور بگاڑ میں اچھے اور بُرے لوگوں کی صحبت اور ہم نشینی کو بڑا دخل ہے، فارسی کا مشہور شعر ہے

صحبت صالح ترا صالح کند
صحبت طالح ترا طالح کند
" اچھی صحبت تجھے نیک اور بُری صحبت تجھے بُرا بنادے گی "

اردو مثل مشہور ہے کہ " خربوزے کو دیکھ کر خربوزہ رنگ پکڑتا ہے " اور انگریز بھی یہی کہتے ہیں کہ

" A man is know by the company he keeps "

آج کل اہل تقویٰ اور پرہیز گار لوگوں کی مجلسوں اور صحبتوں میں نہ بیٹھنے کی وجہ سے اور ان سے بے رغبتی کی وجہ سے کامل اور حقیقی دین جو قلب و جگر میں پیوست ہو، بہت کم لوگوں کو نصیب ہے۔اہل اللہ اور اہل اصلاح و فلاح کی صحبت میں بیٹھ کر آدمی انسانیت سیکھتا ہے، دوسروں کے ساتھ محبت و ہمدردی اور خیر خواہی کی تعلیم ملتی ہے، بغض وحسد، کینہ وعداوت ، ناشکری اور تکبّر جیسے مہلک امراض سے دل پاک وصاف ہوکر اس کی جگہ تواضع و عاجزی اور صبروشکر اور قناعت جیسے عمدہ اخلاق سے دل منور ہوتاہے۔
ایک حدیث میں ہے کہ
" صالح ہم نشین کی مثال عطر فروش کی طرح ہےاگر وہ تم کو ( عطر) نہ بھی دے تب بھی اسکی خوشبو تم کو پہنچ کر رہیگی، اور بُرے ہم نشین کی مثال لوہار کی بھٹی کی طرح ہےاگر اسکی چنگاری تم کو نہ بھی جلائے تب بھی اسکا دھواں تم کو ضرور لگے گا "
( ابوداؤد: جلدنمبر 2،صفحہ308 )
ہرزمانے کو صالح وہ ہے جو حرام وناجائز کاموں سے بچتا ہے، دیانت دار سچا اور پرہیز گار ہو آخرت کی طرف راغب ہو، شریعت کا پاپند اور متبع سنت ہو، بس ایسوں کی صحبت و مجلس کو لازم پکڑنا چاہیے
باقی اس زمانے میں حضرت جنید بغدادی اور حضرت شبلی ( رحمتہ اللہ علیہ ) کو تلاش کرنا حماقت اور محروی کا باعث ہے ۔۔۔


 
Top