والعصر - رئیس امروہوی

والعصر
ہمہ والعصر اور والدّھر ہے عظمت محمد کی
ابد لمحہ محمد کا ازل ساعت محمد کی

جمالِ رحمتہََ للعالمیں رحمت محمد کی
سراسر سورۂ رحمان ہے صورت محمد کی

الف اور لام میم آیا ہے توصیفِ محمد میں
خمِ زلفِ نبی لام اور الف قامت محمد کی

عیاں ہوتی رہی ہے کائناتِ لفظ و معنٰی میں
کبھی صورت محمد کی کبھی سیرت محمد کی

مہِ نو ہر مہینے بس یہی پیغام دیتا ہے
سوارِ اشہبِ ایام ہے ہجرت محمد کی

زوالِ آدمی کو لغزشِ آدم ہی کیا کم ہے ؟
مگر انسان کو بحشی گئی مہلت محمد کی

نہیں کوئی تضاد آئین و اعلانِ محمد میں
جو دعویٰ ہے محمد کا وہی دعوت محمد کی

محمد اول اور آخر محمد ظاہر و باطن
محمد ہی محمد سیرت و سنت محمد کی

اُدھر آئینہ یکتا ہے ادھر آئین یکتائی
رئیسؔ اللہ کی توحید ہے وحدت محمد کی
رئیس امروہوی
 
Top