اسلام آباد(آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے گزشتہ روز وزیراعظم ہائوس میں ملاقات کی، ملاقات میں دہشت گردوں کےخلاف بھرپور جوابی کارروائی پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں آرمی چیف نے وزیراعظم کو شمالی وزیرستان میں ہونے والی کارروائی، مشرقی اور مغربی سرحدی صورتحال پر بریفنگ دی۔ وزیر اعظم نے آرمی چیف کو ہدایت کی کہ دہشت گردی پر قابو پانے کےلیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں اور معصوم شہریوں اور افواج کو نشانہ بنانے والوں کو بھرپور جواب دیا جائے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیراعظم کو بتایا کہ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کےخلاف بھرپور اور موثر کارروائی کی گئی ہے اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جبکہ پاک افغان سرحد پر غیر قانونی آمدورفت روکنے کےلیے بھی موثر اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔ ملاقات کے دوران ملک میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ طالبان سے مذاکرات یا آپریشن کرنے سے حوالے سے حتمی حکمت عملی پر بھی مشاورت کی گئی۔
http://beta.jang.com.pk/NewsDetail.aspx?ID=167788
http://beta.jang.com.pk/NewsDetail.aspx?ID=167788