رشوت۔۔۔حصول مقاصدکاجہنمی راستہ
رشوت کیاہے؟
رشوت(Bribery)یعنی اپنے جائزیاناجائزمقاصدکوحاصل کرنے کے لیے اہل منصب کوہدیہ یانذرانہ پیش کرنا۔موجودہ دور میں اس لین دین کو ہدیہ یانذرانہ کاخوبصورت نام دیاجاتاہے لیکن درحقیقت یہ رشوت ہے جس کے بارے میں قرآن وحدیث میں سخت وعیدیں نازل ہوئی ہیں۔
رشوت اسلام کی نظرمیں:
رشوت کی مذمت اوراس کے لینے اوردینے والوں پراللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے بڑی سخت وعیدیں کی ہیں،حضرت عبداللہ بن عمرر ضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’رشوت لینے اوردینے والے پراللہ کی لعنت برستی ہے‘‘۔عن عبداللہ بن عمررضی اللہ عنہ قال قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم :’’لعنۃ اللہ علی الراشی والمرتشی‘‘(رواہ ابن ماجہ)
ایک دوسری حدیث میں حضرت عبداللہ بن عمررضی اللہ عنہ سے ہی مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایاکہ:’’رشوت لینے اوردینے والا دونوں ہی دوزخ میں جائیں گے‘‘۔(طبرانی)
رشوت کی دلالی کرنے والابھی ملعون ہے:
اسلام کی نظرمیں جس طرح رشوت لینے اوردینے والاملعون اوردوزخی ہے اسی طرح اس معاملہ کی دلالی کرنے والابھی حدیث رسول کی روشنی میں ملعون ہے۔صحابی رسول حضرت ثوبان رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ’’ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے رشوت لینے اوردینے والے اوررشوت کی دلالی کرنے والے سب پرلعنت فرمائی ہے‘‘۔(رواہ احمدوطبرانی)
حضرت عبداللہ بن مسعودرضی اللہ عنہ تویہاں تک فرماتے ہیں کہ قاضی کاکسی سے رشوت لے کراس کے حق میں فیصلہ کرناکفرکے برابرہے،اورعام لوگوں کاایک دوسرے سے رشوت لینا’’سُحت‘‘یعنی حرام ناپاک کمائی ہے۔(طبرانی)یہی وجہ ہے کہ پوری امت رشوت کے حرام ہونے پرمتفق ہے۔
رشوت دینے کی گنجائش کب ہوسکتی ہے؟
لغت میں’’رشوت‘‘کے معنی ہیں وہ نذرانہ جواپنے مقصدکی تکمیل کے لیے کسی کوپیش کیاجائے،خواہ وہ مقصدجائزہویاناجائز۔اسی لیے امام ابوسلیمان خطابیؒ اس حدیث کامفہوم بیان کرتے ہوئے لکھتے ہیں:’’رشوت لینے اوردینے والے دونوں شخص گناہ وسزاکے مستحق اس وقت ہوں گے،جب کہ دونوں کامقصدباطل اورناحق کی حمایت کرناہو،کسی پرظلم کرنایاکراناہویاشرعی حکم کی پامالی ہو،مثلاًایک شخص جس کاایک چیزمیں شرعاًکوئی حق نہیں بنتا،وہ صاحب اختیارکورشوت دے کراپنے حق میں فیصلہ کرالیتاہے یاایک چیزایک شخص کی ملکیت یااس کاحق ہے،اس کے پاس ثبوت بھی ہیں،جواس نے فراہم کردیے،مگردوسراشخص رشوت کے زورپرصاحب اختیارسے اس کے خلاف فیصلہ کرالیتاہے،تاکہ حق دارکواس کاحق نہ مل سکے،مذکورہ حدیث کی روشنی میں یہ رشوت دینابلاشبہ لعنت کاسبب ہے۔
اسی طرح رشوت لینے والاشخص بھی وعیدکامصداق اس وقت ہوگا،جب اس نے ایسے حق یاعمل کی انجام دہی پررشوت لی ہوجواس کے اوپرازروئے شریعت واجب ہے،یاوہ کوئی کام ایساکررہاہے،جس کے کرنے کاکوئی جوازنہیں اوردوسرے کااس سے نقصان ہورہاہے،جب تک اس کی مٹھی گرم نہ کی جائے،وہ اپنے اس ناحق عمل سے دست بردارہونے کے لیے تیارنہ ہو،مندرجہ بالاحدیث کی روشنی میں ایساشخص ملعون ہے۔
ہاں البتہ ایک شخص کاحق ہے کہ جواسے ملناچاہیے،رشوت دیے بغیرنہیں ملے گا،یااتنی دیرسے ملے گا،جس میں اسے غیرمعمولی مشقت برداشت کرنی پڑے گی۔اسی طرح اس کے اوپرکسی فردکی طرف سے ظالمانہ مطالبات عائدہوگئے ہیں اوررشوت دیے بغیران سے خلاصی مشکل ہے توامیدہے کہ دینے والاشخص گناہ گارنہ ہوگا،البتہ دیانت شرط ہے جس کی ذمہ داری خوداس پرہوگی۔اسی طرح ایک شخص حکام اورارباب اختیارکے نزدیک اپنی ذاتی وجاہت کی وجہ سے باحیثیت ماناجاتاہے،اگرایسے شخص کے ذریعے اپناجائزحق وصول کرنے کے لیے حاکم تک رسائی حاصل کی جائے اوروہ شخص جس پراس کام کی شرعاًکوئی ذمہ داری نہیں ہے،حق الخدمت کے طورپرکچھ وصول کرتاہے تویہ اس کے لیے حلال ہوگا،کیوں کہ یہ نہ توباطل کی اعانت ہے،نہ کسی پرظلم ہے اورنہ ہی اس پریہ کام کرناازروئے شریعت واجب ہے،لیکن نہ لیناموجب اجروثواب ہے۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کاارشادہے:سفارش کردو،ثواب پاؤگے۔تجربہ شاہدہے کہ جن ناگوارحالات میں رشوت دینی پڑتی ہے ،ان میں دینے والاتومجبورہوتاہے،مگرلینے والاعموماًظالم۔
رشوت اورقوم یہودکاشیوہ:
علامہ سیدسلیمان ندویؒ نے اسلام سے قبل زمانۂ جاہلیت میں رشوت کے چلن پرروشنی ڈالتے ہوئے لکھاہے کہ عرب کے کاہن اپنی مفروضہ غیبی طاقت کی بناپربعض مقدموں کے فیصلے کرتے تھے،اہل غرض ان کواس کے لیے مزدوری یارشوت کے طورپرکچھ نذرانہ دیتے تھے،اس کوحلوان( مٹھائی)کہتے تھے،اسلام آیاتواوہام کایہ دفترہی اڑگیا،اس پربھی آں حضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے کاہن کے حلوان کی خاص طورسے ممانعت فرمائی۔(ترمذی،باب ماجاء فی کراہےۃ مہرالبغی)
اسی طرح عرب میںیہودیوں کے مقدمے ان کے احباراوررئیس فیصل کرتے تھے ،قانون کی زدسے بچنے کے لیے مال داراوراہل ثروت طبقہ علانیہ رشوت دیتے اوران کے کاہن اورقاضی یہ رشوت لے کران کے حق میں فیصلہ سنادیتے تھے،اوراتناہی نہیں بلکہ توراۃ کے احکام پرپردہ ڈالتے تھے۔ (صحیح بخاری)چنانچہ توراۃ کے قوانین میں تحریف کاایک بڑاسبب یہی رشوت خوری تھی،قرآن مجیدکی اس آیت میں اسی گناہ کی طرف اشارہ کیا گیا ہے:
ان الذین یکتمون ماانزل اللہ من الکتاب ویشترون بہ ثمناًقلیلاً،اولٰئک مایاکلون فی بطونہم الاالنارولایکلمہم اللہ یوم القیامۃ ولایزکیہم ولہم عذاب الیم۔(بقرۃ:۲۱)
ترجمہ:خدانے کتاب سے جواتارااس کوجوچھپاتے ہیں اوراس کے ذریعہ معمولی معاوضہ حاصل کرتے ہیں،وہ اپنے پیٹوں میںآگ بھرتے ہیں،خداان سے قیامت کے دن بات نہ کرے گا،نہ ان کوپاک صاف کرے گااوران کے لیے دردناک عذاب ہے۔
پیٹ میںآگ بھرنے سے مرادیہی حرام کی کمائی رشوت ہے۔
عہدنبوت میں خیبرکے یہودیوں سے زمین آدھے آدھ پیداوارپرمصالحت ہوئی تھی،جب پیداوارکی تقسیم کاوقت آتاتوآں حضرت صلی اللہ علیہ وسلم حضرت عبداللہ بن رواحہ رضی اللہ عنہ کوبھیجتے،وہ ایمانداری سے پیداوارکے دوحصے کردیتے تھے اورکہہ دیتے تھے کہ ان دومیں سے جوچاہولے لو، یہودیوں نے اپنی عادت کے مطابق ان کوبھی رشوت دینی چاہی،آپس میں چندہ کرکے اپنی عورتوں کے کچھ زیورات اکٹھے کیے اورکہاکہ یہ قبول کرو،اوراس کے بدلہ تقسیم میں ہماراحصہ بڑھادو،یہ سن کرحضرت عبداللہ بن رواحہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا:’’اے یہودیو!خداکی قسم تم خداکی ساری مخلوق میں مجھے مبغوض ہو،لیکن یہ مجھے تم پرظلم کرنے پرآمادہ نہیں کرسکتااورجوتم نے رشوت پیش کی ہے وہ حرام ہے،ہم(مسلمان)اس کونہیں کھاتے۔‘‘یہودیوں نے ان کی تقریرسن کرکہاکہ’’یہی وہ انصاف ہے جس سے آسمان وزمین قائم ہیں۔‘‘(موطاامام مالک،کتاب المساقاۃ)
عاملین زکوٰۃ کاہدیہ یانذرانہ قبول کرنا:
آں حضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے عمال کورعایاسے ہدیہ اورتحفہ قبول کرنے کی ممانعت فرمائی ہے(ابوداؤد،کتاب الاقضیہ)،ایک دفعہ ایک عامل نے آکرکہاکہ یہ صدقہ کامال ہے اوریہ مجھے ہدیہ میں ملاہے،یہ سن کرآں حضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے منبرپرکھڑے ہوکرتقریرکی،حمدوثناکے بعدفرمایا:
’’عامل کاکیاحال ہے کہ ہم اس کوبھیجتے ہیں توآکرکہتاہے کہ یہ تمہاراہے اوریہ میراہے،تواپنے باپ یاماں کے گھرمیں بیٹھ کرنہیں دیکھتاکہ اس کوتحفے ملتے ہیںیانہیں،قسم ہے اس ذات کی جس کے ہاتھ میں میری جان ہے،وہ اس میں سے جولے جائے گاوہ قیامت میں اپنی گردن پرلادکرلائے گا، اونٹ،گائے،بکری جوہو،پھرآپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے دونوں ہاتھ اٹھاکرتین بارفرمایا:’’خداوند!میں نے پہنچادیا۔‘‘(صحیح بخاری،باب ہدایاالعمال)
اس حدیث پہ غورکریں اورموجودہ دورکے عمال(یعنی مدرسہ اورملی تنظیموں کے عاملین زکوٰۃ ) پرنظرڈالیں،کہ جب وہ رمضان میں سفرسے واپس اپنے گھروں کولوٹتے ہیں توان کے پاس ہدایاوتحائف کی کتنی بڑی تعدادہوتی ہے بالخصوص مہتمم ،نظماء اورسکریٹری حضرات،پھرفیصلہ کریں کہ ان کایہ ہدایا اور تحائف
قبول کرنامذکورہ حدیث کی روشنی میں کیساہے؟
رشوت کی برائی قرآن میں:
رشوت کی ممانعت میں قرآن کریم کی ایک اورآیت صریح طورپردلالت کرتی ہے:
ولاتاکلوااموالکم بینکم بالباطل وتدلوابہاالی الحکام لتاکلوافریقامن اموال الناس بالاثم وانتم تعلمون
البقرۃ:۱۸۸)
تر جمہ:اورنہ کھاؤ مال ایک دوسرے کاآپس میں ناحق اورنہ پہونچاؤ ان کوحاکموں تک کہ کھاجاؤ کوئی حصہ لوگوں کے مال میں سے ظلم کرکے(ناحق)ا ورتم کومعلوم ہے۔
علامہ ابن کثیرنے اس آیت کی تفسیربیان کرتے ہوئے لکھاہے کہ یہ آیت ایسے شخص کے بارے میں ہے جس کے پاس کسی کاحق ہو،لیکن حق والے کے پاس ثبوت نہ ہو،اس کمزوری سے فائدہ اٹھاکروہ عدالت یاحاکم مجازسے اپنے حق میں فیصلہ کروالے اوراس طرح دوسرے کاحق غصب کرلے۔یہ ظلم ہے اورحرام ہے۔عدالت کافیصلہ ظلم اورحرام کوجائزاورحلال نہیں کرسکتا۔یہ ظالم عنداللہ مجرم ہوگا۔(ابن کثیر)
مفتی اعظم پاکستان مفتی شفیع صاحب رحمۃ اللہ علیہ آیت مذکورہ کی تفسیرمیں حلال وحرام کے اسباب کی وضاحت کرتے ہوئے لکھتے ہیں:’’شریعت اسلام میں جتنے معاملات باطل یافاسداورگناہ کہلاتے ہیں ان سب کی وجہ یہی ہوتی ہے کہ ان میں وجوہ مذکورمیں کسی وجہ سے خلل ہوتاہے،کہیں دھوکہ فریب ہوتاہے،کہیں نامعلوم چیزیانامعلوم عمل کامعاوضہ ہوتاہے،کہیں کسی کاحق غصب ہوتاہے،کہیں کسی کونقصان پہونچاکراپنانفع کیاجاتاہے،کہیں حقوق عامہ میں ناجائزتصرف ہوتاہے،سود،قماروغیرہ کوحرام قراردینے کی اہم وجہ یہ ہے کہ وہ حقوق عامہ کے لیے مضرہیں،ان کے نتیجہ میں چندافرادپلتے بڑھتے ہیں، اور پوری ملت مفلس ہوتی ہے،ایسے معاملات فریقین کی رضامندی سے بھی اس لیے حلال نہیں کہ وہ پوری امت کے خلاف ایک جرم ہے،آیت مذکورہ ان تمام ناجائزصورتوں پرحاوی ہے۔‘‘(معارف القرآن:۱؍۴۵۹)
یہ آیت اپنے ترجمہ کے لحاظ سے رشوت کی ممانعت میں صاف وصریح ہے۔کیوں کہ رشوت بھی ایک ایساعمل ہے جس کااثرحقوق عامہ پربراہ راست پڑتاہے،اوراس کی وجہ سے حق دارکاحق ماراجاتاہے۔
موجودہ دورمیں رشوت کااطلاق کن چیزوں پرہوگا؟
اب یہاں پرایک سوال پیداہوتاہے کہ موجودہ دورمیں کن طریقوں کورشوت کہیں گے،تواس کاسیدھااورآسان جواب یہ ہے کہ مذکورہ بالا احادیث اورقرآنی آیتوں کی روشنی میں ہروہ لین دین جوشریعت کے خلاف ہو،اورکسی کاحق مارنے کے لیے ہویااسی طرح غیرشرعی افعال کوانجام دینے کے لیے کچھ لیایادیاجارہاہووہ سب کاسب رشوت کے دائرہ میںآے گا۔
مثلاً:اس وقت ذرائع ابلاغ سب سے مؤثراورطاقتورذریعہ ہے اپنی بات لوگوں تک پہونچانے اوراپنے مقاصدکوحاصل کرنے کا۔توہروہ شخص جو غیرشرعی طورپراپنی بات اخبارمیں شائع کرانے کے لیے یااپنے کسی مدمقابل کونیچادکھانے کے لیے کوئی خبراخبارمیں شائع کراتاہے اورظاہرہے کہ اس طرح کی خبریں جوشخصی ہوتی ہیں اخباروالے بھی بغیرکچھ لیے دیے شائع نہیں کرتے تویہ دینااوراخباروالے کالینادونوں شرعاًبھی حرام ہیں اورصحافتی وقانونی نقطۂ نظرسے بھی حرام ہے۔یہ توایک چھوٹی سی مثال تھی،آج کی دنیامیں قدم قدم پررشوت کاسامناکرناپڑتاہے،اوراس کاچلن سب سے زیادہ سرکاری دفاتر اور محکموں میں دیکھنے کوملتاہے اوریہ جگہیں ایسی ہیں جہاں ایک نیک اوردین دارشخص کوبھی اپناحق حاصل کرنے کے لیے رشوت کاسہارالینا پڑتاہے، کیوں کہ اگروہ رشوت نہیں دیتے ہیں تووہ اپنے حق سے محروم رہ جائیں گے،ایسے معاملات میں جہاں اپناحق حاصل کرنے کے لیے بہ جبرواکراہ رشوت دینی پڑتی ہے اسے توفقہاء نے کسی حدتک جائزقراردیاہے لیکن رشوت لیناہرحال میں حرام اورناجائزہے۔
آپ سوچ رہے ہوں گے کہ میں نے سب سے پہلی شکل صحافت کی کیوں بیان کی تواس کی وجہ یہ ہے کہ اس وقت سب سے زیادہ رشوت کاچلن سماج کے اسی شعبہ میں پایاجارہاہے اورجسے ہم صحافت یا اس سے زیادہ قوم کی ہمدردی حاصل کرنے کے لیے اردوکی خدمت کانام دے کرصحافیوں کی مٹھی گرم کردیتے ہیں اوروہ بھی ان کی تعریف میں زمین وآسمان کے قلابے ملادیتے ہیں تویادرکھیں کہ یہ لین دین دونوں قطعاًحرام ہیں اوراسی طرح اس لین دین کے درمیان جوآئے گاوہ بھی اس حرام کاری میں برابرکاشریک ہوگا۔
اس کے علاوہ ایک بات اورہے جس پہ ہمیں غورکرنے کی ضرورت ہے کہ کہ کبھی کبھی ہم ایسی جگہ بھی رشوت کی پہل کرتے ہیں جہاں اس کی چنداں ضرورت نہیں ہوتی ہے،اورہمارے دینے کی وجہ سے سامنے والایہ سوچ کرلے لیتاہے کہ اس میں میراکیاگناہ ہے،میں مانگ تھوڑاہی رہاہوں،لیکن اس وقت یہ دینالینے سے کہیں زیادہ حرام ہے۔اورکبھی ایسابھی ہوتاہے کہ ہم دیتے توہیں رشوت لیکن اسے مزدوری کاخوشنمارنگ دے کرسامنے والے کوبھی گمراہ کردیتے ہیں۔
جان یامال پرخوف کی وجہ سے رشوت دینے کی گنجائش ہے:
آخرمیں رشوت دینے اورلینے سے متعلق فقیہ العصرحضرت مولاناخالدسیف اللہ رحمانی مدظلہ العالی کی ایک عبارت نقل کرناچاہتاہوں جس میں انہوں نے علامہ ابن نجیم کے حوالہ سے رشوت لینے اوردینے کی حرمت بیان کی ہے،مزیدیہ کہ رشوت دینے کی گنجائش کن صورتوں میں ہوسکتی ہے ؟
’’رشوت لیناجس طرح حرام ہے اسی طرح اصولی طورپررشوت کادینابھی حرام ہے،اس سلسلہ میں فقہاء کے یہاں ایک متفق علیہ اصول ہے کہ جس چیز کا لینا جائزنہیں اس کادینابھی جائزنہیں۔’’ماحرم أخذہ حرم اعطاء ہ‘‘البتہ چوں کہ رشوت لیناکبھی بھی مجبوری نہیں بن سکتی اوررشوت دینابعض دفعہ مجبوری بن جاتی ہے۔اس لیے فقہاء نے ضرورت اورمجبوری کے مواقع پررشوت دینے کی اجازت دی ہے اوراس سلسلہ میں حضورصلی اللہ علیہ وسلم کے اس عمل کوپیش نظررکھاہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم بعض دفعہ شرپسندشعراء کواس لیے کچھ دیاکرتے تھے کہ وہ بے ہودہ ہجوپرمبنی اشعارکہنے اور مسلمانوں کوبدنام کرنے سے اجتناب کریں۔
رشوت دینے کی گنجائش کب ہوگی؟اس سلسلہ میں فقہاء نے یہ اصول متعین کیاہے کہ اگررشوت نہ دے توناحق طریقہ پراس کوجانی یامالی نقصان کا اندیشہ ہویایہ اندیشہ ہوکہ جس ذمہ دارکے پاس اس کی درخواست زیرغورہے وہ اس کے ساتھ انصاف سے کام نہ لے گااوراس کے اوردوسرے امیدواروں کے درمیان مساویانہ سلوک روانہیں رکھے گا۔
علامہ ابن نجیم ؒ لکھتے ہیں:
’’الرشوۃ لخوف علیٰ نفسہ اومالہ اولیسوی امرہ عندالسلطان اوامیر‘‘(ردالمحتار:۴؍۳۴۰ بحوالہ جدیدفقہی مسائل:۱؍۳۰۰)
جان یامال پرخوف کی وجہ سے نیزاس لیے کہ سلطان یاامیراس کے ساتھ مساویانہ برتاؤ کرے رشوت دینے کی گنجائش ہے یہ ممنوع صورتوں سے مستثنیٰ ہے۔
اللہ ہمیں اس برائی سے محفوظ رکھے ۔آمین