امیر مینائی وصل ھو جائے يہيں، حشر ميں کيا رکھا ہے - امیر مینائی

فرخ منظور

لائبریرین
وصل ھو جائے يہيں، حشر ميں کيا رکھا ہے
آج کي بات کو کيوں کل پہ اٹھا رکھا ہے

محتسب پوچھ نہ تو شيشے ميں کيا رکھا ہے
پارسائي کا لہو اس ميں بھرا رکھا ہے

کہتے ہيں آئے جواني تو يہ چوري نکلے
ميرے جوبن کو لڑکپن نے چرا رکھا ہے

اس تغافل میں بھي سرگرمِ ستم وہ آنکھيں
آپ تو سوتے ہيں، فتنوں کو جگا رکھا ہے

آدمي زاد ھيں دنيا کے حسيں ،ليکن امير
يار لوگوں نے پري زاد بنا رکھا ہے
 

فاتح

لائبریرین
واہ فرخ صاحب کیا نایاب کلام ارسال کیا ہے۔ امیر مینائی کا کلام کم کم ہی ملتا ہے پڑھنے کو۔
 

فرخ منظور

لائبریرین
واہ فرخ صاحب کیا نایاب کلام ارسال کیا ہے۔ امیر مینائی کا کلام کم کم ہی ملتا ہے پڑھنے کو۔

جی قبلہ اس کم کم کو زیادہ میں بدلنے کی ہی کوشش ہے - :)
اقبال سے معذرت کے ساتھ
کئی سو سال سے ہیں‌ ہند کے میخانے بند
اب مناسب ہے ترا فیض عام ہو ساقی
 

فاتح

لائبریرین
ذیل کے مصرع کو دیکھیے گا:
وصل ہو جائے يہيں، حشر ميں کيا رکھا ہے​

اگر اسے یوں پڑھا جائے:
حشر ہو جائے يہيں، وصل ميں کيا رکھا ہے;)

تب بھی ایک خوبصورت مضمون برآمد ہوتا ہے۔ کیا خیال ہے؟
 

فرخ منظور

لائبریرین
ذیل کے مصرع کو دیکھیے گا:
وصل ہو جائے يہيں، حشر ميں کيا رکھا ہے​

اگر اسے یوں پڑھا جائے:
حشر ہو جائے يہيں، وصل ميں کيا رکھا ہے;)

تب بھی ایک خوبصورت مضمون برآمد ہوتا ہے۔ کیا خیال ہے؟

واہ واہ بہت خوبصورت بات کہی قبلہ اصولا" امیر مینائی کو ایسے ہی لکھنا چاہئے تھا - ;)
 

محمد وارث

لائبریرین
بہت شکریہ فرخ صاحب، ایک اور لا جواب غزل پوسٹ کی آپ نے امیر مینائی کی۔

اور یہ بات شاید غلط نہ ہو کہ جتنی خوبصورت شاعری 'اردو محفل' پر جمع ہو چکی ہے وہ نیٹ کی دنیا میں اور کہیں نہیں ہے۔ اور اس میں دیگر اعلیٰ شعری ذوق کے مالک اراکین کے علاوہ آپ کا بھی بھر پور ہاتھ ہے۔ سبحان اللہ۔



ذیل کے مصرع کو دیکھیے گا:
وصل ہو جائے يہيں، حشر ميں کيا رکھا ہے​

اگر اسے یوں پڑھا جائے:
حشر ہو جائے يہيں، وصل ميں کيا رکھا ہے;)

تب بھی ایک خوبصورت مضمون برآمد ہوتا ہے۔ کیا خیال ہے؟

واہ واہ واہ، لا جواب مضمون پیدا کیا آپ نے فاتح صاحب، لیکن نہ جانے کیوں جنت کے میٹھے میٹھے انگور 'یہاں' کھٹے کھٹے سے کیوں لگے مجھے۔ ;)
 

الف عین

لائبریرین
فرخ، امیر مینائی کا کلام یہاں جمع کرنے پر خَیال آیا کہ یہ اہم پروجیکٹ ہو سکتا ہے۔ علیم اور راشد تو تم نے ہی اپنے ہاتھ میں لے لیا تھا لیکن اس کو با جماعت انجام دیا جا سکتا ہے۔ کیا کلیات ہے تمہارے پاس۔ اس کو سکین کر کے کہیں اپ لوڈ کر دو۔ پھر دیکھو وارث بھی فورآدوڑتے ہیں اور شمشاد بھی۔ فرصت ملی تو میں بھی۔ خرم سے بھی کہا جا سکتا ہے، اور ضبط آج کل شادی کے بعد ضبط کئے ہیں ورنہ شاعری کے معاملے میں وہ وہاب اعجاز سے کم نہیں۔
کیا خیال ہے اہلِ محفل؟
 

محمد وارث

لائبریرین
بہت نیک خیال ہے اعجاز صاحب آپ کا، میں بساط بھر حاضر ہوں۔ مشکل یہ ہے کہ میرے پاس امیر مینائی کا کوئی خاص کلام نہیں ہے، فقط نقوش کے غزل نمبر میں آٹھ دس غزلیں ہیں جو میں پوسٹ کر سکتا ہوں۔
 

الف عین

لائبریرین
فرخ کے پاس کچھ ہوگا کلام۔ اگر دیوان یا کلیات ہے تو کیا کہنا۔ ماوراء کو لیڈر بنا کر کام شروع کیا جا سکتا ہے۔
 

فرخ منظور

لائبریرین
اعجاز صاحب نہیں ہے کوئی کلیات یہی تو افسوس ہے لیکن میں کوشش کرتا ہوں کہیں سے مل سکے - بہت شکریہ آپ سب کا -
 

مغزل

محفلین
ماشا اللہ خوب لڑی ہے ۔ امیر مینائی کا کلام ایک صاحب کے ہاں میں نے دیکھا ہے ۔ اگر وہ دیتے تو میں فاتح بھیا کو پہنچا دیتا ہوں تاکہ اسکین کر کے کام کیا جاسکے ۔
والسلام
 

فرخ منظور

لائبریرین
ماشا اللہ خوب لڑی ہے ۔ امیر مینائی کا کلام ایک صاحب کے ہاں میں نے دیکھا ہے ۔ اگر وہ دیتے تو میں فاتح بھیا کو پہنچا دیتا ہوں تاکہ اسکین کر کے کام کیا جاسکے ۔
والسلام

واہ واہ مغل صاحب۔ یہ تو بہت ثواب کا کام کریں گے۔
 

مغزل

محفلین
شکریہ فرخ بھائی ۔ مجھے کتاب مل گئی ہے ، میں فرصت ملتے ہی فاتح انکل کے ہاں پہنچا دیتا ہوں
 

فاتح

لائبریرین
شکریہ فرخ بھائی ۔ مجھے کتاب مل گئی ہے ، میں فرصت ملتے ہی فاتح انکل کے ہاں پہنچا دیتا ہوں

ارے واہ آپ کے کوئی انکل بھی میرے ہم نام ہیں۔ سبحان اللہ! کیا خوبصورت مرثیہ ہے۔;)
اور ہاں کیا آپ نے اپنے انکل سے پوچھ لیا کہ وہ یہ بار گراں اٹھانے کو تیار ہیں؟
 

مغزل

محفلین
صاحب آپ کی مجال کیا ہے ہمیں انکار کرسکیں ۔ آخر کو حبسِ بیجا میں بھی تو ہمیں ہی رکھا گیا تھا ناں ۔۔
( وہ پورا قضیہ ہم نے لکھ رکھا ہے انکار کی صور ت میں یہاں پیش کردیا جائے گا)
 

فاتح

لائبریرین
صاحب آپ کی مجال کیا ہے ہمیں انکار کرسکیں ۔ آخر کو حبسِ بیجا میں بھی تو ہمیں ہی رکھا گیا تھا ناں ۔۔
( وہ پورا قضیہ ہم نے لکھ رکھا ہے انکار کی صور ت میں یہاں پیش کردیا جائے گا)

یا خدا! یعنی کہ آپ کی مراد اس ناچیز سے تھی۔
آپ کتاب دے دیجیے قبلہ۔۔۔ اس بہانے کم از کم ایک کتاب تو ملے گی۔
بہرحال میں کوشش کر کے اسے سکین کرنے کی کوشش کے ارادہ کی کوشش کا ارادہ کرتا ہوں۔
 

فرخ منظور

لائبریرین
وصل ہو جائے يہيں، حشر ميں کيا رکھا ہے
آج کی بات کو کيوں کل پہ اٹھا رکھا ہے

محتسب پوچھ نہ تو شيشے ميں کيا رکھا ہے
پارسائی کا لہو اس ميں بھرا رکھا ہے

کہتے ہيں آئے جوانی تو يہ چوری نکلے
ميرے جوبن کو لڑکپن نے چرا رکھا ہے

دل سی شے گردِ کدورت میں ستم ہے کہ نہیں
ہائے کیا خاک میں ظالم نے ملا رکھا ہے

یاس گھیرے ہوئے ہے مجھ کو ہاں، کچھ کچھ
آسرا تیری لگاوٹ نے لگا رکھا ہے

کہتے ہیں میری بلا جانے ترا دل ہے کہاں
چور ہیں کیا مرے دشمن کہ چُرا رکھا ہے

خونِ عاشق کو اب دسترس اُس تک مشکل
مہندی نے پہلے ہی سے رنگ جما رکھا ہے

کہتے ہیں ناز کی لذت کا کچھ شکر نہیں
اور مزہ یہ ہے کہ نام اُس کا جفا رکھا ہے

ہیں تمہارے ہی تو جلوے کے کرشمے سارے
اُس کو کیا تکتے ہو، آئینے میں کیا رکھا ہے؟

ناز سے کشتۂ انداز کو پامال بھی کر
یہ ستم کس کے لیے تو نے اٹھا رکھا ہے

اس تغافل میں بھي سرگرمِ ستم وہ آنکھيں
آپ تو سوتے ہيں، فتنوں کو جگا رکھا ہے

آدمی زاد ہيں دنيا کے حسيں، ليکن امير
يار لوگوں نے پری زاد بنا رکھا ہے

(امیر مینائی)
 
Top