وفا کو جگمگانا چاہتے ہیں بسمل صابری

سیما علی

لائبریرین
وفا کو جگمگانا چاہتے ہیں
ہم اپنا دل جلانا چاہتے ہیں

ہمیں تم اپنے دامن میں چھپا لو
مسافر ہیں ٹھکانہ چاہتے ہیں

پرانے زخم بھر جانے سے پہلے
نئی اک چوٹ کھانا چاہتے ہیں

تمہاری یاد کے سیال موتی
مری پلکوں تک آنا چاہتے ہیں

درِ دل پر کھڑے ہیں غم ہزاروں
یہ پنچھی آشیانہ چاہتے ہیں

یہ آنکھیں اور بھر آتی ہیں بسمل
اگر ہم مُسکرانا چاہتے ہیں
 
آخری تدوین:
Top