ٹوٹ بٹوٹ کے مُرغے۔صُوفی غلام مصطفےٰ تبسم

فرحت کیانی

لائبریرین
ٹوٹ بٹوٹ کے مرغے

ٹوٹ بٹوٹ کے دو مُرغے تھے
دونوں تھے ہُشیار

اِک مُرغے کا نام تھا گیٹو
اِک کا نام گِٹار

اِک مُرغے کی دُم تھی کالی
اِک مُرغے کی لال

اِک مُرغے کی چونچ نرالی
اِک مُرغے کی چال

اِک پہنے پتلُون اور نیکر
اِک پہنے شلوار

اِک پہنے انگریزی ٹوپی
اِک پہنے دستار

اِک کھاتا تھا کیک اور بِسکٹ
اِک کھاتا تھا نان

اِک چباتا لونگ سپاری
ایک چباتا پان

دونوں اِک دن شہر کو نِکلے
لے کر آنے چار

پہلے سبزی منڈی پہنچے
پھر لنڈے بازار

اِک ہوٹل میں انڈے کھائے
اِک ہوٹل میں پائے

اِک ہوٹل میں سوڈا واٹر
اِک ہوٹل میں چائے

پیٹ میں جُوں ہی روٹی اُتری
مُرغے ہوش میں آئے

دونوں اُچھلے، ناچے، کُودے
دونوں جوش میں آئے

اِک بولا میں باز بہادُر
تُو ہے نِرا بٹیر

اِک بولا میں لگڑ بگھیلا
اِک بولا میں شیر

دونوں میں پھر ہُوئی لڑائی
ٹھی ٹھی ٹُھوں ٹُھوں ٹھاہ

دونوں نے کی ہاتھا پائی
ہی ہی ہُوں ہُوں ہاہ

اِک مُرغے نے سِیخ اُٹھائی
اِک مُرغے نے ڈانگ

اِک کے دونوں پنجے ٹُوٹے
اِک کی ٹُوٹی ٹانگ

تھانے دار نے ہنٹر مارا
چِیخے چُوں چُوں چُوں

ٹوٹ بٹوٹ نے گلے لگایا
بولے کُکڑوں کُوں


صُوفی غلام مصطفےٰ تبسم
 

فرخ منظور

لائبریرین
واہ واہ کیا خوبصورت نظم ہے اور میری پسندیدہ نظم - کئی بار میں نے یہ نظم پوسٹ کرنے کا سوچا لیکن پوسٹ کی نہیں - بہت شکریہ فرحت - :)
 
بہت دلچسپ نظم ہے۔۔۔ ابو کچھ سال پہلے ٹوٹ بٹوٹ والا پورا دیوان لائے تھے صوفی غلام مصطفی تبسم کا، ہر نظم ہی بہترین ہے۔
 

فرحت کیانی

لائبریرین
واہ واہ کیا خوبصورت نظم ہے اور میری پسندیدہ نظم - کئی بار میں نے یہ نظم پوسٹ کرنے کا سوچا لیکن پوسٹ کی نہیں - بہت شکریہ فرحت - :)

بہت دلچسپ نظم ہے۔۔۔ ابو کچھ سال پہلے ٹوٹ بٹوٹ والا پورا دیوان لائے تھے صوفی غلام مصطفی تبسم کا، ہر نظم ہی بہترین ہے۔

بہت بہت شکریہ۔ ٹوٹ بٹوٹ کی تمام نظمیں میری بھی پسندیدہ ہیں :)


بہت بہت شکریہ۔ :) میں نے اردو لائبریری کی سائٹ پر بھی یہ کتاب دیکھی تھی۔

جھولنے کتاب میں‌ یہ نظم نہیں‌ ہے - ٹوٹ بٹوٹ کی نظمیں نام کی کتاب میں یہ نظم ہے -

بجا کہا :)
بہت شکریہ سخنور!
 
Top