حفیظ تائب پائی نہ تیرے لطف کی حد سید الورٰی ﷺ

الف نظامی

لائبریرین
پائی نہ تیرے لطف کی حد سید الورٰی
تجھ پر فدا مرے اب و جد سید الورٰی
تیری ثنا ورائے نگاہ و خیال ہے
فخرِ رسل ، حبیب ِ صمد ، سید الورٰی
تو مہر لازوال سرِ مطلعِ ازل
تو طاقِ جاں میں شمعِ ابد سید الورٰی
عرفان و علم ، فہم و ذکا تیرے خانہ زاد
اےجانِ عشق ، روحِ خرد ، سید الورٰی
تو اک اٹل ثبوت خدا کے وجود کا
تو ہر دلیلِ کفر کا رد ، سید الورٰی
اہل جہاں کو ایسی نظر ہی نہیں ملی
دیکھے جو تیرا سایہ قد سیدالورٰیﷺ
گزرے جو اِس طرف سے وہ گرویدہ ہو ترا
یوں عنبریں ہو میری لحد سیدالورٰی
درکار مرگ و زیست کے ہر موڑ پر مجھے
تیری پناہ ، تیری مدد ، سید الورٰی
تائب کی یہ دعا ہے کہ اُس کی بیاضِ نعت
بن جائے مغفرت کی سند سید الورٰی
(حفیظ تائب رحمۃ اللہ علیہ)​
 

الف نظامی

لائبریرین
اہل جہاں کو ایسی نظر ہی نہیں ملی
دیکھے جو تیرا سایہ قد سیدالورٰیﷺ
 
آخری تدوین:
Top