پانچ خلفاء راشدین کے اقوال:

احسان اللہ

محفلین
پانچ خلفاء راشدین کے اقوال :
قول حضرت ابوبکررضی اللہ عنہ :
جو شخص بغیر تیاری کے قبر میں داخل ہوا ،گویا وہ بغیر کشتی کے سمندر میں داخل ہو گیا ۔
قول حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ :
دنیا کی عزت کا ذریعہ مال ہے اور آخرت کی عزت کا ذریعہ نیک اعمال ہیں ۔
قول حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ :
دنیا کا غم دل میں تاریکی لاتا ہے اور آخرت کا غم دل میں روشنی پیدا کرتا ہے ۔
قول حضرت علی رضی اللہ عنہ :
جو شخص علم (دین )کا طالب ہے ،جنت اسکی طلب میں ہوتی ہے اور جو شخص گناہ اور نافرمانی میں رہتا ہے ،جہنم اس کی تلاش میں رہتی ہے ۔
(المنبھات ،لابن حجر عسقلانی )
قول حضرت عمر بن عبد العزیز رحمۃ اللہ علیہ :
جس شخص کو کوئی نعمت ملی ،پھر واپس لے لی گئی ،لیکن اسے صبر کی توفیق دے دی گئی ،تو یہ صبر اس نعمت سے افضل ہے ۔
(سیرت عمر بن عبد العزیز ،لابن الجوزی )
توجہ طلب :
میں نے خلفاء راشدین میں پانچ حضرات کو شامل کیا ہے ،اسکی وجہ یہ روایت ہے :
حضرت سفیان ثوری رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں :
الْخُلَفَاءُ خَمْسَةٌ أَبُو بَكْرٍ، وَعُمَرُ، وَعُثْمَانُ، وَعَلِيٌّ، وَعُمَرُ بْنُ عَبْدِ الْعَزِيزِ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمْ
خلفاء پانچ ہیں ،ابو بکر ،عمر ،عثمان ،علی اور عمر بن عبد العزیز
(سنن ابو دائود ،کتاب السنۃ ،باب فی التفضیل )
از
احسان اللہ کیانی
 
Top