اسلام آباد (عمر چیمہ) اگرچہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ٹیکس ڈائریکٹری شائع کرنے کےاعلان کو میڈیا نے کم اہمیت دی مگر یہ آگے بڑھنے کی جانب نہایت اہم اور بڑاقدم ہے، قانون کی غلط تشریح کے ذریعے خفیہ راز قرار دے کر اہم معلومات کو پوشیدہ رکھنے کے ماضی کے عمل کو رخصت کرنے کا دلیرانہ فیصلہ ہے، پاکستان تمام ٹیکس دینے والوں کی سالانہ ڈائریکٹری شائع کرنے والا دنیا کا چوتھا ملک بن جائے گا، دیگر تین ملک سوئیڈن، فن لینڈ اور ناروے ہیں۔ اسحاق ڈار کا چھ ماہ میں یہ تیسرا بڑا پالیسی فیصلہ ہے جو اقتصادی اصلاحات کے لئے کیا ہے۔ قبل ازیں انہوں نے مختلف وزارتوں کے خفیہ فنڈز ختم کر دیئے اور بورڈ کے اجلاسوں میں شرکت کرنے والے سرکاری افسران کے الائونس میں کمی کر دی تھی۔ وزیر خزانہ نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جب مغربی ممالک کے حکام سے ملاقاتیں ہوئیں تو ان کا کہنا تھا کہ آپ کے تو ارکان پارلیمنٹ کے پاس بھی این ٹی این نمبر نہیں ہے، اس حوالے سے انہیں کوئی جانتا بھی نہیں کیونکہ آپ کوئی رپورٹ شائع نہیں کرتے۔ میں نے ایف بی آر کو گزشتہ جمعہ کو اپنی سوچ سے آگاہ کیا تھا کہ ہمیں ٹیکس ڈائریکٹری شائع کرنا ہو گی۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ انہوں نے پیر کو ایف بی آر حکام کے ساتھ اجلاس کیا جس میں ٹیکس ڈائریکٹری کی اشاعت کے لئے کام شروع کرنے کے لئے کہا گیا۔
http://beta.jang.com.pk/NewsDetail.aspx?ID=161671
http://beta.jang.com.pk/NewsDetail.aspx?ID=161671