پاک فوج بھارتی پالیسی سازوں کو روکنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے: اکانومسٹ

پاک فوج بھارتی پالیسی سازوں کو روکنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے: اکانومسٹ
لندن (نیٹ نیوز) برطانوی جریدے ”اکانومسٹ“ نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان امن کوششیںبداعتمادی کی فضا سے ناکام ہوتی ہیں۔ جریدے نے لندن کے کنگز کالج کے والٹر لیڈوگ کے تحقیقی مقالے کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ پاکستانی فوج بھارتی پالیسی سازوں کو روکنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے جو یہ سوچتے ہیں کہ پاکستان کے خلاف سٹرٹیجک کامیابیاں یا معمولی خطرے کے اضافے سے انتہائی موثر فضائی حملے کرسکتے ہیں، بھارت کی طرح پاکستان بھی جوہری طاقت ہے جو کسی بھی فوجی حساب کتاب کو یکسر تبدیل کرسکتا ہے۔ حالیہ گورداسپور حملے نے دونوں اطراف کے تعلقات کو دوبارہ برے ایام کی راہ پرلاکھڑا کیا ہے۔ پاکستان نے ان حملوں میں ملوث ہونے کی تردید کی،مگر کچھ بھارتی حلقے پاکستان کو مورد الزام ٹھہرانے پر لگے ہیں۔بھارت نے پاکستان پربھارتی پنجاب میں بدامنی کی کوشش کا الزام لگایا ہے۔ گورداسپورکا تازہ ترین حملے کاوقت واضح کرتا ہے کہ جب کبھی پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات بہتر ہونے لگتے ہیں، کوئی سپانسرشدہ دہشت گردی کا عمل دونوں ممالک کے زخموں کو دوبارہ ہرا کر دیتا ہے۔ بھارت میں یہ قیاس آرائیاں تھیں کہ اوفا میں دونوں وزرائے اعظم کی ملاقات صرف بین الاقوامی برادری کو دکھانے کیلئے تھی۔ بھارت کی طرف سے یہ کوشش امریکہ کو دکھانے کیلئے تھی کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ مسائل اور کشیدگی اس کی پیدا کردہ نہیں جبکہ پاکستان چین کو یہ دکھانا چاہتا تھا کیونکہ چین چاہتا ہے کہ افغانستان میں امن کیلئے پاکستان اور بھارت تعاون کریں اور اس کے لئے بھی کہ چین نے پاکستان میں 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے۔ بین الاقوامی رائے عامہ کے مطابق ثبوتوں کی کمی کی وجہ سے یہ اندازہ لگانا مشکل ہے کہ قصور وار کون ہے تاہم گورداسپور حملے پربھارت کا رد عمل نسبتاً کنٹرول میں ہے اور اس نے ابھی تک مجوزہ قومی سلامتی مشیر مذاکرات منسوخ نہیں کیے۔
 
Top