کاشفی
محفلین
پشاور … تحریک انصاف کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک اور حکومتی ترجمان شوکت یوسف زئی کو وزارت یا پارٹی میں سے ایک عہدہ اپنے پاس رکھنے کا مطالبہ کر دیا، وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کہتے ہیں کہ وزارت اعلیٰ چھوڑ سکتا ہوں پارٹی کا عہدہ نہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک اور حکومتی ترجمان شوکت یوسف زئی سے ایک عہدہ رکھنے کا مطالبہ تحریک انصاف کی سینٹرل ایگزیکٹوکمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت پارٹی کے چیئرمین عمران خان کر رہے تھے۔ ذرائع کے مطابق یہ مطالبہ اس لئے کیا گیا کہ زیادہ عہدہ رکھنے کی وجہ سے ان سے انصاف کرنا مشکل ہوسکتا ہے، تاہم طویل بحث مباحثے کے بعد وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے یہ کہنے سے بھی دریغ نہیں کیا کہ اگر ایک عہدہ رکھنا ضروری ہے تو وہ وزارت اعلیٰ کا عہدہ چھوڑ کر پارٹی کی مرکزی جنرل سیکریٹری شپ کا عہدہ اپنے پاس رکھنے کیلئے تیار ہیں۔ ذرائع کے مطابق پرویز خٹک کے ایک عہدے سے متعلق سی ای سی میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا جس پر دوبارہ اجلاس میں مزید بات چیت کی جائے گی۔