لاہور (پ ر) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر سنی اتحاد کونسل کے 30 مفتیان کرام نے اپنے اجتماعی شرعی اعلامیہ میں قرار دیا ہے کہ پولیو ورکرز پر حملے غیرشرعی اور اسلامی تعلیمات کے منافی ہیں، پولیو مہم میں رکاوٹ پیدا کرنا بدترین گناہ، سنگین جرم اور انسانیت دشمن عمل ہے جس کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کیلئے پولیو کے قطرے پلانا والدین کا شرعی، قانونی اور اخلاقی فرض ہے، پولیو کے قطرے پلانے میں دینی و شرعی اعتبار سے کوئی حرج نہیں کیونکہ پولیو ویکسین میں کسی بھی طرح کا کوئی حرام مادہ موجود نہیں بلکہ پولیو ویکسین انتہائی محفوظ دوا ہے، مذہب کی من مانی تشریح کے ذریعے پولیو کی مہم کے خلاف پرتشدد کارروائیاں خلاف اسلام ہیں، پولیو ورکرز ایک قومی خدمت سرانجام دے رہے ہیں اور صحت مند قوم کی تشکیل میں مثبت فریضہ کی ادائیگی میں مصروف ہیں جو گمراہ لوگ لاکھوں بچوں کے اپاہج بن جانے کے خطرات پیدا کررہے ہیں وہ اللہ کے عذاب کو دعوت دیتے ہیں۔ شرعی اعلامیہ میں والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ منفی پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں اور بچوں کو موذی مرض اور زندگی بھر کی معذوری سے بچانے کیلئے انہیں پولیو کے قطرے پلائیں اور پوری قوم پولیو کے خاتمے کی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے، پولیو ویکسین معذور نہیں کرتی بلکہ معذوری سے بچاتی ہے۔ شرعی اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں 2013 میں 2012کے مقابلے میں پولیو کا شکار ہونے والوں کی تعداد بڑھی ہے، قابو نہ پایا گیا تو پاکستانیوں پر بین الاقوامی سفر کرنے پر پابندیاں عائد ہوسکتی ہیں۔ شرعی اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کی تلاش کیلئے ڈاکٹر شکیل آفریدی کے استعمال نے پولیو کے خلاف مہم کو نقصان پہنچایا اور حکومت ابھی تک عوام کے ذہنوں سے یہ تاثر زائل کرنے میں ناکام رہی ہے کہ ایبٹ آباد میں جو کچھ ہوا اس کا پولیو سے کوئی تعلق نہیں۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ تین سال کے دوران 30سے زائد پولیو ورکرز کی شہادتیں قابل مذمت ہیں۔ انسداد پولیو مہم میں میڈیا، علماء، سیاسی کارکنوں، سول سوسائٹی اور سماجی تنظیموں سمیت سیکورٹی اداروں کو مشترکہ طور پر حصہ لینا ہوگا تاکہ قوم کے محفوظ اور صحتمند مستقبل کو یقینی بنایا جاسکے۔
http://beta.jang.com.pk/NewsDetail.aspx?ID=165771
http://beta.jang.com.pk/NewsDetail.aspx?ID=165771