اسلام آباد (رپورٹ: خالد مصطفیٰ) وزیراعظم نواز شریف کی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی یکساں قیمتوں کے میکانزم کو ختم کر دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت پیٹرولیم و قدرتی وسائل کے اعلیٰ حکام کے مطابق اب پیٹرولیم مصنوعات اور خصوصاً پیٹرول کے لئے مختلف قیمتوں کا میکانزم اختیار کرنے کے لئے ذہن بنا لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کی طرح حکومت نے پہلے مرحلے میں پیٹرول پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈیلرز کے مارجن کو ڈی ریگولیٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس موضوع پر کام شروع کر دیا گیا ہے اور وزارت کے اعلیٰ ترین ذمہ دار کی ہدایت پر سمری تیار کی جا رہی ہے جو منظوری کے لئے اقتصادی رابطہ کمیٹی میں پیش ہوگی۔ موجودہ میکانزم کے تحت حکومت قیمتوں میں اضافہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے لئے مارجن 1.98 روپے اور ڈیلرز کے لئے 2 روپے فی لیٹر تک محدود رکھ کر صارفین کو بچاتی رہی ہے۔ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا مارجن بڑھا کر 4 روپے فی لیٹر کرنے کے لئے دبائو ہے تو وہیں ڈیلرز بھی عدم اضافے کی صورت میں ہڑتال کی دھمکی دے رکھی ہے تاہم کسی اضافے کے بجائے اب حکومت نے او ایم سی اور ڈیلرز دونوں کے لئے مارجن کو ڈی ریگولیٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے او ایم سیز اور ڈیلرز میں مقابلے کا رجحان بڑھے گا۔ اس طرح وہ مختلف مارجن اور قیمتوں کے تحت ہر شہر میں پیٹرول فروخت کر سکیں گے۔ کھلے مقابلے کے باعث او ایم سیز اور ڈیلرز کم مارجن پر کام کریں گے جس کا فائدہ صارفین کو پہنچے گا۔ اگر کسی کمپنی کے پیٹرول کی طلب زیادہ ہوگی تو وہ اپنا مارجن کم اور دیگر صورت میں بڑھا دے گی۔ دیگر سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول پر مارجن ڈی ریگولیٹ کرنے سے مخصوص او ایم سیز اور ڈیلرز کی اجارہ داری کو فروغ ملے گا جس سے انہیں پیٹرول پر زیادہ سے زیادہ مارجن لینے سے روکا نہیں جا سکے گا۔
http://beta.jang.com.pk/NewsDetail.aspx?ID=169459
http://beta.jang.com.pk/NewsDetail.aspx?ID=169459