پی آ ئی اے کے 20ملازمین کا مفت حج

پی آ ئی اے کے 20ملازمین کا مفت حج
ایک کروڑ الاؤنس بھی وصول کرینگے پی آئی اے ترجمان کا تبصرے سے گریز

کراچی(احسن چوہدری) پی آئی اے انتظامیہ نے سیاسی دباؤ میں آ کر ائیرلائن کے بیس ملازمین کو پی آئی اے کے خرچ پر حج پر بھیج دیا۔ ساتھ ہی ائیرلائن کو ایک کروڑ روپے کا ٹیکہ بھی لگ گیا جو ڈیوٹی الاؤنس کی مد میں یہ ملازمین وصول کریں گے۔یہ ملازمین 17 ستمبر کو ائیرلائن کے قبل از حج آ پریشن کے آ خری روز سعودی عرب گئے ہیں۔ رابطہ کرنے پر پی آئی اے کے ترجمان نے اس بارے میں فوری طورپر کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔ائیر لائن ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تمام افراد پی آئی اے کے ملازم ہیں اور ان کو سی بی اے یونین کی سفارش پر بھیجا گیا ہے چونکہ حج آپریشن کیلئے سعودی عرب کا ورک ویزا ملنا بند ہوگیا تھا ۔ اس لئے ایوی ایشن ڈویژن کی سفارش پر وفاقی وزارت مذہبی امور نے ان کیلئے حج ویزے کا انتظام کردیا ۔حج ویزا ہونے کی وجہ سے پی آئی اے ان بیس افراد سے جدہ میں ڈیوٹی نہیں لے سکے گی یہ تمام افراد سعودی عرب میں 32 دن تفریح کریں گے اور واپسی پر بغیر ڈیوٹی کئے فی کس پانچ لاکھ روپے الاونس بھی وصول کریں گے اور اگر ان میں سے کسی نے چاہا تو سرکاری خرچ پر حج بھی ہوجا ئے گا۔ کیونکہ حج اور معلم فیس کی مد میں پی آئی اے نے فی کس 35ہزار روپے الگ سے ادا کئے ہیں۔ حج آپریشن کیلئے پی آئی اے نے سوا سو ملازمین پہلے ہی سعودی عرب بھیج رکھے ہیں۔پی آ ئی اے کے ترجمان سے اس خبر کے حوالے سے کمنٹس کے لئے رابطہ کیا گیا تاہم انہوں نے کہا کہ وہ کچھ دیر میں اس پر تبصرہ کریں گے ان کی کال کا رات دیر تک انتظار کیا جاتا رہا تاہم انہوں نے کوئی رابطہ نہیں کیا جس سے اس بات کو تقویت ملتی ہے کہ خبر درست ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔
روزنامہ جنگ۔۔۔۔ مورخہ: 24 ستمبر 2015ء
 
Top