پی ٹی آئی کے چیئرمین کھلی سماعت ہضم نہیں کر پا رہے، جسٹس وجیہہ

پی ٹی آئی کے چیئرمین کھلی سماعت ہضم نہیں کر پا رہے، جسٹس وجیہہ
اسلام آباد (انصار عباسی) جسٹس (ر) وجیہہ الدین احمد کی زیر قیادت پی ٹی آئی کے ٹریبونل نے پاکستان تحریک انصاف کی پوری قیادت کو بتایا ہے کہ پارٹی ’’نیا پاکستان‘‘ پر یقین رکھتی ہے لیکن پارٹی میں کوئی چیز ’’موجودہ پاکستان‘‘ سے مختلف نہیں۔ ٹریبونل کو تحلیل کرنے کے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے نوٹیفکیشن کا جواب دیتے ہوئے، جسٹس وجیہہ نے دوٹوک انداز میں یہ بنیادی سوال اٹھایا کہ کیا ہم نے بہتری کیلئے پاکستان کو تبدیل کرنے سے پہلے خود کو تبدیل کیا ہے؟ جس دن 26 فروری 2000؁ کو جنرل پرویز مشرف سپریم کورٹ میں کاٹ چھانٹ کر رہے تھے، اس وقت سرحد پار بھارت اپنا یومِ جمہوریہ منا رہا تھا، اسی طرح ہم بھی جس دن 25 اپریل 2015؁ کو اپنی پارٹی کا یومِ تاسیس منا رہے تھے اسی دن ہم نے اپنی ہی پارٹی کے الیکشن کو ختم کیا ہے۔ ٹریبونل کے فیصلوں کے حوالے سے پارٹی قیادت کی جانب سے اقدامات نہ کرنے کے حوالے سے جسٹس وجیہہ نے لکھا ہے کہ پی ٹی آئی دعویٰ کرتی ہے کہ وہ آئندہ حکومت بنانے والی جماعت ہے۔ یہ نیا پاکستان پر یقین رکھتی ہے۔ یہ جماعت موجودہ پاکستان سے کس طرح مختلف ہے؟ وجیہہ الدین کی راہے کہ ٹریبونل کی کارگزاری بااثر افراد کے مفادات کی بھینٹ چڑھ گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریبونل نے چیئرمین کے ساتھ نجی ملاقات سے بھی انکار کیا ہے۔ ٹریبونل نے انہیں پیش ہونے کیلئے کہا تھا لیکن چیئرمین کو سات روز کا پیشگی نوٹس ملنے کے باوجود وہ پیش نہیں ہوئے۔ تاہم، چیئرمین چاہتے تھے کہ ٹریبونل اسلام آباد پہنچ کر دروازے پر انصاف فراہم کرے یا پھر ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ان کا موقف سنے۔ ٹریبونل کو یہ قبول نہیں۔ اس کے بدلے چیئرمین کو متبادل طریقہ کار بتایا گیا کہ وہ ٹریبونل کے اخراجات (یہ رسمی ہے کیونکہ ٹریبونل نے اپنے وجود کے بعد سے ادائیگی کے حصول کیلئے ایک روپیے کا بل پیش کیا اور نہ رقم کا کوئی دعویٰ کیا ہے) پر اپنی پسند کے کراچی کے کسی بھی ہوٹل میں تشریف لائیں اور وہاں کانفرنس حال میں عوامی سماعت میں پیش ہوں۔ لیکن چیئرمین کو عوامی سماعت ہضم نہیں ہو رہی۔ اس کے بعد انہوں نے چیئرمین عمران خان کو یاد دلایا کہ کس طرح ملک کی آزاد عدلیہ کا گلا گھونٹنے کی کوشش کی گئی ہے، پی ٹی آئی کی قیادت نے جس تبدیلی کا وعدہ کیا تھا اس کیلئے خود کو تبدیل نہیں کیا۔ وجیہہ الدین نے لکھا ہے کہ اسلئے کہ پاکستان کے سابقہ حکمران غلام محمد نے آزاد آئین ساز ادارے (آئین ساز اسمبلی) کو خاطر میں نہ لایا، اور اسے لیپٹ دیا۔ اس حوالے سے فیڈرل کورٹ (جس کی پیش رو سپریم کورٹ تھی) کو فتح کرکے غیر قانونی اقدام کا مظاہرہ کیا گیا۔ ایسی حربے زیادہ عرصہ تک کارآمد ثابت نہیں ہوتے۔ 1958 میں ایوب خان آئے اور سپریم کورٹ کو فتح کرکے اپنا قانونی جواز پیدا کیا (دوسو کیس)۔ 1978؁ میں جنرل ضیاء الحق نے اس وقت کے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کو بلیک میل کیا اور اپنی بچت کا راستہ ڈھونڈا (نصرت بھٹو کیس)۔ چونکہ ضیا الحق اپنے ہی منتخب کردہ ججوں سے مطمئن نہیں تھا اسلئے اس نے 1981؁ میں عبوری آئینی حکم (پی سی او) جاری کیا۔ پرویز مشرف نے 2000؁ میں اپنا پی سی او جاری کیا۔ 26 فروری 2000؁ کو پرویز مشرف نے 13 رکنی سپریم کورٹ کی کاٹ چھانٹ کر کے صرف 7 ججوں کو رکھا، اپنی پسند کے جج رکھے اور اپنا قانونی جواز بنائے رکھا (ظفر علی شاہ کیس)۔ جس طرح ضیا الحق کا 1981؁ میں اپنے ججوں کے حوالے سے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا اسی طرح پرویز مشرف نے 3 نومبر 2007؁ کو سپریم کورٹ کو لپیٹنے کی کوشش کی، جس کی وجہ سے وہ تحریک شروع ہوئی جس میں چیئرمین عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف پیش پیش تھے۔ جس کے بعد عدلیہ کی بحالی عمل میں آئی۔ تاریخ کے ان واقعات کا جائزہ لیتے ہوئے سوال یہ ہے کہ کیا ہم نے بہتری کیلئے پاکستان کو تبدیل کرنے کی بجائے خود کو تبدیل کیا ہے؟ انہوں نے عمران کان کی جانب سے ٹریبونل کو تحلیل کرنے کیلئے جاری کردہ احکامات کو ’’مبینہ نوٹیفکیشن‘‘ قرار دیا اور 22 مارچ 2015؁ کو نام نہاد کور کمیٹی کے 38ویں اجلاس کا حوالہ دیا جس میں ٹریبونل کے فیصلوں کو قبول کرتے ہوئے فیصلہ کیا تھا کہ تمام پارٹی عہدے تحلیل /منسوخ ہو چکے ہیں، پی ٹی آئی کے پارٹی الیکشن کیلئے آئندہ 48 گھنٹوں میں الیکشن کمشنر مقرر کیا جائے گا اور اس کے بعد نئے الیکشن کمشنر چیئرمین کے ساتھ مشاورت کے بعد الیکشن کمیٹی تشکیل دیں گے جس کے بعد الیکشن کے معاملات طے کیے جائیں گے۔ چیئرمین نے نامزدہ کردہ عہدیداروں کو ان کے عہدوں پر مقرر کر دیا ہے تاوقتیکہ الیکشن کمشنر کی جانب سے الیکشن شیڈول کا اعلان ہوجائے اور ایسا اس لئے کیا گیا ہے کیونکہ پارٹی موجودہ بہائو اور تیزی سے تبدیل ہوتے سیاسی منظر نامے کا مقابلہ پیدا ہونے والے خلا سے نہیں کر سکتی۔ وجیہہ الدین نے نام نہاد کور کمیٹی کے نکات کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ ایس جی (جہانگیر ترین) کو جاری کیے گئے اظہار وجوہ کے نوٹس پر چیئرمین نے کہا کہ ایس جی کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات چیئرمین کے فیصلوں کے عین مطابق تھے۔ کور کمیٹی نے قرار دیا کہ ایس جی نے کور کمیٹی سے مشاورت کے بعد چیئرمین کے فیصلوں کے مطابق اقدامات کیے اور صرف انہیں فیصلوں کے حوالے سے مورود الزام قرار نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کور کمیٹی کے نکات کا جائزہ لیا جائے تو ٹریبونل کو 22 مارچ 2015؁ کو تحلیل نہیں کیا گیا کیونکہ درحقیقت 24 مارچ 2015؁ کو بغیر دستخط کے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے ذریعے اسے تحلیل کیا گیا۔ اس نوٹیفکیشن کو اب ایک اور نوٹیفکیشن سے تبدیل کر دیا گیا ہے جس میں چیف الیکشن کمشنر کے تقرر اور شرائط کار کا ذکر موجود ہے (جو اصل میں کافی دیر بعد جاری کیا گیا)۔ کیا ہمیں ریکارڈ کے ساتھ چھیڑ خانی کا سامنا ہے؟ انہوں نے مزید کہا کہ سابقہ تاریخ میں (22 مارچ 2015) کو کی جانے والی تحلیل کا مقصد تھا: اس وقت غیر قانونی کور کمیٹی کو تحفظ دینا، بیک وقت پارٹی عہدیداروں کے عہدے تحلیل (جنہیں الیکشن ٹریبونل کی جانب سے ہٹایا گیا تھا) اور انہیں دوبارہ مقرر کرنا اور الیکشن ٹریبونل کی جانب سے مقرر کردہ تین ماہ کے وقت کو نظر انداز کرنا تھا۔ ان باتوں سے اندازہ ہوتا ہے کہ ذاتی مفادات کا انتہائی حد تک تحفظ کیا گیا اور چار و ناچار ٹریبونل کے فیصلوں کو قبول کیا گیا۔ اس کے باوجود جہاں ممکن ہوا کاٹ چھانٹ کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ لہٰذا جس طرح ٹریبونل نے کہا تھا اسی طرح قائم مقام عہدیداروں کو مقرر نہیں کیا گیا۔ عدم احتساب کا سلسلہ 18 مارچ 2015 سے جاری ہے، تین ماہ کا الیکشن عرصہ تیزی سے گزرتا جا رہا ہے۔ لیکن کسے پروا ہے، جن لوگوں نے الیکشن میں حصہ لینا تھا وہ مورچہ بند ہو چکے ہیں اور بظاہر غیر معینہ مدت تک کیلئے اپنے عہدوں پر ہی رہیں گے۔ جسٹس وجیہہ الدین نے دلیل دی کہ این اے 246 پر افسوس ناک شکست ہوئی ہے۔ کنٹونمنٹ کے الیکشن میں بھی ممکنہ طور پر کوئی خاص نتیجہ نہیں ہوگا۔ چونکہ ٹریبونل کے احکامات کو نہ مان کر خیبرپختونخوا کے پارٹی عہدیداروں نے قائم مقام عہدیداروں کو جگہ نہیں دی جس کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات کیلئے نامزدگیوں سے ایسے نتائج کی پیشگوئی ہو سکتی ہے جو پریشان کن ہیں۔ ٹریبونل کے کردار کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ٹریبونل اب تک کر کیا رہا ہے؟ یہ صرف اور صرف پارٹی کو جمہوری رنگ دے رہا ہے۔ اندازہ ہے کہ اس میں کسی کے مفادات کو نقصان ہوا ہے۔ وہ موجودہ عہدیداران جنہیں قائم مقام عہدیداروں کیلئے جگہ چھوڑنا چاہئے تھی وہ اپنی جگہ پر قائم ہیں۔ دوسری جانب، ان میں میں کچھ عہدیداروں، جو عملدرآمد کے عمل میں شامل ہیں، کو ٹریبونل کی طرف سے نوٹس مل چکا ہے۔ تو اس سے نکلنے کا آسان حل کیا ہے؟ ٹریبونل کو فتح کرنا؟ ٹریبونل چیئرمین کے ساتھ کسی بھی طرح کی نجی ملاقات کو مسترد کرتا ہے ۔۔۔۔ تو اس سے باہر نکلنے کا راستہ کیا ہے؟ وہی پرانا ڈھول بجا کر ٹریبونل کو تحلیل کرنا! جسٹس وجیہہ الدین نے مزید کہا کہ ٹریبونل نے اپنا کام خوش دلی سے شروع کیا تھا لیکن اس کی قدر نہیں کی گئی۔ ٹریبونل کے پاس دو متبادل راستے بچ جاتے ہیں: کم سے کم مزاحمت کا راستہ اختیار کیا جائے اور جس طرف دریا کا رخ ہے اسی سمت میں آگے بڑھا جائے، تاکہ وہ اپنا کام مکمل کرلے، جو اب تک نامکمل ہے۔ جیسا کہ پہلے ہی اس بات کا مشاہدہ کیا جا چکا ہے، جوڈیشل ٹریبونلز کو عملدرآمد کا ایک میکنزم تفویض کیا جاتا ہے۔ لہٰذا یہ ٹریبونل کا 17 اکتوبر 2014؁ کا آرڈر تھا جس میں عملدرآمد کی تاریخ دی گئی یعنی 18 مارچ 2015؁۔ چونکہ اس آرڈر پر عمل نہیں کیا گیا، ٹریبونل نے خود کو ملے ہوئے اختیارات کے تحت آخری آرڈر 18 مارچ 2015؁ کو جاری کیا۔ وجیہہ الدین نے ٹریبونل کے مشاہدات کا حوالہ دیا کہ ٹریبونل کو تحلیل کرنے کے متعلق مزید سوالات پر غور کرنا غیر ضروری لگتا ہے۔ معاملہ بہت ہی آسان ہے۔ اول، ٹریبونل نے اپنے 17 اکتوبر 2014؁ اور 18 مارچ 2015؁ کے آرڈر کے مطابق ایجنڈا ادھورا چھوڑا جس کی سمت واضح اور قابل شناخت تھی۔ با الفاظ دیگر ٹریبونل دونوں معاملات پر غور کر رہا تھا، ایک تو وہ جو اس کے سامنے تھا اور دوسرا اس پر عملدرآمد کرنے کا۔ اس طرح کی باڈی (ٹریبونل) کو اس طرح بے توقیر کرکے یا عجلت میں ختم نہیں کیا جا سکتا۔ مزید برآں، ایک ایسے وقت میں جب ٹریبونل پارٹی کے معاملات دیکھ رہا تھا اور نہ تو کور کمیٹی تھی اور نہ ہی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور نہ ہی ٹریبونل کے اپنے علاوہ کسی اور کسی طرح کی تنظیم موجود تھی اور نہ ہی پارٹی چیئرمین، پارٹی کے مختلف بازو، قائمہ کمیٹی برائے نظم و ضبط اور احتساب کا کوئی وجود تھا۔ قائم مقام اور الیکشن کمیشن کا معاملہ اس کے بعد آنا تھا، جس میں یہ سوال بھی اہم ہے کہ آیا قائم مقام عہدیداران منظر نامے میں شامل ہوئے ہیں یا نہیں (اس کا فیصلہ بھی ابھی ٹریبونل نے کرنا ہے) اور جہاں تک الیکشن کمیشن کا تعلق ہے تو ابھی تک صرف الیکشن کمشنر کو مقرر کیا گیا ہے جو انہیں دیئے گئے مشکل کام کا سامنا کر رہے ہیں۔ عدالتی اقدار کے مطابق، انتظامی لحاظ سے کوئی بھی مقدمہ اس وقت تک خارج یا ختم نہیں کیا جا سکتا جب تک ججز اس کی سماعت کر رہے ہوں۔ اور یہی وہ معاملات ہیں جو ٹریبونل کے زیر غور ہیں۔ دوم، ایک اور اصول بھی موجود ہے جو ٹریبونل کی نام نہاد تحلیل پر صادر آتا ہے۔ یہ پوری کارروائی بدنیتی پر مبنی ہے۔ یہ ایک طے شدہ اصول ہے کہ اگر اختیارات کو اس طرح استعمال کیا جائے کہ بظاہر تو وہ درست نظر آئے لیکن درحقیقت بلاجواز ہو، تو اسے اختیارات کا استعمال ہرگز نہیں کہا جاسکتا۔ یہاں، باضابطہ طور پر ٹریبونل کی نام نہاد تحلیل کے متعلق کوئی آرڈر جاری نہیں کیا گیا، نوٹیفکیشن تو دور کی بات ہے۔ مزید یہ کہ اس پورے عمل کے پیچھے وہی چہرے کار فرما تھے جہیں ٹریبونل خود ہٹانے کا کہہ چکی ہے اور یہی وہ لوگ ہیں جن سے اجلاس میں مشاورت کی جا رہی تھی۔ اس میں یہ حقیقت بھی شامل ہے کہ اس طرح کے اجلاس میں بھی ایسا دکھایا گیا کہ ٹریبونل کے احکامات کو قبول کیا جا رہا ہے۔ بدقسمتی سے، یہ صرف زبانی جمع خرچ تھا۔ کارروائی کوئی نہیں کی گئی۔ لہٰذا جس وقت ٹریبونل کی جانب سے کور کمیٹی اور سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کی تحلیل کے آرڈر کو قبول کیا گیا، اسی وقت کور کمیٹی کا اجلاس ہوا اور پارٹی عہدیداران اپنے پرانے عہدوں پر بدستور قائم رہے۔ ٹریبونل کے احکامات پر عملدرآمد کے حوالے سے کوئی کارروائی نظر نہیں آئے گی۔ سوم، ٹریبونل کو تمام تر اختیارات پارٹی کے چیئرمین کی جانب سے تفویض کیے گئے تھے۔ یہ اختیارات نئے اور مکمل تھے۔ کیا اس پس منظر کے تحت، کیا یہ اختیارات دینے والا خود پیچھے ہٹ جائے گا؟ کیا یہ بات اتنی ہی واضح ہے؛ یہ دیکھا جانا ابھی باقی ہے اور ان کئی وجوہات میں سے ایک تھی جس کیلئے ٹریبونل نے چیئرمین کا موقف معلوم کرنے کیلئے وقت دیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مختصر بات یہ ہے کہ ٹریبونل خود کو بھرپور طریقے سے فعال اور سرگرم محسوس کرتا ہے۔ بلاشبہ، چاہے کچھ بھی ہو، یہ ٹریبونل پارٹی کے وسیع تر مفاد میں کام کر رہا تھا اور اس بات کی کوشش کر رہا تھا کہ پارٹی کو اندر سے صاف کیا جائے تاکہ پارٹی قومی سطح پر کچھ کر دکھانے کے قابل ہو سکے۔ خود کو تفویض کردہ مینڈیٹ کے تحت ٹریبونل پارٹی کے وسیع تر مفاد میں کام جاری رکھے گا۔
 
اس خبر سے بات بالکل واضح ہوگئی کہ تحریک انصاف بھی اسی طرح کی ایک روائتی سیاسی جماعت ہے جیسی باقی ہیں۔
 
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ جسٹس (ر) وجیہہ الدین کا ٹریبونل اب وجود نہیں رکھتا، تحریک انصاف کے آئین میں الیکشن ٹریبونل کا ذکر نہیں ہے، انٹراپارٹی الیکشن میں شکایات کے ازالے کیلئے کور کمیٹی نے یہ ٹریبونل بنایا تھا، ٹریبونل کو ان چیزوں پر فیصلہ صادرنہیں کرنا چاہئے تھا جن کا انہیں اختیار نہیں تھا، ٹریبونل نے اپنا دائرہ اختیار اس حد تک بڑھادیا کہ شوکاز دینے شروع کردیئے، ٹریبونل کے سپرد جو کام کیا گیا تھا وہ انہوں نے کردیا، اس کے بعد چیئرمین اور پارٹی نے ٹریبونل تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا، ٹریبونل نے بہت سے ایسے احکامات صادر کیے جس کا پارٹی کے آئین میں کوئی ذکر نہیں ہے، ٹریبونل اپنے دائر ہ اختیار میں رہے، ٹریبونل پارٹی چیئرمین کو سفارشات ضرور دے سکتا ہے لیکن اپنے دائرہ اختیار سے باہر کام نہیں کرسکتا، پارٹی چیئرمین نے پارٹی مفاد میں جو ضروری سمجھا ٹریبونل کے وہ فیصلے انہوں نے مان لیے، جسٹس (ر) وجیہہ الدین یہ سب کچھ کسی سازش کے تحت نہیں کررہے، وجیہہ الدین اپنے مشاہدات چیئرمین کو بھیجیں کہ یہ برائیاں ہیں جن کے تدارک کی ضرورت ہے۔
مآخذ
 
عمران کے اس رویے کے بارے میں کیا کہا جائے؟
ٹریبونل نے انہیں پیش ہونے کیلئے کہا تھا لیکن چیئرمین کو سات روز کا پیشگی نوٹس ملنے کے باوجود وہ پیش نہیں ہوئے۔ تاہم، چیئرمین چاہتے تھے کہ ٹریبونل اسلام آباد پہنچ کر دروازے پر انصاف فراہم کرے یا پھر ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ان کا موقف سنے۔ ٹریبونل کو یہ قبول نہیں۔ اس کے بدلے چیئرمین کو متبادل طریقہ کار بتایا گیا کہ وہ ٹریبونل کے اخراجات (یہ رسمی ہے کیونکہ ٹریبونل نے اپنے وجود کے بعد سے ادائیگی کے حصول کیلئے ایک روپیے کا بل پیش کیا اور نہ رقم کا کوئی دعویٰ کیا ہے) پر اپنی پسند کے کراچی کے کسی بھی ہوٹل میں تشریف لائیں اور وہاں کانفرنس حال میں عوامی سماعت میں پیش ہوں۔ لیکن چیئرمین کو عوامی سماعت ہضم نہیں ہو رہی۔
 
کیا پہلے کسی شک کی گنجائش تھی؟
جی ہاں۔ تحریک انصاف نے کم از کم پارٹی الیکشن تو کروائے اور پھر ان پارٹی الیکشن پر الزامات کے بعد ایک ٹریبیونل بھی بنایا گیا مگر اب عمران جو سلوک اس ٹریبیونل کے ساتھ کر رہا ہے اس سے ثابت ہوا کہ تحریک انصاف کے پارٹی الیکشن اور ٹربیونل سب ڈرامہ بازی تھی۔
 

تجمل حسین

محفلین
مجھے تو پتا ہے آپ لوگوں کے خیالات کیا ہے؟

باقی افراد کا مؤقف دیکھ لیتے ہیں

جناب من! میں تو آپ سے بالکل متفق ہوں۔ تحریک انصاف بھی دوسری سیاسی جماعتوں کی طرح ہی ایک سیاسی جماعت ہے کوئی خاص مختلف نہیں۔

کیا پہلے کسی شک کی گنجائش تھی؟
مجھے تو نہیں البتہ کچھ دیگر کو ضرور تھی۔
 
Top