الشفاء

لائبریرین

کیا چاند رات ایک شاپنگ فیسٹیول کا نام ہے؟؟؟

چاند رات ۔۔۔ لیلۃ الجائزہ یعنی انعام کی رات۔۔۔۔ رمضان کے مزدوروں کو اللہ عزوجل کی طرف سے اجرت دیے جانے والی رات۔۔۔ لیکن افسوس کہ اس رات کو ہم نے ایک شاپنگ فیسٹیول بنا لیا ہے۔۔۔

جی ہاں، چاند رات کی آمد آمد ہے۔۔۔ اور کچھ مسلم اور مسلمات اس رات کو شاپنگ ، آتش بازی اور ہلا گلا کرنے کے پروگرام بنا رہے ہیں۔۔۔ رمضان المبارک کے ختم ہوتے ہی شوال کی یہ پہلی مبارک رات شروع ہو جاتی ہے اور پھر ۔۔۔۔۔ گھروں ، گلی کوچوں اور سڑکوں پر ہر طرف میوزک اور گانے بجانے کی آوازیں آنے لگتی ہیں۔۔۔ مسلمان بھائی موٹر سائیکلوں اور کاروں کے سائلنسر نکال کر سڑکوں پر نکل آتے ہیں اور بے پردہ گھومتی ہوئی مسلمان بہنوں کے پیچھے پیچھے چاند رات کے لئے خاص طور پر لگائے گئے بازاروں میں پہنچ جاتے ہیں۔ جہاں کچھ مسلمان بہنیں چوڑیاں پہنانے کے لئے اپنے ہاتھ نا محرم مردوں کے ہاتھ میں دے دیتی ہیں اور مہندی لگوانے کے لئے گھنٹوں لائن لگا کر کھڑی رہتی ہیں۔۔۔ کیا یہ سب دیکھ کر ایسا نہیں لگتا کہ جو شیاطین رمضان المبارک میں قید کر دیے گئے تھے وہ ان چند مسلمان بہن بھائیوں کو اپنا آلہء کار بنا کر اپنی رہائی کا جشن منا رہے ہوں۔۔۔

انا للہ وانا الیہ راجعون۔۔۔

کیا آپ کو معلوم ہے کہ آقا علیہ الصلاۃ والسلام نے بیعت کے لئے بھی کسی غیر محرم عورت کا ہاتھ نہیں پکڑا۔ حالانکہ آپ اپنی امت کے لئے بمنزلہ باپ کے ہیں۔۔۔

کیا آپ کو معلوم ہے کہ خاتون جنت و جگر گوشہ نبوت حضرت فاطمہ الزہرا رضی اللہ عنہا نے عورت کی سب سے بڑی خوبی یہ بتائی ہے کہ نہ وہ کسی غیر محرم کو دیکھے اور نہ کوئی غیر محرم اسے دیکھ پائے۔۔۔

ہمارے پیارے رسول صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پیاری شریعت نے ہماری ہر جگہ راہنمائی فرمائی ہے۔۔۔ آئیے دیکھتے ہیں کہ آقا علیہ الصلاۃ والسلام نے ہمیں چاند رات سے متعلق کون سے مدنی پھول دیے ہیں۔۔۔

حضور علیہ الصلاۃ والسلام نے فرمایا ہے کہ

”من قام لیلتي العیدین محتسباً لم یمت قلبہ یوم تموت القلوب“

جس شخص نے عیدین (عید الفطر اور عید الاضحٰی) کی راتوں کو ثواب کی اُمید رکھتے ہوئے زندہ رکھا (عبادت میں مشغول اور گناہ سے بچا رہا) تو اس کا دل اس (قیامت کے ہولناک اور دہشت ناک ) دن نہ مرے گا، جس دن لوگوں کے دل ( دہشت و گھبراہٹ کی وجہ سے ) مردہ ہو جائیں گے۔۔۔(ابن ماجہ، شعب الایمان، سنن الکبرٰی، ودیگر)۔


امام بیہقی رحمہ اللہ نے شعب الایمان میں ایک لمبی حدیث نقل کی ہے، جس کے کچھ حصے کا ترجمہ ذیل میں نقل کیا جاتاہے،جس سے اس رات میں اللہ تعالی کی طرف سے اس کے بندوں کے ساتھ ہونے والے معاملے کا اندازہ ہو سکتا ہے:

”پھر جب عید الفطر کی رات ہوتی ہے تو (آسمانوں میں) اس کا نام” لیلة الجائزة“ (انعام کی رات ) سے لیاجاتا ہے اور جب عید کی صبح ہوتی ہے تو اللہ رب العزت فرشتوں کو تمام شہروں کی طرف بھیجتے ہیں، وہ زمین پر اتر کر تمام گلیوں (راستوں )کے سروں پر کھڑے ہو جاتے ہیں اور ایسی آوازسے، جس کوجن و انس کے سوا ہر مخلوق سنتی ہے، پُکارتے ہیں کہ اے امتِ محمدیہ ! اُس ربِ کریم کی(بارگاہ کی) طرف چلو، جو بہت زیادہ عطا کرنے والا ہے اور بڑے سے بڑے قصور کو معاف فرمانے والا ہے،پھر جب لوگ عید گاہ کی طرف نکلتے ہیں تو حق تعالی شانہ فرشتوں سے دریافت فرماتے ہیں :کیا بدلہ ہے اُس مزدور کا جو اپنا کام پورا کر چکا ہو؟وہ عرض کرتے ہیں کہ اے ہمارے معبود اور مالک ! اس کا بدلہ یہی ہے کہ اس کو اس کی مزدوری پوری پوری ادا کر دی جائے،تو اللہ تعالی ارشاد فرماتے ہیں:”فإني أشھدکم یا ملائکتي! إني قد جعلتُ ثوابھم من صیامھم شھر رمَضان وقیامھم رضائي ومغفرتي“ فرشتو! میں تمہیں گواہ بناتا ہوں کہ میں نے ان کو رمضان کے روزوں اور تراویح کے بدلہ میں اپنی رضا اور مغفرت عطا کر دی۔

رمضان المبارک میں کئے گئے نیک اعمال کی قبولیت کی علامات میں سے یہ بھی ہے کہ بندے کو رمضان المبارک کے بعد بھی ان اعمال صالحہ کی توفیق حاصل رہتی ہے اور وہ ان اعمال کو ہمیشہ بجا لانے کی کوشش کرتا رہتا ہے۔۔۔ اس لئے اللہ عزوجل کی توفیق سے ہم نے اپنے نفس کی جو تربیت رمضان المبارک میں کی ہے اس کو چاند رات منانے میں ضائع نہیں کرنا چاہیئے بلکہ آنے والے دنوں میں اس میں مزید نکھار پیدا کرنا چاہیئے کہ اسی کا نام تزکیہ نفس ہے اور یہی تزکیہ نفس ولایت کی پہلی سیڑھی ہے جس کی تعلیم کے لئے پیغمبر مبعوث ہوتے رہے ہیں۔۔۔

تو میرے بھائیو اور بہنو۔۔۔ جو کچھ عید کی ضروری خریداری کرنی ہے چاند رات کی آمد سے پہلے ہی کر لیں اور اس رات کو حقیقت میں لیلۃ الجائزہ بنا کر اپنے رب سے انعام حاصل کرنے کے لئے دل و جان سے تیار ہو جائیں کہ یہ سونے یا شاپنگ کرنے کی رات نہیں بلکہ جھولیاں بھرنے والی رات ہے۔۔۔

.....
 

عثمان

محفلین
کچھ خرافات پر اعتراض اپنی جگہ لیکن چاند رات کو ایک شاپنگ فیسٹیول کرنے میں کوئی ایسا حرج نہیں۔ ایک دنیا ہے جو اس رات روزی کماتی ہے۔ :)
 

محدثہ

محفلین
جزاک اللہ خیر۔ بہت اچھی بات کہی۔
اس کو پڑھتے ہوئے یہ خیال بھی آیا کہ عید پہ رمضان میں مزدوری کرنے والوں کو اجرت ملے گی تو اِناللہ ۔۔۔۔ہم خالی ہاتھ ہی نہ رہ جائیں۔
الٰہی ڈھیروں ڈھیر توفیق عطا کر کہ ماہِ صیام کی برکتوں اور شوال کے انعام سے منفعت پا سکیں۔
آمین۔
 

الشفاء

لائبریرین
کچھ خرافات پر اعتراض اپنی جگہ لیکن چاند رات کو ایک شاپنگ فیسٹیول کرنے میں کوئی ایسا حرج نہیں۔ ایک دنیا ہے جو اس رات روزی کماتی ہے۔ :)

جی ہاں۔ ایک دنیا مختلف خرافات میں پڑ کر ہر رات روزی کماتی ہے۔۔۔:)

اللہ سبحانہ وتعالیٰ ہمیں خرافات میں پڑے بغیر رزق حلال کمانے کی توفیق عطا فرمائے۔۔۔
 

الشفاء

لائبریرین
جزاک اللہ خیر۔ بہت اچھی بات کہی۔
اس کو پڑھتے ہوئے یہ خیال بھی آیا کہ عید پہ رمضان میں مزدوری کرنے والوں کو اجرت ملے گی تو اِناللہ ۔۔۔ ۔ہم خالی ہاتھ ہی نہ رہ جائیں۔
الٰہی ڈھیروں ڈھیر توفیق عطا کر کہ ماہِ صیام کی برکتوں اور شوال کے انعام سے منفعت پا سکیں۔
آمین۔

آمین۔۔۔
جزاک اللہ خیراً کثیرا۔۔۔
 

عثمان

محفلین
جی ہاں۔ ایک دنیا مختلف خرافات میں پڑ کر ہر رات روزی کماتی ہے۔۔۔ :)

اللہ سبحانہ وتعالیٰ ہمیں خرافات میں پڑے بغیر رزق حلال کمانے کی توفیق عطا فرمائے۔۔۔
ہاں جی ، کاروبار ، شاپنگ "خرافات" ہیں۔ اللہ سبحانہ و تعالیٰ آپ کو عقل عطا فرمائے۔
 

شمشاد

لائبریرین
جزاک اللہ خیر

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمیں سیدھی راہ پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔
 

الشفاء

لائبریرین
ہاں جی ، کاروبار ، شاپنگ "خرافات" ہیں۔ اللہ سبحانہ و تعالیٰ آپ کو عقل عطا فرمائے۔

آمین۔۔۔:)
اللہ سبحانہ وتعالیٰ ہم سب کو عقل سلیم عطا فرمائے۔۔۔

جزاک اللہ خیر

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمیں سیدھی راہ پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔

آمین۔۔۔

بہت شکریہ۔۔۔
 

زبیر مرزا

محفلین
جزاک اللہ الشفاء بھائی - اللہ تعالٰی ہمیں رمضان المبارک کے فیوض وبرکات سے مالامال ہونے اور ان عبادات کے سلسلے کو پورا سال جاری
رکھنے کی توفیق عطا فرمائے
 

الشفاء

لائبریرین
جزاک اللہ الشفاء بھائی - اللہ تعالٰی ہمیں رمضان المبارک کے فیوض وبرکات سے مالامال ہونے اور ان عبادات کے سلسلے کو پورا سال جاری
رکھنے کی توفیق عطا فرمائے

آمین۔۔۔
بہت شکریہ زبیر بھائی۔۔۔
اللہ عزوجل آپ کو خیر کثیر عطا فرمائے۔۔۔
 

عبد الرحمن

لائبریرین
حقیقتا خواتین کی بے پردگی ایک المیہ بن گئی ہے۔ اور اس سے بڑا المیہ اس مقدس رات میں برپا ہونے والا طوفانِ بدتمیزی ہے۔
لوگ کہتے ہیں کہ ایک دنیا اس رات روزی کماتی ہے۔ شاید ان کے خیال میں پورے سال میں یہ ہی ایک دن آتا ہے آٹا چاول خریدنے کے لیے۔ باقی دن بھوسی ٹکڑوں پر گزارا ہوتا ہے۔
جزاکم اللہ خیرا الشفاء بھائی! بڑے سنگین مسئلہ کی طرف توجہ دلائی۔ احقر کا بھی دل تھا اس موضوع پر کچھ لکھنے کا۔ لیکن یہ سعادت آپ کی قسمت میں تھی۔ اللہ پاک نافع بنائے آمین۔
 

الشفاء

لائبریرین
حقیقتا خواتین کی بے پردگی ایک المیہ بن گئی ہے۔ اور اس سے بڑا المیہ اس مقدس رات میں برپا ہونے والا طوفانِ بدتمیزی ہے۔
لوگ کہتے ہیں کہ ایک دنیا اس رات روزی کماتی ہے۔ شاید ان کے خیال میں پورے سال میں یہ ہی ایک دن آتا ہے آٹا چاول خریدنے کے لیے۔ باقی دن بھوسی ٹکڑوں پر گزارا ہوتا ہے۔
جزاکم اللہ خیرا الشفاء بھائی! بڑے سنگین مسئلہ کی طرف توجہ دلائی۔ احقر کا بھی دل تھا اس موضوع پر کچھ لکھنے کا۔ لیکن یہ سعادت آپ کی قسمت میں تھی۔ اللہ پاک نافع بنائے آمین۔

جزاک اللہ خیراً کثیرا۔۔۔ عبدالرحمٰن بھائی۔۔۔
 

سید عمران

محفلین
جو رمضان شاپنگ میں گزارتے ہیں عموماً ان کی یہ رات بھی ایسے ہی گزرتی ہے۔۔۔
جس نے خدا کی مزدوری نہیں کی وہ بھلا اجرت کی قدر کیا جانے۔۔۔
اجرت کی قدر اسی کو ہوگی جس نے رمضان بھر مزدوری کی ہوگی، وہی اس رات کی قدر جانے گا۔۔۔
ویسے بھی کون ہے جو اُن کی مزدوری کا حق ادا کرسکے، لیکن جب وہ خود اجرت دینے پر آمادہ ہیں تو کون ہوگا جو امیدوارِ رحمتِ حق نہ ہو!!!
 

جاسمن

لائبریرین
اللہ تعالی ہمیں رمضان کی طرح کی عبادات کی توفیق، شوق اور آسانی دوسرے دنوں میں بھی عطا فرمائے۔ آمین!
 
Top