loneliness4ever
محفلین
احساس کی ڈائری سے ایک ورق
چودہ کی چاندنی شب کے بعد جب کبھی کسی رات فلک پہ موجود ٹوٹے ہوئے چاند پہ نگاہ پڑتی ہے تو
احساس کی دنیا میں تلاطم برپا ہو جاتا ہے. روح کا زخم قرطاس پہ عیاں ہو جاتا ہے اور گماں یہ ہوتا ہے
جیسے چاند کو بھی وہی غم ہے جس نے مجھے اپنی آغوش میں لے رکھا ہے. سیاہ بادلوں میں گھری
چاند کی بکھری چاندنی پہ نگاہیں سمٹ جاتی ہیں. کسی بے نام احساس کے ہاتھوں مجبور ہو کر سرد
ہوائیں میرے بدن سے لپٹ کر مجھے میرے ہونے کا احساس دلاتی ہیں. اور یوں بے نام احساس
کے ہاتھوں مجبور ہو کر سرد ہوائوں میں بے مقصد تنہا بھٹکتی نگاہ دھندلا جاتی ہے اور رخسار پہ تارے
امڈ آتے ہیں جو میرے بے نور ، بے رونق مردہ لبوں سے پرواز کرتے لفظوں کے ہمراہ رات کی
آغوش میں کہیں اتر جاتے ہیں. مختصر یہ کہ اکثر راتوں میں چاند کی تنہائی میرے غم کو لامکاں کر دیتی ہے اور مجھے میری ہی تنہائی سے جدا کر کے تنہا کر دیتی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔
س ن مخمور
امر تنہائی