فخرنوید
محفلین
ڈاکٹروں کو فیس بُک فلرٹ پر تنبیہ
برطانیہ میں ڈاکٹروں کو متنبہ کیا جا رہا ہے کہ فیس بک جیسی سوشل نیٹ ورک سائٹوں پر فلرٹ کرنے سے ہوشیار رہیں۔یہ تنبیہ برطانیہ میں ڈاکٹروں کی تنظیم میڈیکل ڈیفنس یونین نے جاری کی ہے۔ اس تنظیم نے کہا ہے کہ فیس بُک جیسی سوشل نیٹ ورک سائٹوں پر فلرٹ کرنے سے وہ اخلاقی ذمہ داری کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو سکتے ہیں۔
اس تنظیم نے یہ تنبیہ چند واقعات کے بعد جاری کی ہے جس میں مریضوں نے ڈاکٹروں کے بارے میں معلومات انٹرنیٹ سے معلوم کر کے ان کے ساتھ فلرٹ کیا۔
ڈاکٹروں کی اخلاقی ذمہ داریوں کی نگرانی کرنے والے اس بات سے متفق ہیں کہ ڈاکٹروں کو محتاط رہنا چاہیے۔
ڈاکٹروں کی تنظیم نے مزید کہا ہے کہ ڈاکٹروں کا چاہیے کہ وہ فیس بک پر مریضوں کے بارے میں کسی قسم کا بھی تبصرہ کرنے کے بارے میں احتیاط سے کام لیں۔
پچھلے سال چند ڈینٹل نرسوں کو سرزنش کی گئی کیونکہ انہوں نے ایک نیٹ ورک بنایا تھا جس کا نام تھا ’میں ڈینٹل نرس ہوں اور مجھے مریضوں سے نفرت ہے کیونکہ۔۔۔‘۔
میڈیکل ڈیفنس یونین نے ایسے بھی واقعات کا ذکر کیا ہے جہاں مریضوں نے ڈاکٹروں سے نامناسب تعلقات استوار کرنے کی کوشش کی۔
رواں سال کے اوائل میں برمنگھم یونیورسٹی کے زیر تربیت ڈاکٹروں کو حکم دیا گیا تھا کہ وہ اپنے فیس بُک پروفائل بلاک کردیں۔ یہ احکام اس وقت جاری کیے گئے جب یہ بات منظر عام پر آئی کہ کچھ مریض زیر تربیت ڈاکٹروں کو تنگ کر رہے تھے۔