ڈرتا ہوں کسی دن نظروں کا دھوکا نہ کہیں ہو جاؤ تم

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
ڈرتا ہوں کسی دن نظروں کا دھوکا نہ کہیں ہو جاؤ تم
تعبیر سمجھتا ہوں تم کو ، سپنا نہ کہیں ہو جاؤ تم

ہر روز بدلتے ہو منزل ، ہر سمت میں چلتے ہو کچھ دیر
خواہش کے سفر میں رستے کا حصہ نہ کہیں ہو جاؤ تم

افسانے کچھ اپنے عنواں کے برعکس بھی نکلا کرتے ہیں
چہروں کی کتابیں پڑھتے ہو، ضایع نہ کہیں ہو جاؤ تم

جو آگ چھپائے پھرتے ہو ، رکھ دے نہ سبھی کچھ پگھلا کر
پتھر ہو بظاہر اندر سے ، لاوا نہ کہیں ہو جاؤ تم

چھپ کر ہی سہی رویا تو کرو ، یہ ضبط بھی اتنا ٹھیک نہیں
بے آب نہ رکھو دشتِ انا ، صحرا نہ کہیں ہو جاؤ تم

یہ قربتیں اتنی ٹھیک نہیں ، ہر گام نہ میرے ساتھ رہو
پرتَو نہ سمجھ بیٹھوں اپنا ، سایا نہ کہیں ہو جاو تم

دل میں جو خلش ہے ماضی کی ، لفظوں میں اسے مت دہراؤ
ایسا نہ ہو اے جانانِ غزل ، افسانہ کہیں ہو جاؤ تم

خاموشی علامت ، لفظ اشارہ ، بات معمہ ہے میری
اک راز بنا ہوں اس لئے میں ، افشا نہ کہیں ہو جاؤ تم

آتی ہے نظر جو کاغذ پر ، ہے مختلف اس سے دنیا ظہیر
ڈرتا ہوں کتابیں پڑھ پڑھ کر تنہا نہ کہیں ہو جاؤ تم

ظہیراحمدظہیر ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۱۹۹۹
فاتح محمد تابش صدیقی سید عاطف علی کاشف اختر
 
آخری تدوین:

فاتح

لائبریرین
واہ واہ کیا بھرپور غزل ہے۔ بہت سی داد
یہ شعر پڑھنے میں مشکل ہو رہی ہے
خاموشی علامت ، لفظ اشارہ ، بات معمہ ہے میری
اک راز بنا ہوں اس لئے میں افشا نہ کہیں ہو جاؤ تم
 
ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
واہ واہ کیا بھرپور غزل ہے۔ بہت سی داد
یہ شعر پڑھنے میں مشکل ہو رہی ہے
خاموشی علامت ، لفظ اشارہ ، بات معمہ ہے میری
اک راز بنا ہوں اس لئے میں افشا نہ کہیں ہو جاؤ تم

خا مو ۔ ش علا ۔مت لف ۔ظ اشا ۔ رہ با۔ت معم ۔مہ ہے ۔ میری
فعلن - فعِلن - فعلن - فعِلن - فعلن - فعِلن -فعلن - فعلن
اک را ۔زبنا ۔ ہو اس ۔ لئے مے۔ افشا ۔ن کہی ۔ ہو جا ۔ ؤتم

فاتح بھائی ! اس شعر میں کچھ عجز ِ بیان کا معاملہ ہے ۔ بُنت واقعی مشکل ہے ۔ مدعا یہ ہے کہ "میری خاموشی علامت ہے ، لفظ اشارہ ہیں اور بات معمہ ہے ۔۔ ۔ ۔۔ ۔"
اگر ناگوار حد تک گراں ہے تو اسے نکالا جاسکتا ہے ۔
فاتح
 
سارہ خان

محفلین
افسانے کچھ اپنے عنواں کے برعکس بھی نکلا کرتے ہیں​
چہروں کی کتابیں پڑھتے ہو، ضایع نہ کہیں ہو جاؤ تم​

واہ واہ :applause:
 
فاتح

لائبریرین
خا مو ۔ ش علا ۔مت لف ۔ظ اشا ۔ رہ با۔ت معم ۔مہ ہے ۔ میری
فعلن - فعِلن - فعلن - فعِلن - فعلن - فعِلن -فعلن - فعلن
اک را ۔زبنا ۔ ہو اس ۔ لئے مے۔ افشا ۔ن کہی ۔ ہو جا ۔ ؤتم

فاتح بھائی ! اس شعر میں کچھ عجز ِ بیان کا معاملہ ہے ۔ بُنت واقعی مشکل ہے ۔ مدعا یہ ہے کہ "میری خاموشی علامت ہے ، لفظ اشارہ ہیں اور بات معمہ ہے ۔۔ ۔ ۔۔ ۔"
اگر ناگوار حد تک گراں ہے تو اسے نکالا جاسکتا ہے ۔
فاتح
چونکہ مقطع بحر ہے یعنی دو برابر حصوں میں تقسیم ہو جاتی ہے اور ایسی بحر میں ایک لفظ کا آدھا ٹکڑا "اشا" ایک حصے میں اور آدھا ٹکڑا "رہ" دوسرے حصے میں بھلا معلوم نہیں ہو رہا تھا۔ بس اس لیے عرض کیا تھا کہ مشکل ہو رہی ہے پڑھنے میں۔
 
اوہو ! اس طرف تو میں نے دھیان دیا ہی نہیں ۔ بس ٹائپ کرتا چلا گیا ۔ مصرع پڑھنے میں بالکل ٹوٹتا ہے۔ ویسے اس کو اتنا بڑا عیب تو نہیں گردانا گیا ہے لیکن عیب تو واقعی ہے ۔ اگر پڑھنت میں اتنا گراں گزر رہا ہے تو اس شعر کو نکال ہی دیتا ہوں ۔ کیا خیا ل ہے فاتح بھائی ؟! رائے ضرور دیجئے ۔
 
یہ آپ کا بڑا پن ہے۔
مجھے واقعی اشارہ پر جا کر ایسا جھٹکا لگ رہا تھا جیسے فری وے پر اچانک بڑا سا گڑھا آ جائے۔ :)
نکالنے کی بجائے الفاط کی ترتیب بدل کر دیکھ لیں۔ شعر اچھا ہے۔
 
ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
یہ آپ کا بڑا پن ہے۔
مجھے واقعی اشارہ پر جا کر ایسا جھٹکا لگ رہا تھا جیسے فری وے پر اچانک بڑا سا گڑھا آ جائے۔ :)
نکالنے کی بجائے الفاط کی ترتیب بدل کر دیکھ لیں۔ شعر اچھا ہے۔

بہت ممنون ہوں اس توجہ کیلئے۔ مصرع بدل رہا ہوں ۔ یہاں تو اب ممکن نہیں لیکن جب ای بک کا مرحلہ آئے گا تو اس مین تدوین کردوں گا ۔ بہت شکریہ فاتح بھائی آپ کی توجہ اور مشاورت کے لئے ۔
 
ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
بہت عمدہ ظہیر بھائی
بہت شکریہ تابش بھائی ۔ آپ کی محبت کا مقروض ہوں ۔ اللہ تعالیٰ آپ کو شاد وآباد رکھے۔
عاطف بھائی ۔ بہت شکریہ ۔ مصرع بدلنے کے بارے میں آپ کی تجویز بہت معقول تھی۔ بہت ممنون ہوں ۔
افسانے کچھ اپنے عنواں کے برعکس بھی نکلا کرتے ہیں
چہروں کی کتابیں پڑھتے ہو، ضایع نہ کہیں ہو جاؤ تم

واہ واہ :applause:
بہت بہت شکریہ سارہ بہن ! اللہ ذوق سلامت رکھے ۔
ظہیر بھائی ۔ آپ تو آپ ہیں ۔ اب آپ کا شکریہ کیسا۔ :D
نہیں ۔ بھائی مذاق کررہا ہوں ۔ بہت ممنون ہوں اس پذیرائی کے لئے
 
Top