غزل قاضی
محفلین
ڈھلے گی رات آئے گی سحر آہستہ آہستہ
پِیو ان انکھڑیوں کے نام پر آہستہ آہستہ
دِکھا دینا اُسے زخمِ جگر آہستہ آہستہ
سمجھ کر ، سوچ کر ، پہچان کر آہستہ آہستہ
اُٹھا دینا حجابِ رسمیاتِ درمیاں لیکن
خطاب آہستہ آہستہ نظر آہستہ آہستہ
دریچوں کو تو دیکھو ، چلمنوں کے راز تو سمجھو
اُٹھیں گے پردہ ہائے بام و در آہستہ آہستہ
ابھی تاروں سے کھیلو چاندنی سے دل کو بہلاؤ
مِلے گی اُس کے چہرے کی سحر آہستہ آہستہ
کہیں شامِ بلا ہو گی کہیں صُبحِ کماں داراں
کٹے گا زُلف و مژگاں کا سفر آہستہ آہستہ
یکایک ایسے جل بُجھنے میں لُطفِ جاں کُنی کب تھا
جلے اک شمع پر ہم بھی مگر، آہستہ آہستہ
مصطفیٰ زیدی
(از قبائے ساز )