الشفاء
لائبریرین
رَبَّنَا مَا خَلَقْتَ هَذَا بَاطِلاً
اے ہمارے رب! تو نے یہ (کارخانہ حیات) بے حکمت اور بے تدبیر نہیں بنایا۔۔۔
سورہ آل عمران
اگر کبھی ہم اپنے ارد گرد غور سے دیکھیں تو معلوم ہو گا کہ ہم رنگ و بو کی ایک زبردست کائنات میں بسے ہوئے ہیں۔۔۔ یہ دنیا ایک کینوس کی طرح ہے اور قدرت کے بنائے ہوئے اس پورٹریٹ پر بکھرے ہوئے جا بجا رنگ ہمیں دعوت فکر دے رہے ہیں۔۔۔ یا پھر یہ فطرت کا ایک سٹوڈیو ہے کہ جس میں ہر طرف رنگ و نور میں بسی ہوئی پینٹنگز رکھی ہیں۔ اور ہر ہر پینٹنگ ایسی پرفیکٹ ہے کہ انسان قدرت کی اس کاریگری میں کھو سا جاتا ہے۔۔۔
کبھی کبھی ہم سوچتے ہیں کہ یہ رنگ کہاں سے آ جاتے ہیں۔۔۔ پوری کائنات رنگوں سے بھری پڑی ہے۔ جس طرف نظر اٹھاؤ رنگ ہی رنگ ہیں۔۔۔ ہر طرف جمال بکھرا پڑا ہے۔۔۔ کوئی جمیل تو ضرور ہے کہ جس کے حسن کا پرتو اس کائنات کو منبع رنگ و نور بنائے ہوئے ہے۔۔۔ کوئی ایسا زبردست مصور ضرور ہے کہ جس کی مصوری میں کوئی جھول ہی نظر نہیں آتا۔ ہر ہر رنگ اپنی اپنی تصویر میں پوری طرح فٹ ہے۔ کوئی رنگ کسی جگہ بھدا نہیں لگتا۔ امیج مکسنگ غضب کی ہے۔ اور فریمز۔۔۔ اللہ اللہ۔۔۔۔ ایفیکٹس ایسے ہیں کہ نظر ہٹانے کو دل نہیں چاہتا۔۔۔
ایک شجر کو دیکھیں کہ ایک بے رنگ سا ننھا سا بیج ہم زمین میں دبا دیتے ہیں۔ پھر اس میں سے ایک خوبصورت نازک سی سبز رنگ کی کونپل نکل آتی ہے۔ سبحان اللہ۔ کیا یہ رنگ اس بیج میں ہم نے ڈالا تھا؟ پھر اس پر خوبصورت سبز پتے نکل آتے ہیں۔تنے کا رنگ تبدیل ہونے لگتا ہے۔ شاخوں پر مختلف رنگوں کی نئی کونپلیں کھلنے لگتی ہیں۔ پھر اودے ، نیلے پیلے، سرخ ، سفید ،جامنی پھول کھلنے لگتے ہیں حتٰی کہ ایک ہی پھول کی ایک ہی پنکھڑی مختلف رنگوں کی بہار دکھا رہی ہوتی ہے۔ اور اس ایک پنکھڑی پر مختلف رنگ اس تناسب سے لگے ہوتے ہیں کہ عقل حیران رہ جاتی ہے۔۔۔ کیا یہ سارے رنگ اس ننھے سے بے رنگ بیج میں ہم نے انجیکٹ کئے تھے؟؟؟ یہ کس زبردست ڈیزائنر کی ڈیزائننگ نے ہمیں چاروں طرف سے گھیر رکھا ہے۔۔۔
فتبارک اللہ احسن الخالقین۔۔۔
سبحان اللہ۔۔۔ اللہ جمیل ویحب الجمال۔۔۔
۔۔۔