ابوشامل
محفلین
اردو زبان کا دیس برصغیر پاک و ہند ہے اور اس سرزمین سے تعلق رکھنے والوں کا مشترکہ جنون کرکٹ ہے۔ ٹویٹر میں ہندوستان سے ہر وقت کوئی نہ کوئی کرکٹ موضوع ٹرینڈنگ میں رہتا ہے جس سے کرکٹ کے متعلق یہاں کے باسیوں کے جذبات کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ دنیا کے اس خطہ میں سب سے بڑی کرکٹ لیگ کھیلی جاتی ہے، ٹی ٹوئنٹی میچز تو درکنار یہاں ٹیسٹ میچز میں بھی اسٹیڈیم تماشائیوں سے مکمل طور پر بھرے ہوتے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان میں حالات چاہے کیسے بھی ہوں، کرکٹ کے عاشقوں میں کسی زبان، قبیلے، ذات پات اور عمر کا فرق نہیں، پوری قوم کرکٹ کی دیوانی ہے۔ پاکستان میں میچ جیتنے پر پوری قوم اپنے باہمی اختلافات بھلا کر جشن مناتی ہے۔ پھر اردو بلاگستان کا دامن کیوں اس سب سے زیادہ اہم موضوع سے خالی رہے؟ اسی کمی کو پورا کرنے کے لیے کرک نامہ میدان میں حاضر ہے۔
دنیائے کھیل میں کرکٹ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور اندرون و بیرون ملک شائقین کی کثیر تعداد کو دیکھتے ہوئے ایسے موضوعاتی بلاگ کا آغاز وقت کی بھی ضرورت ہے جو اردو سمجھنے والوں کو اپنی قومی زبان میں کرکٹ کے بارے میں وہ سب کچھ پیش کرے جو وہ جاننا چاہتے ہیں اور انگریزی سے نابلد ہونے کی وجہ سے نہیں جان پاتے۔ ہم کوشش کرین گے کہ تمام ممالک کے ہر خاص و عام کرکٹ مقابلوں کے بارے میں قارئین کو درست معلومات، حقائق اور تجزیہ فراہم کریں۔ اور جوں جوں کرکٹ کے متعلق عوام کا روایتی جوش و خروش بڑھتا جائے ویسے ویسے ہم اپنے ساتھی بلاگران، تجزیہ نگاروں اور قارئین کی مدد سے بلاگ کی آتش کو بھڑکاتے جائیں اور اسے شائقینِ کرکٹ کی اجتماع گاہ بنا دیں
بلاگ کی تعارفی تحریر یہاں دیکھیے اور کرکٹ کی جاری سرگرمیوں پر بھی نگاہ ڈالیے۔
اگر ایسے بلاگز کی ابتداء ہی میں حوصلہ افزائی کی جائے تو یہ زیادہ متحرک ہوں گے۔ بلاشبہ اردو بلاگستان کو ایسے موضوعاتی بلاگز کی ضرورت ہے۔