کس زباں سے ہو تعریف ان کی بیاں؟ وہ کہاں میں کہاں!

عاطف ملک

محفلین
محمد تابش صدیقی بھائی کی تحریک اور ان کے مشوروں کے بعد یہ چند اشعار اساتذہ کرام اور محفلین کی خدمت میں تنقیدی و اصلاحی تبصرے کی امید پر پیش کرنے کی سعادت حاصل کر رہا ہوں۔

نعت رسولِ پاک(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم)

کس زباں سے ہو تعریف ان کی بیاں؟ وہ کہاں میں کہاں!
میں ہوں خاک اور وہ نورِ کون و مکاں، وہ کہاں میں کہاں!

میں کہ رسوائے مخلوق و ننگِ جہاں، وہ کہاں میں کہاں!
ان کی تعریف کرتی ہے حق کی زباں، وہ کہاں میں کہاں!

وہ ہیں محبوبِ خُلّاقِ کل انس و جاں، وہ کہاں میں کہاں!
اور شان ان کی قرآن سے ہے عیاں، وہ کہاں میں کہاں!

میں کہ غرقاب عصیاں کے پاتال میں، سر سے پاؤں تلک
ان کے قدموں کے افلاک پر ہیں نشاں، وہ کہاں میں کہاں!

میں ہوں وہ بے بصر نور سے بے خبر، حق نہ آئے نظر
ان کی آنکھوں سے پائے ضیا کہکشاں، وہ کہاں میں کہاں!

میں کہ اپنوں کو دل سے نکالے ہوئے، بیر پالے ہوئے
دشمنِ جاں کو وہ جان کی دیں اماں، وہ کہاں میں کہاں!

میں کہ جود و سخا چھو کے گزری نہیں، اک ہنسی بھی نہیں
ان کے لطف و کرم کا ہے کوثر رواں، وہ کہاں میں کہاں!

میں کہ احباب کا حق دبائے ہوئے، ظلم ڈھائے ہوئے
ان کے درباں کئی لاکھ نوشیرواں، وہ کہاں میں کہاں!

ہو گا حقِ محبت نہ ہرگز ادا ،گر میں دوں سب لٹا
وار دوں ان کی حرمت پہ اپنی یہ جاں، وہ کہاں میں کہاں!

عاطفِ بے نوا پر ہیں لاکھوں ستم، دور ہوں رنج و غم
بعدِ یزداں وہی مونس و مہرباں، وہ کہاں میں کہاں!
 
آخری تدوین:

امان زرگر

محفلین
بھائی جان بہت پیارہ انداز اور الفاظ بھی بہت خوبصورت ہیں. اللہ قبول فرمائے اور برکتیں عطا کرے
 
آخری تدوین:

امان زرگر

محفلین
مطلع کا مصرع دوم ،حق رسالت ادا ، رشک حاتم اور ممدوح نوشیروان پر کچھ تحفظات اگرچہ دل میں موجود ہیں.
 
آخری تدوین:

عاطف ملک

محفلین
بے انتہا خوب صورت! زبردست! بہترین کاوش! :)
بہت بہت شکریہ فرقان بھائی!
اللہ قبول فرمائے۔
سبحان اللہ. . اللہ کرے زور قلم.اور زیادہ. . بہت خوب
نوازش آپا۔
دعا کیلیے بہت شکریہ۔
بھائی جان بہت پیارہ انداز اور الفاظ بھی بہت خوبصورت ہیں. اللہ قبول فرمائے اور برکتیں عطا کرے
آمین۔
محبت اور آپ کی توجہ کا شکریہ :)
مطلع کا مصرع دوم ،حق رسالت ادا ، رشک حاتم اور ممدوح نوشیروان پر کچھ تحفظات اگرچہ دل میں موجود ہیں.
حقِ رسالت واقعی میں عجیب لگ رہا تھا،اس کو بدل کر "حقِ محبت" کر دیا ہے۔
مطلعِ اول میں مصرعِ دوم، "حاتم کی سخاوت" اور "نوشیروان کےعدل" کی تشبیہ پر اساتذہ کی رائے کا انتظار ہے :)
آپ کا بہت بہت شکریہ کہ آپ نے اتنی توجہ اور محبت دی-
اللہ قبول فرمائے۔
 
الف عین

لائبریرین
خوب نعت ہے۔ مظفر وارثی کا ’تو کجا میں کجا‘ یاد آ گیا۔
حاتم اور نوشیرواں سے نبی پاکﷺ کا مقابلہ کرنا واقعی آپؐ کی توہین کے مساوی ہے
 
ماشاءاللہ - بہت خوب عاطف بھائی
نعت پاک لکھنا کوئی آسان کام نہیں، معمولی سی شان نبوت میں تنقیص بھی کفر ہے اور خدا سے ملانا بھی کفر ۔ حد درجہ احتیاط سے کام لینا پڑتا ہے۔
 
عاطف ملک

محفلین
خوب نعت ہے۔ مظفر وارثی کا ’تو کجا میں کجا‘ یاد آ گیا۔
بہت شکریہ استادِ محترم :)
حاتم اور نوشیرواں سے نبی پاکﷺ کا مقابلہ کرنا واقعی آپؐ کی توہین کے مساوی ہے
استادِ محترم،
موازنہ یا مقابلہ کرنا تو ہرگز مقصود نہ تھا،
اللہ معاف فرمائے۔
حاتم طائی کی سخاوت کی بطورِ اچھی صفت حدیثِ پاک میں بھی ذکر ہے غالباً سیرت کی کتب میں تو حضرتِ عدی بن حاتم کے اسلام لانے کے واقعے میں ایسا ذکر ملتا ہے۔
اللہ میری خطا سے درگزر فرمائے۔
ان اشعار کا متبادل سوچنے کی کوشش کرتا ہوں۔
 
آخری تدوین:

عاطف ملک

محفلین
سبحان اللہ۔بہت خوبصورت گل عقیدت ۔اللہ کریم قبول فرمائے۔آمین
آمین :)
ماشاءاللہ - بہت خوب عاطف بھائی
نعت پاک لکھنا کوئی آسان کام نہیں، معمولی سی شان نبوت میں تنقیص بھی کفر ہے اور خدا سے ملانا بھی کفر ۔ حد درجہ احتیاط سے کام لینا پڑتا ہے۔
شکریہ لئیق بھائی!
نعت لکھنا واقعی میں انتہائی مشکل ہے۔
اللہ ہماری کمیوں کوتاہیوں سے درگزر فرمائے۔آمین
 
عاطف ملک

محفلین
نعت میں جو خیال باندھیں پہلے اس کے متعلق کتب سیرت سے پڑھ لیا جائے تو آسانی ہو گی.
بجا فرمایا امان بھائی!
اب تدوین کی ہے مراسلے میں،میرا خیال ہے کہ ابہام کی تشفی ہو جائے گی ان تبدیلیوں سے :)
ماشاء اللہ ۔ بہت خوب عاطف بھائی۔۔۔ :)

ہم اس مصرع کو یوں پڑھ رہے ہیں کہ

ان کے قدموں سے پائے ضیا کہکشاں، وہ کہاں میں کہاں۔۔؟
انتہائی خوبصورت خیال :)
بہت شکریہ محترم۔
ماشاء اللہ سبحان اللہ
عاطف بھائی اللہ تعالیٰ کاوش قبول فرمائے.
باقی ہدایات کے مطابق مزید نکھارتے رہیے. :)
آمین۔
جی آپ کے مشوروں پر عمل کرتے ہوئے اصلی لڑی میں تدوین کی ہے،امید ہے کہ یہ ٹوٹی پھوٹی سی کاوش قابلِ قبول ہو گئی ہو گی اب :)
جزاک اللہ۔
دعاؤں کا خواستگار :)
 
امان زرگر

محفلین
میں ہوں وہ بے بصر نور سے بے خبر، حق نہ آئے نظر
ان کی آنکھوں سے پائے ضیا کہکشاں، وہ کہاں میں کہاں!
ذرا اس پر بھی دل کھٹک رہا ہے۔۔۔۔۔ حق (دینِ اسلام) لانے والے کی تعریف ہو رہی ہے اور پھر کہا جا رہا ہے کہ حق نظر ہی نہیں آ رہا مجھے؟۔۔۔۔۔۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کہکشاں کی رہنمائی کے لئے نہیں بلکہ انسان کی رہنمائی کو تشریف لائے تھے۔
 
آخری تدوین:

امان زرگر

محفلین
کس زباں سے ہو تعریف ان کی بیاں؟ وہ کہاں میں کہاں!
میں ہوں خاک اور وہ نورِ کون و مکاں، وہ کہاں میں کہاں!
یہ دوسرا مصرع "بین المسالک اختلافات میں سے ایک اختلاف کی جانب اشارہ ہونے کی بنا پر" شاید نعت کے مجموعی حسن کو متاثر کرے۔۔۔ ہو سکے تو "میں ہوں خاک" کو بدلیں۔۔۔۔ فقط ایک مخلصانہ رائے۔۔۔۔
 
عاطف ملک

محفلین
ذرا اس پر بھی دل کھٹک رہا ہے۔۔۔۔۔ حق (دینِ اسلام) لانے والی کی تعریف ہو رہی ہے اور پھر کہا جا رہا ہے کہ حق نظر ہی نہیں آ رہا مجھے؟۔۔۔۔۔۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کہکشاں کی رہنمائی کے لئے نہیں بلکہ انسان کی رہنمائی کو تشریف لائے تھے۔
"حق" نظر نہ آنے سے مراد کچھ اور لے رہا ہوں میں۔
خیر اس کی جگہ
"کچھ نہ آئے نظر"
آرام سے لایا جا سکتا ہے:)
یہ دوسرا مصرع "بین المسالک اختلافات میں سے ایک اختلاف کی جانب اشارہ ہونے کی بنا پر" شاید نعت کے مجموعی حسن کو متاثر کرے۔۔۔ ہو سکے تو "میں ہوں خاک" کو بدلیں۔۔۔۔ فقط ایک مخلصانہ رائے۔۔۔۔
دوسرا مصرع "بین المسالک" محبت و مؤدت کیلیے یوں کر لیجیے
"میں خطاکار وہ رحمتِ بے کراں، وہ کہاں میں کہاں"
گو کہ مطلع ایک نہیں ہے :)
 
Top