تعارف کمپیوٹر، انٹرنیٹ، اردو کمپیوٹنگ اور ہم

بلال

محفلین
بسم اللہ الرحمن الرحیم
السلام علیکم!
اس دھاگے میں ہم اپنے اور کمپیوٹر کے درمیان رشتہ کے بارے میں کچھ بتائیں گے۔۔۔ ایک طرح سے یہ ہم سب کا کمپیوٹر فیلڈ کے حوالے سے "تعارف" ہو گا۔۔۔ یعنی
• سب سے پہلے کمپیوٹرکا کس نے اور کب بتایا؟
• زندگی میں پہلی بار کمپیوٹر کو کب ہاتھ لگایا؟
• کمپیوٹر فیلڈ میں باقاعدہ کب اور کیوں آئے؟
• انٹرنیٹ کا کس نے اورکب بتایا؟
• انٹرنیٹ کا استعمال کب اور کیوں شروع کیا؟
• اردو کمپیوٹنگ کے بارے میں کب اور کس نے بتایا؟
• اردو کمپیوٹنگ کب اور کیوں شروع کی؟
• ان سب میں یعنی کمپیوٹر، انٹرنیٹ اور اردو کمپیوٹنگ میں آج تک کیا کچھ کیا؟
• کون کون سے ٹولز اور کمپیوٹر زبان سیکھی؟
• کیا کیا مشکلات پیش آئیں اور اُن کو حل کیسے کیا؟
• اس کے علاوہ کمپیوٹر کا آپ کی زندگی میں کتنا دخل ہے یعنی آپ کمپیوٹر پر روزمرہ کا کیا کام کرتے ہیں اور اس کو کس کس سہولت کو حاصل کرنے کے لئے استعمال کرتے ہیں؟
امید ہے سب ممبرز کو یہ دھاگہ پسند آئے گا۔۔۔ اور اس دھاگے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہو گا کہ ہم سب کو پتہ چلے گا کہ اس فیلڈ میں کیا کیا مشکلات ہو سکتی ہیں اور اُن کا حل کیا ہو سکتا ہے یعنی نئے آنے والے اُن مشکلات سے کیسے بچ سکتے ہیں۔۔۔ اور ہم ذاتی زندگی میں اس کا کس حد تک اور کب سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ جب سب اپنے اپنے بارے میں بتائیں گے تو یہ بھی پتہ چلے گا کہ روزمرہ کے معمولات میں کمپیوٹر کو کس کس سہولت کے لئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔۔۔
اس تعارف میں کنجوسی سے کام نہ لیجئے گا تاکہ سب جان سکیں کہ کون کون کب اور کیوں اس فیلڈ سے وابستہ ہوا اور کیا کچھ کیا۔۔۔ کیا کیا مشکلات آئیں۔۔۔
 

شمشاد

لائبریرین
چند سال پہلے کی بات ہے کہ میری زندگی میں تو کمپیوٹر ایکدم سے آ گیا، اس کے ساتھ ہی انٹرنیٹ بھی بھی شامل ہو گیا۔ اب تو یہ روزمرہ کا ایک حصہ بن کے رہ گیا ہے۔ دفتر میں بھی اب کام کمپیوٹر کے بغیر ناممکن ہے۔ اب ہر طرف کمپیوٹر ہے۔ نوٹ بک یا لیپ ٹاپ نے زندگی اور آسان کر دی ہے۔ اکثر لوگ اسے ساتھ لیے پھرتے ہیں۔ یا پھر ایک چھوٹی سی فلیش ڈرائیو چابیوں کے چھلے کے ساتھ اپنے تمام ضروری ڈاٹا کے ساتھ جہاں جاتے ہیں لے جاتے ہیں۔ الغرض یہ کہ کمپیوٹر کے بغیر اب گزارہ کرنا ناممکن سا ہے۔
 

جہانزیب

محفلین
سب سے پہلے کمپیوٹر اپنے کزن کا دیکھا، وہیں گیمز وغیرہ کھیلیں،پھر کراچی میں صرف ابتدائی معلومات سے آگاہی ہوئی، سب سے پہلا استعمال GMDSS کو پڑھتے وقت کیا، انٹرنیٹ کا استعمال سب سے پہلے ای میل اور بعد میں بہت عرصہ تک چیٹنے تک محدود رہا،امریکہ سکونت کے بعد اردو ویب سائٹ تلاش کرتے کرتے بی بی سی، بات سے بات فورم، وہاں سے قدیر احمد رانا کا بلاگ وہاں سے آصف کا بلاگ وغیرہ وغیرہ پھر اپنا بلاگ پھر اردو محفل ۔
میں نے زندگی بھر کوئی تیر نہیں مارا کمپیوٹر میں کیا کر لینا تھا،سیکھا ایچ ٹی ایم ایل، سی ایس ایس،کسی حد تک جاوا سکرپٹ اور پی ایچ پی ۔
مشکلات میں کبھی کبھی خود ایجاد کر کے بعد میں گھنٹوں ٹھیک کرنے میں وقت برباد کرتا ہوں، لیکن سیریسلی یہی میری ہابی ہے اور اس کے لئے اوبنٹو زندہ باد، میں مہینے میں ایک بار تو ضرور کچھ گڑبڑ کر کے کمپیوٹر میں پھر اس ہر طرف سے کان پکڑنے شروع کرتا ہوں ۔
میری زندگی میں کمپیوٹر ۔ ۔ ۔ کمپیوٹر نہ ہو تو میری جاب ہی نہ ہو ۔
 

الف عین

لائبریرین
میں نے اپنے انتر ویو والے تانے بانے میں کافی باتیں لکھی تھیں۔ مختصر یہ کہ کمپیوٹر سے ربط تو 1989 سے تھا جب پہلی بار ہماری ٹریننگ ہوئی تھی مختصر سی۔ اس زمانے میں ڈاس ہی تھا، اور بیسک پروگرامنگ اور ڈی بیس سیکھی تھی۔ اس کے بعد میں اپنا جیالوجیکل ڈاٹا ڈی بیس میں کرتا تھا۔ اپنے نمونوں کی کیمیائی تجزئے اور ان نتائج کے تجزئے، سب ڈی بیس میں کرتا تھا۔ اسی میں پروگرامنگ بھی کی تھی جس سے کسی بھی اناملی Anomaly کا پتہ چلایا جا سکے۔
پہلا کمپیوٹر 1996 میں لیا تھا۔ جو اپ گریڈ کرتے کرتے 1999 تک ایک لاکھ سے زائد کا ہو چکا تھا۔ 1997 میں جب حج کے بعد اس کا سفر نامہ ٹائپ کرنے کا خیال آیا تو اردو کے سافٹ وئر کی تلاش ہوئی۔ ؛پہلے صفحہ ساز ملا، لیکن اس کو استعمال کرنے میں بہت مشکل محسوس ہوئی۔ پھر ان پیج کسی نے دیا علی گڑھ میں تو اس کو استعمال کر کے یہ کتاب ٹائپ کی۔ جسے بعد میں اردوستان ڈاٹ کام نے انتر نیٹ پر شائع کیا قسط وار۔ اللہ میاں کے مہمان نام سے۔
اسی عرصے میں ہندی میں قرآن کی تفسیر لکھنی شروع کی۔ تب اس کو شئیر کرنا چاہا۔ آسانی کے لئے مختلف ہندی پروگرام اور فانٹس استعمال کئے۔ پھر یہ طے کیا کہ اپنے ہی فانٹس بنائے جائیں صوتی تختے کے مطابق۔ اسی عرصے میں انتر نیٹ سے ربط بھی ہوا۔ لیکن یہ فعالی 2004 کے بعد زیادہ بڑھی جب دونوں بچے امریکہ روانہ ہو چکے تو۔۔۔ جب 2004 کے شروع میں یاہو گروپ بنایا تو محض اسی وجہ سے کہ اردو کے لئے بھی ایسے ہی فانٹس بنانا چاہ رہا تھا۔ اور لوگوں کو مشورہ دے رہا تھا کہ ایسا کوئی پروگرام لکھیں کہ کرسر دائیں سے بائیں ہو جائے تاکہ میرا کام چل سکے۔
یاہو گروپ میں خود مجھے بہت سے ارکان نے یونی کوڈ کی سمت رہنمائی کی۔۔۔ اور اب میں خود اس سلسلے میں رہنمائی کرنے کا اہل ہو گیا ہوں۔
لو اتنی تفصیل پھر لکھ دی۔ہہ
یہ تو سب سمجھتے ہی ہوں گے کہ کمپیوٹر اور انتر نیٹ کے بغیر میرا گزارا نہیں ہو سکتا۔ محض ریٹائر مینٹ کا انتطار ہے کہ میں پھر جریدے، لائبریری، قرآن کی تفسیر، اور فانٹس کی اصلاحات میں وقت لگا سکوں۔
 
• سب سے پہلے کمپیوٹرکا کس نے اور کب بتایا؟
شاید 7، 8 سال کی عمر میں پتا چلا تھا جب گھر پر کمپیوٹر آیا تھا۔۔۔ کوئی 1992ء یا 1993ء کا زمانہ ہوگا۔
• زندگی میں پہلی بار کمپیوٹر کو کب ہاتھ لگایا؟
جب گھر پر کمپیوٹر آیا تو اس کے کچھ ہی دن بعد چھیڑ چھاڑ شروع کردی تھی۔
• کمپیوٹر فیلڈ میں باقاعدہ کب اور کیوں آئے؟
میٹرک کررہا تھا، تب باقاعدہ کام شروع کیا۔ گھر کی ضرورت تھی، اس لیے۔ پھر میٹرک کے بعد سے تو فل ٹائم جاب کررہا ہوں کمپیوٹر ہی کے حوالہ سے۔
• انٹرنیٹ کا کس نے اورکب بتایا؟
اسکول کا زمانہ تھا، ساتویں جماعت میں ہمارے کمپیوٹر کے استاد نے نیٹ کیفے میں لے جاکر متعارف کرایا تھا اور انتہائی افسوس کی بات یہ تھی کہ اس شخص نے استاد ہوتے ہوئے انٹرنیٹ کے غلط استعمال سے روشناس کرایا۔ صحیح استعمال تو کوئی 2004ء، 2005ء میں جاکر پتا چلا۔
• انٹرنیٹ کا استعمال کب اور کیوں شروع کیا؟
استعمال تو بے مقصد ہی شروع کیا تھا اور بس۔۔۔۔
• اردو کمپیوٹنگ کے بارے میں کب اور کس نے بتایا؟
اردو محفل پر آ پہنچا تھا بھٹکتے بھٹکتے 2006ء میں۔۔۔ تب ہی آگاہی ہوئی۔
• اردو کمپیوٹنگ کب اور کیوں شروع کی؟
اردو محفل ہی کی بدولت۔۔۔ جو کچھ ہے، بنیاد یہیں سے ملی ہے۔
• ان سب میں یعنی کمپیوٹر، انٹرنیٹ اور اردو کمپیوٹنگ میں آج تک کیا کچھ کیا؟
کچھ خاص نہیں۔۔۔ کمپیوٹر میں چند سوفٹ وئیرز کا استعمال۔۔ ان۔پیج پر مہارت اور فری ہینڈ، کورل ڈرا، فوٹو شاپ وغیرہ پر بنیادی کاموں سے آگاہی۔ انٹرنیٹ پر ویب پیجز بنانا اور بلاگنگ کارنامہ۔۔۔ اردو کمپیوٹنگ میں تو شاید میں نے کوئی قابل ذکر کارنامہ انجام نہیں دیا ہے۔ اردو ویب لغت میں تھوڑا ہاتھ بٹایا تھا یا ورڈ پریس کی تھیمز کو اردو میں ڈھالنے کے لیے کچھ محنت۔
• کون کون سے ٹولز اور کمپیوٹر زبان سیکھی؟
کچھ بھی نہیں۔۔۔:(
• کیا کیا مشکلات پیش آئیں اور اُن کو حل کیسے کیا؟
مشکلات تو بہت پیش آئیں لیکن خدا کا شکر ہے کہ ان کو حل کرنے میں مدد فراہم کرنے والے بھی بہت لوگ ملے۔۔۔ شوق اور ذہن بھی اسی فیلڈ میں تھا۔۔۔ سب سے اہم چیز ہے ایک مددگار پلیٹ فارم کا مہیا ہونا۔۔۔
• اس کے علاوہ کمپیوٹر کا آپ کی زندگی میں کتنا دخل ہے یعنی آپ کمپیوٹر پر روزمرہ کا کیا کام کرتے ہیں اور اس کو کس کس سہولت کو حاصل کرنے کے لئے استعمال کرتے ہیں؟
اب کیا بتاؤں اس بارے میں۔۔۔ میری زندگی میں تو سمجھیں کہ بس دخل صرف کمپیوٹر ہی کا ہے۔ 24 گھنٹوں میں سے تقریبا آدھا وقت روزانہ کمپیوٹر ہی پر گزرتا ہے۔۔۔۔ آٹھ گھنٹے کی جاب کمپیوٹر پر، کبھی اضافی وقت بھی دینا پڑجاتا ہے۔۔۔۔ اس کے بعد گھر پہنچوں تو فورا کمپیوٹر کھول کر بیٹھ جاتا ہوں اور عموما اس وقت اٹھتا ہوں جب نیند آنے لگتی ہے۔ سہولت تو خیر کیا ہونی ہے، زحمت زیادہ ہوتی ہے کہ ڈھیروں سارے کام مول لیے ہوتے ہیں۔۔۔ کبھی کوئی کام تو کبھی کوئی کام۔۔۔ سہولت جو بنیادی ہے وہ شاید صرف یہ ہے کہ ذریعہ معاش بنا ہوا ہے۔
 

دوست

محفلین
پانچ سال ہو ہی چلے ہیں۔ فرسٹ‌ ائیر میں تھا جب پی ون کمپیوٹر لیا تھا 6000 میں۔ اس سے پہلے انٹرنیٹ‌ استعمال کرتا تھا لیکن 25 روپے گھنٹہ کسی نیٹ کلب سے۔ پھر دو سال پہلے پی فور سسٹم لیا۔ اسی سال لینکس کا استعمال سیکھا اور ایک عرصے سے ونڈوز کے ساتھ لینکس استعمال کررہا ہوں۔ 2005 میں محفل پر آیا اور تب سے کمپیوٹر میری زندگی کا پچاس فیصد بن چکا ہے۔ اسی کی وجہ سے کامرس چھوڑی اور لنگوئسٹکس میں ٹانگ اڑائی۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔اور کیا سنائیں۔۔
 

محمد سعد

محفلین
کمپیوٹر سے پہلی بار واقفیت تو بہت پہلے ہوئی تھی جب میں تیسری جماعت میں تھا۔ تب والدِ محترم نے مجھے ایک اکیڈمی میں داخلہ دلوایا تھا تاکہ کمپیوٹر کا استعمال سیکھ سکوں۔ وہاں پر چند بنیادی نوعیت کے پروگراموں کا استعمال سیکھا اور پھر جب گرمیوں کی چھٹیاں ختم ہوئیں تو کورس ادھورا ہی چھوڑنا پڑا۔ اس کے بعد اپنے ماموں زاد بھائی کے کمپیوٹر پر گیم کھیل کر اور مائیکروسافٹ پینٹ اور ورڈ جیسے پروگرام استعمال کر کے خوش ہوتا رہا۔ تبھی میں نے پہلی بار انٹرنیٹ کا استعمال کیا تھا اور میرا پہلا استعمال تھا گوگل کی مدد سے ٹرانزسٹروں کے بارے میں مضامین ڈھونڈنا۔ :)
دو سال پہلے، شاید جنوری 2006 کے مہینے میں، جب میں آٹھویں جماعت میں تھا، ہم نے اپنا کمپیوٹر خریدا۔ ان پیج سے تو اسی زمانے سے واقف تھا جب پہلی بار ادھورا سا کورس کیا تھا۔ ایک دن جب میں نے ونڈوز ایکس پی کی تنصیب کے دوران اردو سپورٹ کا اضافہ کرنے کا آپشن دیکھا تو میری خوشی کی انتہا نہ رہی۔ اس کے بعد میں نے ونڈوز کے بہت سے پروگراموں میں اردو لکھنا شروع کر دیا اور آہستہ آہستہ اردو لکھنے اور پڑھنے میں ترقی ہوتی گئی۔
پھر اسی سال، یعنی 2006 کے مہینے جون یا شاید جولائی میں میں نے انٹرنیٹ کا استعمال شروع کر دیا۔ میرے انٹرنیٹ کے استعمال کا ابتدائی مقصد تھا کسی اچھے سے اینٹی وائرس کا حصول۔ تب مجھے اس بات پر بہت حیرت ہوئی کہ جو اینٹی وائرس 50 ڈالر میں بکتا ہو وہ ہم تک 25 روپے کی سی ڈی میں کیسے پہنچ جاتا ہے۔ بہرحال، بعد میں سب کچھ معلوم ہو گیا اور تب تک مجھے کئی اچھے سے مفت پروگرام بھی مل گئے۔ اس سلسلے میں download.com نامی ویب سائٹ سے بہت مدد ملی۔ کچھ عرصہ بعد میں نے ایک ای میل اکاؤنٹ بنایا کیونکہ بعض مفت اینٹی وائرس پروگراموں، مثلاً Avast Home Edition کی رجسٹریشن کے لیے ای میل اکاؤنٹ کی ضرورت پڑتی تھی۔
لینکس سے واقفیت تب ہوئی جب میں نے ماہنامہ گلوبل سائنس میں اس کے بارے میں یکے بعد دیگرے کئی مضامین پڑھے (ماہنامہ گلوبل سائنس میں نے تب سے ہی پڑھنا شروع کر دیا تھا جب میں چوتھی جماعت میں تھا)۔ پھر ایک دن میں نے ضمیر کے ملامت کرنے پر لینکس نصب کر لی۔ :) شاید اکتوبر یا نومبر 2006 کا مہینہ تھا۔ ابتداء میں ایک بالکل نیا نظام سیکھنے میں تھوڑی بہت دشواری پیش آئی اور میں اپنا زیادہ تر وقت ونڈوز میں ہی گزارتا تھا لیکن جلد ہی میں لینکس کا عادی ہو گیا۔ چونکہ میں ابھی تک ڈائل اپ انٹرنیٹ استعمال کرتا ہوں، لہٰذا شروع میں میرے لیے لینکس استعمال کرتے ہوئے انٹرنیٹ سے رابطہ کرنا ممکن نہ تھا۔ پھر میں نے ایک دن گوگل بابا کی مدد سے لینکس کے لیے چند اسباق ڈھونڈے جن میں اتفاقاً موڈیم کا ڈرائیور نصب کرنے کا طریقہ بھی مجھے معلوم ہو گیا۔ پھر جب میں نے لینکس کے ذریعے انٹرنیٹ استعمال کرنا شروع کیا تو مجھے خیال آیا کہ اینٹی وائرس، اینٹی سپائی وئیر اور فائروال کے بغیر کیسے گزارہ ہوگا لیکن جب ڈھونڈنے پر بھی صرف ایک ہی اینٹی وائرس (Clam Anti-virus) ملا تب میں بہت پریشان ہوا۔:blush: تب کچھ عرصہ تلاش کرنے کے بعد مجھے پہلی بار معلوم ہوا کہ لینکس میں تو وائرس ہوتے ہی نہیں۔ :grin: یہ جو اکلوتا اینٹی وائرس مجھے ملا تھا وہ بھی میل سرور پر ونڈوز کے وائرس پکڑنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ :grin:
اس کے کچھ عرصہ بعد ایک دن اردو ویب سائٹوں کی تلاش میں میں شاکر بھائی کے بلاگ پر پہنچ گیا۔ وہیں پر روابط دیکھ کر مجھے کئی اہم ویب سائٹوں کا پتا چلا جن میں اردو محفل بھی شامل ہے۔ یہ تو تھا میرا اردو محفل تک کا سفر۔
جہاں تک اس بات کا تعلق ہے کہ میں نے کون کون سی زبانیں سیکھیں تو عرض ہے کہ پہلی زبان جو میں نے کمپیوٹر سے متعلق سیکھی تھی، وہ تھی ایچ ٹی ایم ایل جسے میں نے محض ایچ ٹی ایم ایل ایڈیٹرز کی مدد سے سیکھا۔ لیکن ابھی تک HTML میں صرف بنیادی نوعیت کی چیزیں ہی سیکھ پایا ہوں۔ اس کے علاوہ گزشتہ سال کے دوران میں نے سکول میں BASIC زبان سیکھی ہے اور اب تو کافی اچھے پروگرام بھی لکھ لیتا ہوں۔ لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ میں BASIC میں ماہر ہوں۔ ;)
اب شاید ایک ہی سوال بچ رہا ہے یعنی میں کمپیوٹر کو کن مقاصد کے لیے استعمال کرتا ہوں۔ تو عرض ہے کہ عموماً میں کمپیوٹر کو انٹرنیٹ کی مدد سے نئی معلومات اور تحقیقات تک رسائی حاصل کرنے کے لیے استعمال کرتا ہوں۔ کبھی میرے ذہن میں کوئی ایسا سوال آتا ہے جس کا جواب ڈھونڈنا ذرا مشکل ہو تو اس کا جواب پانے کے لیے بھی استعمال کرتا ہوں۔ کچھ عرصہ پہلے محمد علی مکی صاحب اور شاکر بھائی کی مدد سے ایک سائنس فورم بھی شروع کیا تھا جو سرور کی خرابی کی وجہ سے وفات پا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دوستوں اور عزیزوں سے رابطے کے لیے بھی استعمال کرتا ہوں اور اگر کبھی ان تمام کاموں سے تھک جاؤں تو گیم کھیلنے کے لیے بھی استعمال کرتا ہوں۔
 

وجی

لائبریرین

• سب سے پہلے کمپیوٹرکا کس نے اور کب بتایا؟۔
کمپیوٹر کا ٹی وی سے پتا چلا


• زندگی میں پہلی بار کمپیوٹر کو کب ہاتھ لگایا؟۔
1998میں


• کمپیوٹر فیلڈ میں باقاعدہ کب اور کیوں آئے؟۔
ویسے تو کمپیوٹر کو میں نے گیم کےلئے استعمال کیا لیکن پھر فیلڈ اچھی لگی اور اس میں آ گئے


• انٹرنیٹ کا کس نے اورکب بتایا؟۔
انٹرنیٹ کا پتا بھی ٹی وی اور اخبارات سے ہوا


• انٹرنیٹ کا استعمال کب اور کیوں شروع کیا؟۔
جب گھر میں کمپیوٹر آیا تو سا تھ ہی انٹرنیٹ کا استعمال شروع کردیا تھا


• اردو کمپیوٹنگ کے بارے میں کب اور کس نے بتایا؟۔
دراصل میرے تایا کا پرنٹیگ پریس تھا اور اردو کمپوزینگ ہوتی تھی اس کی وجہ سے اردو انپیچ کی کمپوزینگ کا پتا چلا اور کچھ کام بھی کیا


• اردو کمپیوٹنگ کب اور کیوں شروع کی؟۔
اوپر جواب دیں چکا ہوں


• ان سب میں یعنی کمپیوٹر، انٹرنیٹ اور اردو کمپیوٹنگ میں آج تک کیا کچھ کیا؟۔
بہت کچھ لیکن بتانے کا وقت نہیں ہے


• کون کون سے ٹولز اور کمپیوٹر زبان سیکھی؟۔
اردو اینپیچ ،photoshop, freehand, html, C, C#(C-sharp)


• کیا کیا مشکلات پیش آئیں اور اُن کو حل کیسے کی
اردو کی کمپوزینگ میں کا فی مشکلا ت آئی لیکن اس کا حل بھی تھا اینپیج کی فائل پہلے Coral Draw
میں کوپی کریں پھرphotshop ya freehand میں کوپی کریں اور اردو کی تصویرے بنائیں


• اس کے علاوہ کمپیوٹر کا آپ کی زندگی میں کتنا دخل ہے یعنی آپ کمپیوٹر پر روزمرہ کا کیا کام کرتے ہیں اور اس کو کس کس سہولت کو حاصل کرنے کے لئے استعمال کرتے ہیں؟
انٹرنیٹ اور پڑھائی کے لئے استعمال کرتا ہوں
 

بلال

محفلین
اب میں بھی اپنے بارے میں کچھ بتاتا ہوں۔۔۔ جب دیکھا کہ دوستوں نے اس دھاگہ میں حصہ لیا ہے تو پھر میں نے سوچا مجھے بھی یہاں لکھنا چاہئے۔۔۔ کیونکہ یہ دھاگہ شروع تو کیا ہے لیکن میں نے خود کچھ نہیں لکھا۔۔۔
 

بلال

محفلین
میں کمپیوٹر فلیڈ میں 1999 میں آیا۔۔۔ اور باقاعدہ طور پر اس کا استعمال 2000 میں شروع کیا۔ میرے پاس پہلے بھی ایک کمپیوٹر کی طرح کی مشین تھی جس میں کیلکولیٹر ٹائیپ رائٹر اور گیمز شامل تھیں اور اُس کمپیوٹر نما میں ڈیٹا سٹور کرنے کے لئے بڑی فلاپی استعمال ہوتی تھی۔لیکن موجودہ صورت کے کمپیوٹر کو میں نے پہلی بار 1 جنوری 2000 یعنی 21 ویں صدی کے پہلے ہی دن اور وہ بھی صبح سویرے یعنی فجر کی نماز کے بعد پہلی بار ہاتھ لگایا تھا۔ میں نے 21صدی کی شروعات نماز سے کی اور اُس کے بعد کمپیوٹر ہی کو استعمال کیا۔۔۔ اُن دنوں میں ایک اُستاد کے پاس کمپیوٹر کی زبان فوٹران کی ٹیویشن پڑھتا تھا (کیونکہ اُن دنوں آئی سی ایس میں فوٹران ہی پڑھائی جاتی تھی) اور اُن ہی کے یعنی سر کے کمپیوٹر کو چلایا۔ چلانا کیا تھا؟ بس انہوں نے ڈسک ٹاپ پر آئی کان بنانا سکھایا اور میں نے بھی اُن کی پیروی کی۔۔۔ اسی دن پہلی بار انٹرنیٹ کی موجودگی کو بھی محسوس کیا۔ سر نے انٹرنیٹ چلایا ایک دوست نے ایک سائیٹ بتائی انہوں نے اسے کھولا اور میں ندیدے بچوں کی طرح اسے دیکھتا رہا۔۔۔ کیونکہ کمپیوٹر کو ظاہری طور پر دیکھا لیکن انٹرنیٹ کی کچھ سمجھ نہ آئی۔۔۔ پھر میں نے شوق کے ہاتھوں مجبور ہو کر 1 فروری 2000 کو اپنا کمپیوٹر لے لیا۔۔۔ کمپیوٹر کیا لینا تھا ایک اور مشکل خرید لی اور اب یاد آتا ہے تو ایک لطیفہ سا محسوس ہوتا ہے۔۔۔ جب میں نےکمپیوٹر لیا تو آئی کان بنانے کے علاوہ کچھ نہیں پتہ تھا۔۔۔ سر نے ایک سافٹ ویئر م س کیڈز نسب کر دیا بس اُس میں پیانو اور بولنے والے سافٹ ویئر یعنی ٹاک اٹ کو استعمال کیا۔۔۔ لطیفہ اس طرح لگتا ہے کہ ایک دن میں کمپیوٹر کو آن کر کے کچھ دیر کے لئے اس سے دور ہوا اور سکرین سیور چل پڑا۔ جب میں واپس آیا تو دیکھ کر پریشان ہو گیا کہ یہ کیا ہو گیا ہے میرے کمپیوٹر کو؟ بس اتنی سوچ تھی کہ سر کو فون کیا وہ نہ ملے پھر ایک دوست کو فون کیا۔ پہلے تو وہ بہت ہنسا پھر بولا کہ ماؤس کو ہاتھ لگاؤ ٹھیک ہو جائے گا۔ ہاتھ لگانے کی دیر تھی کہ کمپیوٹر ٹھیک ہو گیا۔ اسی طرح کرتے کرتے کچھ کسی سے پوچھ اور زیادہ خود تلاش کی اور میں نے کافی کمپیوٹر سیکھ لیا۔۔۔ سیکھنا بھی کیا تھا کمپیوٹر خود ہی سیکھاتا گیا۔۔۔ اسی دوران ایک بار اور پہلی بار ونڈوز خراب ہوئی اور میں نے ایک دوکان سے ٹھیک کروائی۔ اُس کے بعد خود ہی اپنے بل بوتے پر ونڈوز نسب کرنا سیکھ لی۔۔۔ اس کے علاوہ ڈاس اور باقی بھی چھوٹے چھوٹے ٹول۔ 2001 میں نیٹ کا استعمال شروع کیا جو صرف میل اور چیٹ کی حد تک تھا۔ اسی دوران ویب ڈیزائنگ کا شوق ہوا تو ایک چھوٹا سا کورس کیا۔۔۔ اُس کے بعد کمپیوٹر فیلڈ میں کچھ بھی نہیں کیا بس موسیقی، نیٹ، انپیج اور کورل ڈرا پر کام کیا اور اسے خود ہی سیکھا۔ اور گرافکس ڈیزائنگ میں کسی حد تک کام کیا۔۔۔ پھر 2003 میں بی سی ایس (بی ایس سی ایس) شروع کیا۔۔۔۔ بی سی ایس کیا کرنا تھا شہر چھوٹا انفارمیشن کم۔۔۔ بس کورس آؤٹ لائن کے مطابق پڑھنا اور امتحان دینا لیکن اسی دوران نیٹ پر میل کے علاوہ تلاش کرنے کی عادت پڑی اور ساتھ ساتھ اخبار بھی پڑھنا شروع کی اور چیٹ سے جان چھوٹ گئی۔ مختلف سائیٹس پر یونیکوڈ اردو دیکھتا لیکن فانٹ عجیب ہوئے کی وجہ سے اچھی نہ لگتی لیکن پھر 2006 میں ایک دوست نے بتایا کہ جیسے ورڈ یا کسی بھی ٹیکسٹ ایڈیٹر میں انگلش لکھی جاتی ہے ویسے ہی اردو بھی آسانی سے لکھی جا سکتی ہے۔۔۔ پھر اس دوست نے ہی اردو نسب کرنا بھی بتائی۔۔۔ صحیح معنوں میں تب ہی یونیکوڈ کا پتہ چلا۔۔۔ یونیکوڈ اردو کا پتہ تو چلا لیکن میں ونڈوز کا خود ساختہ کلیدی تختہ استعمال نہیں کرنا چاہتا تھا کیونکہ میں اس سے پہلے انپیج استعمال کرتا تھا۔۔۔ اب مجھے یہ بھی نہیں پتہ تھا کہ کلیدی تختہ بھی کوئی چیز ہوتی ہے اور کلیدی تختہ خود سے بھی بنایا جا سکتا ہے لیکن میں نے اس کی تلاش شروع کر دی اور آخر کار گوگل کی مہربانی سے میں م س کی بورڈ لے آؤٹ کری ایٹر تک پہنچا۔۔۔ انپیج کے فونیٹک جیسا اپنا یونیکوڈ اردو کلیدی تختہ بنایا۔۔۔ پھر کافی دن بعد کرلپ کی سائٹ بھی ملی وہاں سے نفیس فانٹ بھی ملے بہت خوشی ہوئی۔ پھر میں نے ایک زپ فائل بنائی جس میں کلیدی تختہ، نفیس ویب نسخ فانٹ اور اردو کو کمپیوٹر میں نصب کرنے کا طریقہ رکھا۔۔۔ جو بھی دوست اردو سمجھتا تھا اُن کو میں نے وہ فائل بھیجی کسی کو نیٹ پر کسی کو سی ڈی پر اور کسی کو کسی اور ذرائع سے۔۔۔ میں اُس فائل کی ایک کاپی ہر وقت اپنے پاس فلیش ڈرائیو میں ضرور رکھتا جہاں بھی جیسے بھی موقع ملتا ضرور دیتا بلکہ کئی لوگوں کو تو سیکھانے بھی چلا جاتا۔۔۔ جب کوئی پوچھتا کہ یہ سب کچھ کس نے بنایا ہے تو میں بتاتا کہ فانٹ تو کرلپ والوں نے بنایا ہے لیکن کلیدی تختہ م س کی بورڈ لے آؤٹ کری ایٹر سے میں نے بنایا ہے۔۔۔ میرے دوست جو میری ساتھ بی سی ایس میں پڑھتے تھے وہ بھی حیران ہو جاتے کہ کمپیوٹر میں باقاعدہ قسم کی اردو؟ یہ سب اس وجہ سے تھا کہ چھوٹا شہر اور انفارمیشن بھی کم اور اوپر سے کورس میں کوئی اردو کمپیوٹنگ کی معلومات بھی نہیں اور اوپر سے اس میں کوئی انٹرسٹ بھی نہیں لیتا تھا۔۔۔ بس لکیر کے فقیر تھے سب۔۔۔ اُس کے بعد میں یونیکوڈ اردو کے ٹولز اور فانٹس کی تلاش میں رہتا اور ایک اسلامی سائیٹ بنانے کا سوچا جو ابھی تک وقت نہ ہونے کی وجہ سے بنا نہیں سکا۔۔۔ آج سے تقریباً 1 سال پہلے مکی بھائی کی سائیٹ شاید اردو کوڈر کے نام سے تھی گوگل سے ملی اور انہی دنوں میں سعودی عربیہ چلا گیا اور وہاں آفس میں نیٹ کی سپیڈ بہت بہتر ہونے کی وجہ سے کافی کچھ سیکھا۔۔۔ وہاں ہی ایک دن اردو ویب بھی گوگل کی مہربانی سے ملی۔ لیکن میں یہاں صرف اردو کے ٹولز کے لئے آتا تھا۔۔۔ پھر کافی عرصہ تک نہیں آیا اور ایک دن یعنی نومبر 2007 میں اچانک یاد آیا کہ اردو ویب نام کی ایک سائیٹ تھی کافی اچھی تھی یونیکوڈ اردو کے لئے پھر اوپن کی اور فورم پر اردو ایڈیٹر ڈاؤن لوڈ کرنے لگا تو یوزرنیم اور پاس ورڈ نے کام نہ کیا یعنی میں بھول چکا تھا پھر ایک نیا یوزرنیم بنایا جو ابھی استعمال کر رہا ہوں پھر ایک یا دو دن بعد محفل کو دیکھنے کے لئے کلک کیا لیکن کچھ پڑھا اور بس لیکن دوسرے ہی دن مجھے پتہ چلا کہ یہی وہ اردو کی سائٹ ہے جس کی مجھے تلاش تھی۔۔۔ اور یہاں آ کر بہت کچھ سیکھا اور سیکھ رہا ہوں۔
لیکن دیکھا جائے تو اتنے سال میں میں نے کمپیوٹر فیلڈ میں کچھ بھی نہیں کیا بس چھوٹے موٹے ٹولز اور ایک دو پروگرامنگ زبان سیکھی ہیں۔ لیکن ان کو استعمال کرتے ہوئے کچھ خاص بنایا نہیں۔۔۔
اس کے علاوہ اس دورانیہ میں چھوٹی چھوٹی مشکلات تو آتی رہی لیکن پہلے پہل نیٹ کی سپیڈ کم ہونا اور رابطہ منقطعہ ہونا ایک عذاب سے کم نہیں تھا لیکن اب کچھ سکون ہے۔۔۔ اس کے علاوہ یونیکوڈ اردو میں لگتا ہے کافی مشکلات آ رہی ہیں۔۔۔ جیسے کوئی اچھا فانٹ نہیں مل رہا۔۔۔ جس کی وجہ سے کوئی بھی نیا یوزر نسخ یا دوسرے فانٹس میں اردو پڑھنے سے تنگ آتا ہے۔۔۔ چلو ہماری تو عادت ہو گئی ہے لیکن نئے بندوں کو بہت عجیب اردو لگتی ہے ان فانٹس میں۔۔۔ اس کے علاوہ ہر فانٹ اور تحریر میں مختلف یونیکوڈ ویلیوز نے کافی تنگ کیا ہوا ہے۔۔۔
میری زندگی میں کمپیوٹر کا دخل بہت زیادہ ہے میری ہر قسم کی یاداشت کمپیوٹر میں ہی مخفوظ ہیں۔۔۔ دن میں ذاتی کام کے لئے تقریباً 2گھنٹے کمپیوٹر استعمال کرتا ہوں جو کہ ہر روز ضرور ہوتا ہے اس کے علاوہ دن میں عام طور پر 4 سے 8 گھنٹے تک کمپیوٹر استعمال کرتا ہوں ۔۔۔ اور تو اور موبائل بھی کمپیوٹر کے ساتھ ہی لگائے رکھتا ہوں اور کمپیوٹر سے ہی میسیج وصول کرتا اور بھیجتا ہوں۔۔۔ کسی قسم کی معلومات نیٹ سے ہی تلاش کرتا ہوں۔۔۔ زیادہ تر فلیش ڈرائیو ساتھ رکھتا ہوں اور ضروری ڈیٹا اس میں رکھتا ہوں کیونکہ کسی بھی جگہ کسی کمپیوٹر سے ڈیٹا لینا یا دینا پڑ سکتا ہے۔۔۔ اپنے سارے ڈیٹا کا بیک اپ سی ڈی اور ڈی وی ڈی پر رکھتا ہوں۔۔۔
کافی لمبی تحریر ہو گئی ہے میرے خیال میں اب بس کرنا چاہئے۔۔۔ نہیں تو سب دوست تنگ ہو جائیں گے۔۔۔
 

بلال

محفلین
شمشاد بھائی آپ نے تو اپنا تعارف کروانے میں کنجوسی کی ہے۔۔۔ ایک مہربانی کریں تھوڑا سا تفصیل سے تعارف کروا دیں تو آپ کی بہت مہربانی ہو گی۔۔۔
 

زیک

مسافر
سب سے پہلے کمپیوٹرکا کس نے اور کب بتایا؟

شاید ابو نے۔ سکول کے زمانے کی بات ہے۔

زندگی میں پہلی بار کمپیوٹر کو کب ہاتھ لگایا؟

1986

کمپیوٹر فیلڈ میں باقاعدہ کب اور کیوں آئے؟

جب 1987 یا 1988 میں کمپیوٹر خریدا۔

انٹرنیٹ کا کس نے اورکب بتایا؟

صحیح یاد نہیں۔

انٹرنیٹ کا استعمال کب اور کیوں شروع کیا؟

1994 یا 1995 میں۔

اردو کمپیوٹنگ کے بارے میں کب اور کس نے بتایا؟

انپیج اور اردو کے دوسرے پبلشنگ سافٹویر کا ذکر ابو سے سن رکھا تھا مگر کبھی استعمال نہیں کئے۔

اردو کمپیوٹنگ کب اور کیوں شروع کی؟

2004 فروری میں اردو میں بلاگنگ کرنے کا شوق رچایا اور کمپیوٹر پر اردو انسٹال کی۔

ان سب میں یعنی کمپیوٹر، انٹرنیٹ اور اردو کمپیوٹنگ میں آج تک کیا کچھ کیا؟

اردوویب بنایا۔ انگریزی میں عام طور سے اور اردو میں کبھی کبھی بلاگ لکھتے اب 6 سال ہونے کو ہیں۔

کون کون سے ٹولز اور کمپیوٹر زبان سیکھی؟

میٹلیب، سی، فورٹران، ایسمبلی، پاسکل، بیسک، سی پلس پلس، وغیرہ وغیرہ۔

کیا کیا مشکلات پیش آئیں اور اُن کو حل کیسے کیا؟

یونیکوڈ کو مختلف نیٹ سافٹویر میں صحیح طریقے سے کرنے میں کئی مسائل کا سامنا ہوا۔ ان کا ذکر یہاں محفل اور میرے بلاگ پر موجود ہے۔ اس وقت کچھ سست ہوں سو لنک نہیں دے رہا۔

اس کے علاوہ کمپیوٹر کا آپ کی زندگی میں کتنا دخل ہے یعنی آپ کمپیوٹر پر روزمرہ کا کیا کام کرتے ہیں اور اس کو کس کس سہولت کو حاصل کرنے کے لئے استعمال کرتے ہیں؟

خبریں پڑھنے، دوستوں سے تعلق، بلاگنگ، یہاں تک کہ ای‌بکس پڑھنا، اپنی ریسرچ، وغیرہ سب کمپیوٹر پر ہی ہوتا ہے۔
 

الف عین

لائبریرین
شاید میں نے یہ نہیہں لکھا کہ اردو محفل سے کس طرح واقفیت ہوئی۔ تو جناب ہم تو اس کے بنیاد گزار ارکان میں شامل ہیں۔ اردو ویب شروع ہونے سے پہلے یہاں تک کہ اس کے نام۔ ڈومین کے لئے بھی نبیل ای میل سے مشورے لیتے رہے تھے۔ 2005 کے شروع سے ہی ان سے بہت خط و کتابت رہی اور جو کچھ یہاں آپ لوگ دیکھ رہے ہیں، اس میں بندے کے بھی کچھ مشورے شامل ہیں۔۔ نبیل کے ذریعے ہی زکریا قدیر اور جہانزیب سے واقف ہو چکا تھا اور اب جو کچھ سامنے ہے، وہ ان سب کا ہی ہے۔ میرا کنتری بیوشن ہے تو کچھ نہیں، بس اتنا کہ مجھے لگتا ہے کہ میں اس کی پیدائش سے پہلے اس سے منسلک ہوں۔ پہلے نبیل نے ہی میرا یوزر نیم پاس ورڈ بنا کر مجھے بھیجا۔ پھر شاید مجھے لاگ ان ہونے میں مشکل ہوئی۔ پھر کچھ مصروفیت رہی اس ہفتے تو میں دو ہفتئے بعد ہی اپنے نام سے رکن بنا۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
بسم اللہ الرحمن الرحیم
السلام علیکم!
اس دھاگے میں ہم اپنے اور کمپیوٹر کے درمیان رشتہ کے بارے میں کچھ بتائیں گے۔۔۔ ایک طرح سے یہ ہم سب کا کمپیوٹر فیلڈ کے حوالے سے "تعارف" ہو گا۔۔۔ یعنی
• سب سے پہلے کمپیوٹرکا کس نے اور کب بتایا؟
• زندگی میں پہلی بار کمپیوٹر کو کب ہاتھ لگایا؟
• کمپیوٹر فیلڈ میں باقاعدہ کب اور کیوں آئے؟
• انٹرنیٹ کا کس نے اورکب بتایا؟
• انٹرنیٹ کا استعمال کب اور کیوں شروع کیا؟
• اردو کمپیوٹنگ کے بارے میں کب اور کس نے بتایا؟
• اردو کمپیوٹنگ کب اور کیوں شروع کی؟
• ان سب میں یعنی کمپیوٹر، انٹرنیٹ اور اردو کمپیوٹنگ میں آج تک کیا کچھ کیا؟
• کون کون سے ٹولز اور کمپیوٹر زبان سیکھی؟
• کیا کیا مشکلات پیش آئیں اور اُن کو حل کیسے کیا؟
• اس کے علاوہ کمپیوٹر کا آپ کی زندگی میں کتنا دخل ہے یعنی آپ کمپیوٹر پر روزمرہ کا کیا کام کرتے ہیں اور اس کو کس کس سہولت کو حاصل کرنے کے لئے استعمال کرتے ہیں؟
امید ہے سب ممبرز کو یہ دھاگہ پسند آئے گا۔۔۔ اور اس دھاگے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہو گا کہ ہم سب کو پتہ چلے گا کہ اس فیلڈ میں کیا کیا مشکلات ہو سکتی ہیں اور اُن کا حل کیا ہو سکتا ہے یعنی نئے آنے والے اُن مشکلات سے کیسے بچ سکتے ہیں۔۔۔ اور ہم ذاتی زندگی میں اس کا کس حد تک اور کب سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ جب سب اپنے اپنے بارے میں بتائیں گے تو یہ بھی پتہ چلے گا کہ روزمرہ کے معمولات میں کمپیوٹر کو کس کس سہولت کے لئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔۔۔
اس تعارف میں کنجوسی سے کام نہ لیجئے گا تاکہ سب جان سکیں کہ کون کون کب اور کیوں اس فیلڈ سے وابستہ ہوا اور کیا کچھ کیا۔۔۔ کیا کیا مشکلات آئیں۔۔۔

یہ بتاتا تو مشکل ہے کہ سب سے پہلے کمپیوٹر کے بارے میں کب سنا۔ پی سی تو اسی کی دہائی کے آغاز کی بات ہے، کمپیوٹر تو 40 کی دہائی یا اس سے پہلے بھی موجود تھے۔ میری تو جہاں تک یادداشت ساتھ دیتی ہے، کمپیوٹر کا سن ضرور رکھا تھا۔
زندگی میں پہلی مرتبہ 1987 میں کمپیوٹر کو ہاتھ لگایا جب ایک صاحب سے جی ڈبلیو بیسک سیکھنا شروع کی۔ میرے والد صاحب نے مجھے مشورہ دیا تھا کہ ایف ایس سی کے امتحانات کے بعد فارغ وقت کا فائدہ اٹھاؤں۔ اس کا فائدہ ابھی تک اٹھا رہا ہوں۔
1987 میں پہلا پروگرامنگ کورس کرنے کے بعد ہی مجھے پروگرامنگ کا کریز ہو گیا تھا اور مجھے اس کے بارے میں جو کتاب بھی ملتی تھی، وہ میں چاٹ جاتا تھا۔ :) لیکن میری یونیورسٹی کی تعلیم الیکٹریکل انجینیرنگ کی تھی۔ میں نے انجینیرنگ یونیورسٹی لاہور سے الیکٹریکل انجینیرنگ کی تعلیم حاصل کی اور اس کے بعد پانچ سال تک انجینیرنگ کی فیلڈ میں ہی جاب کی۔ بالآخر 1997 میں میں نے پہلی مرتبہ لاہور کے ایک سوفٹویر ہاؤس میں ملازمت کا آغاز کیا۔
انٹرنیٹ کے بارے میں مجھے 1992 میں پتا چلا تھا۔ اس وقت کچھ جاننے والوں کے توسط سے ٹیکسٹ بیسڈ براؤزرز کے ذریعے انٹرنیٹ کے استعمال کا تجربہ کیا تھا۔
اردو کمپیوٹنگ کے بارے میں میں ہمیشہ سے چھان بین کرتا رہتا تھا۔ اس وقت بھی جب آپریٹنگ سسٹمز میں اردو لینگویج سپورٹ کا نام و نشان بھی نہیں ہوتا تھا۔ میں جب 1997-98 میں لاہور کے سوفٹویر ہاؤس میں جاب کر رہا تھا تو میں نے اتفاقاً اوپن ٹائپ کی سپیسیفیکیشنز دیکھیں۔ میں نے اپنے سینیرز کو اسکے بارے میں بتایا تو وہ اتنے پرجوش ہوئے کہ آؤ دیکھا نہ تاؤ فوراً ایک کیریکٹر بیسڈ نستعلیق اوپن ٹائپ فونٹ کی ڈیویلپمنٹ کا آغاز کر دیا حالانکہ اس وقت یہ specifications محض کاغذ پر وجود رکھتی تھیں۔ اس کے بارے میں میں پہلے بھی لکھ چکا ہوں۔ بعد میں 2004 میں اتفاقا اردو بلاگز دریافت ہوئے جو کہ اس زمانے میں گنتی کے ہوتے تھے۔ اس زمانے میں آصف اقبال اور زکریا بھی اردو میں بلاگ لکھا کرتے تھے۔ انہی دونوں نے اردو کی ترویج کا منصوبہ بنایا اور میں ساتھ شامل ہو گیا۔
اردو کمپیوٹنگ میں کچھ کرنے کی کوشش کی ہے اور بہت کچھ کرنے کی تمنا ہے۔ اگر وقت اور قسمت نے ساتھ دیا تو انشاءاللہ اردو کی خدمت کے لیے کوشاں رہوں گا۔
اردو کمپیوٹنگ پر کام کے سلسلے میں بے شمار مشکلات سامنے آئیں۔ یونیکوڈ سے متعلقہ مسائل تو اکثر زکریا حل کر دیا کرتے تھے۔ میں چونکہ ویب ڈیویلوپر نہیں ہوں، اس لیے مجھے ویب ڈیویلپمنٹ اور ویب ٹیکنالوجیز کے بارے میں کافی کچھ سیکھنے کی ضرورت پیش آتی رہتی ہے۔ شروع میں آصف اور زکریا سے کافی مدد ملتی رہتی تھی، اب ابن سعید سے رہنمائی حاصل کرتا ہوں۔
بے شمار ٹولز اور ٹکنالوجیز پر کام کرنے کا موقع ملا ہے لیکن میرا بیک گراؤنڈ بنیادی طور پر مائیکروسوفٹ ٹولز اور ٹیکنالوجیز پر کام کرنے کا ہے اور اسی میں مجھے مہارت حاصل رہی ہے۔
سوفٹؤیر ڈیویلپمنٹ چونکہ نہ صرف میرا پروفیشن ہے بلکہ میرا شوق بھی ہے، اسی لیے میرا بیشتر وقت کمپیوٹر پر کام کرتے ہوئے گزرتا ہے۔ لیکن میری کوشش ہوتی ہے کہ کسی نہ کسی پراجیکٹ پر کام کرتا رہوں یا کسی نئے تکنیکی موضوع پر معلومات اکٹھی کروں۔ میں سوشل نیٹورکنگ اور چیٹ وغیرہ سے دور ہی رہنے کی کوشش کرتا ہوں
 
Top