کوئی چیز مشکل نہیں۔۔۔۔۔۔۔

قرۃالعین اعوان

لائبریرین
ہیرا ہماری تمام معلوم دھاتوں میں سب سے زیادہ سخت ہے۔دنیا کی کوئی چیز ہیرے سے زیادہ
سخت نہیں ہوتی۔شیشہ کا فریم بنانے والے کو آپ نے دیکھا ہوگا کہ وہ "قلم" کی صورت میں ایک چیز شیشہ
کے تختہ پر گزارتا ہے اور شیشہ کٹ کر دو ٹکڑے ہوجاتا ہے۔اس قلم میں ہیرے کا ٹکڑا لگا ہوتا ہے ۔ایسا اس لیئے
ممکن ہوتا ہے کہ ہیرا انتہائی سخت چیز ہے،خواہ وہ قدرتی ہو یا مصنوعی۔
تمام دوسری معدنیات کے برعکس ہیرے پر کسی قسم کا ایسڈ(تیزاب)اثر نہیں کرتا۔آپ ہیرے کو خواہ کسی تیزاب میں ڈالیں
وہ ویسا کا ویسا ہی رہے گا۔مگر اسی سخت ترین ہیرے کو اگر ہوا کی موجودگی میں خوب گرم کیا جائے تو وہ ایک بے رنگ گیس بن کر
اڑ جائے گا۔ اور یہ گیس کاربن ڈائی آکسائڈ ہوگی۔
اسی طرح ہر چیز کا ایک "توڑ"ہوتا ہے۔اگر آپ اپنی مشکل کا مقابل وہاں سے کریں جہاں وہ اپنی سخت ترین حیثیت رکھتی ہے
تو ممکن ہے آپ کی کوشش کامیاب نہ ہو ۔مگر کسی دوسرے مقام سے آپ کی یہی کوشش انتہائی حد تک نتیجہ خیز ہوسکتی ہے ۔
جب بھی آپ کا مقابلہ کسی مشکل سے پیش آئے تو سب سے پہلے یہ معلوم کیجئے کہ اس کا کمزور مقام کونسا ہے ۔اور جو اس
کا کمزور مقام ہو وہیں سے اپنی جدوجہد شروع کر دیجئے ۔ایک چیز کسی اعتبار سے ناقابل شکست ہوسکتی ہے ۔مگر وہی چیز
دوسرے اعتبار سے آپ کے لیئے موم ثابت ہوگی۔
ایک شخص جس کو آپ کڑوے بول سے اپنا موافق نہ بنا سکے اس کو آپ میٹھے بول سے اپنا موافق بنا سکتے ہیں۔
اپنے جس حریف کو آپ لڑائی کے ذریعہ دبانے میں کامیاب نہ ہوسکے اس کو آپ اخلاق اور شرافت ذریعہ دبانے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔
ایک ماحول جہاں آپ مطالبہ اور احتجاج کے ذریعے اپنا مقام نہ کر سکے وہاں آپ محنت اور لیاقت کے ذریعہ اپنا مقام حاصل کر سکتے ہیں۔
ہیرا تیزاب کے لیئے سخت ہے مگر آنچ کے لیئے نرم ہوجاتا ہے ۔یہی معاملہ انسان کا بھی ہے ۔
ایک آدمی اگر ایک اعتبار سے سخت نظر آئے تو اس کو ہمیشہ کے لیئے سخت نہ سمجھ لیجئے۔اگر وہ ایک اعتبار سے سخت ہے تو دوسرے اعتبار سے نرم بھی ہوسکتا ہے ۔
ہر چیز کا یہ حال ہے کہ وہ کسی اعتبار سے سخت ہے اور کسی اعتبار سے نرم۔ایک شخص ایک انداز سے معاملہ کرنے میں بے لچک
نظر آتا ہے مگر وہی دوسرے انداز سے معاملہ کرنے میں ہر شرط پر راضی ہوجاتا ہے۔
یہی وہ حقیقت ہے جس کو جاننے میں زندگی کی تمام کامیابیوں کا راز چھپا ہوا ہے۔

مولانا وحید الدین خاں
راز حیات
 
جزاک اللہ خیرا قرۃ العین ، وحیدالدین خان کی اچھی تحریر منتخب کی ۔
ہیرا ہماری تمام معلوم دھاتوں میں سب سے زیادہ سخت ہے۔دنیا کی کوئی چیز ہیرے سے زیادہ
سخت نہیں ہوتی۔
ہیرا قدرتی منرلز میں سب سے سخت مٹیریل ہے ۔ ابھی چین اور امریکا کے ماہرین نے تازہ بتازہ نئی چیز بنائی ہے جو ہیرے سے زیادہ سخت ہے ۔ لیکن مصنوعی ہے ۔ بنایا اسے بھی کاربن ہی سے گیا ہے ۔ اس کا نام یاد نہیں آ رہا ۔
 
Top