کون جیتا ، کس کو مات ہوئی ۔

چاروں صوبوں میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 100سے زائد انتخابی حلقوں میں بڑے دلچسپ انتخابی نتائج سامنے آئے ہیں۔ پرانے اور بڑے سیاسی خاندانوں کے کئی قدآور افراد انتخاب جیت گئے اور کئی سرکردہ افراد کو انتخاب میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ۔
٭ شیخوپورہ سے مسلم لیگ (ن) کے رانا تنویر حسین قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہو گئے جبکہ ان کے بھائی رانا افضال حسین اس بار الیکشن ہار کر ایوان سے باہر ہو گئے ۔
٭ بدین سے جی ڈی اے کی فہمیدہ مرزا (سابق سپیکر)قومی اسمبلی کی رکن منتخب ہو گئیں جبکہ ان کا بیٹا حسام الدین مرزا قومی اسمبلی اور شوہر ذوالفقار مرزا سندھ اسمبلی کے انتخاب میں شکست کھا گئے ۔
٭ ملتان سے پی ٹی آئی کے رانا قاسم نون قومی اسمبلی کا الیکشن جیت گئے اور ان کے بھائی رانا سہیل نون صوبائی انتخاب ہار گئے۔
٭ چارسدہ سے اے این پی کے اسفند یار ولی قومی اور ان کے صاحبزادے ایمل اسفند یار صوبائی اسمبلی کے انتخاب میں کامیاب نہ ہو سکے ۔
٭ ڈیرہ اسماعیل خان سے متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن قومی اسمبلی کے دونوں حلقوں سے شکست کھا گئے اور ان کے صاحبزادے قومی اسمبلی کا انتخاب جیت کر ایوان میں پہنچ گئے ۔
٭ مولانا فضل الرحمٰن کے سمدھی غلام علی پشاور سے قومی اسمبلی کا الیکشن نہ جیت سکے، ان کے بھائی مولانا لطفالرحمٰن کے پی اسمبلی کے رکن منتخب ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔
٭ خوشاب سے پی ٹی آئی کے ملک عمر اسلم اپنی پرانی سیاسی حریف اور رشتہ دار مسلم لیگ (ن) کی سمیرا ملک کو قومی اسمبلی کی نشست پر پہلی بار شکست دینے میں کامیاب ہو گئے ۔
٭ ہری پور سے سابق صدر ایوب خان کے تین پوتے عمر ایوب خان قومی اسمبلی ارشد ایوب خان اور اکبر ایوب خان کے پی کے اسمبلی کے رکن منتخب ہو کر دونوں ایوانوں میں پہنچ گئے ۔
٭ پشاور سے ارباب خاندان کے پیپلز پارٹی کے ارباب عالمگیر خان اور ان کی اہلیہ عاصمہ عالمگیر دونوں قومی اسمبلی کے انتخاب میں شکست سے دوچار ہوئے ۔
٭ راولپنڈی سے پیپلزپارٹی کے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف بھاری اکثریت سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہو گئے جبکہ ان کے صاحبزادے راجہ خرم پرویز صوبائی انتخاب میں شکست کھا گئے ۔
٭ لاہور اور ملتان سے تین خاندانوں کے باپ بیٹے بیک وقت قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہونے میں کامیاب ہوئے ان میں مسلم لیگ کے میاں شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز قومی اور پنجاب اسمبلی پرویزملک اور ان کے صاحبزادے علی پرویز ، پی ٹی آئی کے مخدوم شاہ محمود قریشی اور ان کے بیٹے زین حسین قریشی قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہو گئے ۔مخدوم شاہ محمود قریشی ملتان سے صوبائی انتخاب ہار کر وزیراعلیٰ پنجاب کی دوڑ سے باہر ہو گئے ۔
٭ خیرپور سے پیپلزپارٹی کے بزرگ پارلیمنٹرین سید قائم علی شاہ سندھ اسمبلی اور ان کی بیٹی سیدہ نفیسہ شاہ قومی اسمبلی کا انتخاب جیت گئیں ۔ ٭ پیپلزپارٹی کے بلال بھٹو لاڑکانہ اور ان کے والد آصف زرداری نواب شاہ سے قومی اسمبلی کا انتخاب جیت گئے ۔
٭ آصف علی زرداری کی بہن فریال تالپور لاڑکانہ اور دوسری بہن عذرا پیچوہو نواب شاہ سے سندھ اسمبلی کا انتخاب جیت گئیں ۔ فریال تالپورنے سندھ کے صوبائی حلقہ پی ایس 10سے ممتاز بھٹو کے بیٹےامیر بخش بھٹو کو شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کیا ہے ۔
٭ لاہور سے مسلم لیگ (ن) کے خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق صوبائی انتخاب جیت گئے تا ہم خواجہ سعد رفیق قومی اسمبلی کا انتخاب ہار گئے ۔
٭ لاہور سے مسلم لیگ (ن) کے دانیال چودھری اور اسامہ چودھری قومی اور پنجاب اسمبلی کا انتخاب ہار گئے، دونوں ناکام امیدوار سینیٹر تنویر چودھری کے صاحبزادے ہیں ۔
٭ لاہور سے مسلم لیگ (ن) کے ملک افضل کھوکھر قومی اسمبلی کا انتخاب جیت گئے ان کے بھائی سیف الملوک قومی اسمبلی اور دو بھتیجے فیصل کھوکھر اور عرفان شفیع کھوکھر پنجاب اسمبلی کا انتخاب ہار گئے ۔
٭ قصور سے اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں اپنے کزن پی ٹی آئی کے رانا محمد اسلم خان کو ایک بار پھر شکست دے کر پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوگئے ۔
٭ قصور سے مسلم لیگ (ن) کے رانا محمد حیات خاں اور ان کے بھائی رانا محمد اسحاق خاں ایک بار پھر قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوگئے ۔
٭ پھولنگر سے مسلم لیگ (ن) کے رانا محمد حیات خاں نے صوبائی انتخاب میں اپنے بھتیجے نعیم ریاض رانا کو ہرایا ۔
٭ قصورسے نکئی خاندان کے سردار طالب حسین اور سردار آصف نکئی دونوں قومی اسمبلی کا انتخاب ہار گئے ۔
٭ خانیوال سے سابق سپیکر قومی اسمبلی سید فخرامام عرصہ بعد قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوگئے اور ان کی صاحبزادی صغریٰ امام جھنگ سے قومی اسمبلی کا نتخاب نہ جیت سکیں ۔
٭ جہلم سے پی ٹی آئی کے چودھری خاندان کے چودھری فرخ الطاف اور چودھری فواد احمد دونوں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر پہلی بار قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوگئے ۔
٭ جہلم سے مسلم لیگ (ن) کے ندیم خادم اور ان کے چچا چودھری لعل حسین دونوں قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی کا انتخاب ہار گئے ۔
٭ جھنگ سے پیپلزپارٹی کے مخدوم فیصل صالح حیات اور ان کے بھائی مخدوم اسد حیات قومی اسمبلی کے انتخاب میں ناکام ہوگئے تاہم سیدفیصل صالح حیات آزاد حیثیت سے پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوگئے ۔
٭ خانیوال سے ظہور حسین قریشی پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر پہلی بار اپنے پھوپھی زاد بھائی پیپلز پارٹی کے حیدر زمان قریشی کو شکست دے کر ایم این اے منتخب ہوئے ہیں ۔ وہ ملتان سے مخدوم شاہ محمود قریشی کے بھانجے اور زین قریشی کے ماموں زاد بھائی ہیں ۔
٭ لاہور سے پی ٹی آئی کے چودھری منشاء سندھو میاں شہباز شریف کے مقابلے میں قومی اسمبلی کا انتخاب ہار گئے ہیں لیکن ان کے بھتیجے نقاش سلیم ایم پی اے منتخب ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔
٭ سرگودھا سے پی ٹی آئی کے عامر سلطان چیمہ قومی اسمبلی اور ان کے صاحبزادے منیب سلطان پنجاب اسمبلی کا انتخاب جیت گئے ۔
٭ گجرات سے چودھری ظہور الٰہی کے پوتے حسین الٰہی اور داماد چودھری پرویز الٰہی قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوگئے ۔
لنک
 
Top