کچھ بھی نہیں بدلا!

سلمان حمید

محفلین
کہنے کو تو ہم پچھلے مہینے (مارچ) میں پاکستان تشریف لے گئے تھے اور اپنی ایک مہینے کی چھٹیاں ایسے گزاریں جیسے ان چار ہفتوں سے زیادہ مصروف ترین دن پورے سال میں نہ تھے لیکن وہ سارا وقت یوں گزرا کہ آج دفتر میں پہلا دن چھٹیوں پہ جانے سے پہلے کے آخری دن سے ایسے جڑ گیا ہے جیسے درمیان میں ایک ویک اینڈ آیا ہواور بس۔

پہنچتے ہی اپنی اکلوتی سالی صاحبہ کی شادی میں شرکت کی، پھر جو رشتے داروں سے ملنے ملانے کا سلسلہ اور ننکانہ صاحب (آبائی شہر) سے دوسرے شہروں کی جانب بھاگ دوڑ شروع ہوئی تو چھوٹے بھائی کی شادی ہی واپس ننکانہ کھینچ کر لائی۔ شادی کے دنوں میں بیمار پڑنا اور بہت سارے شغل میلے سے محروم رہ جانا، ولیمے کے اگلے دن ہی واپس جرمنی کے لیے پر تول لینا (یہاں جہاز کے پر بھی تولے جا سکتے ہیں) اور پھر آتے ہی ڈاکٹر سے رابطہ کر کے ایک ہفتے کی مزید چھٹی لے کر گھر لمبی تان کر سوئے رہنا، بھی اسی دورانیے کا حصہ ہیں جس کو میں اپنے پچھلے سال کے بہترین دن گردانتا ہوں۔

لیکن یہ کیا۔۔۔! واپس آتے ہی جب سکائیپ (skype) پر گھر والوں کو دیکھا تو یہ روز مرہ کا ایک کام لگا جو ہر شام کرنا ضروری ہوتا ہے، بیٹا صاحب بھی آتے ہی گھر میں ایسے بھاگنا دوڑنا اور کھیلنا شروع ہو گئےجیسے جناب، پاکستان میں اپنی عمر سے چھوٹے و بڑے بچوں کے ساتھ صبح شام کھیلنے کے ساتھ ساتھ مختلف (اور تقریباً سبھی) اقسام کے رشتے داروں سے کبھی ملے تک نہ تھے۔ بیگم نے کچھ دن آہ و زاری کی اور پھر کچن میں برتنوں کی کھٹ پٹ کے شور میں یہ آوازبھی دب گئی۔

آج دفتر پہنچا تو سبھی نے روز کی طرح با آواز بلند استقبال کیا لیکن آج گڈ مارننگ کے نعرے میں جوش زیادہ تھا۔ ڈینیل نے روز کی طرح حال پوچھا اور میں نے اس کی کرسی کے پاس سے گزرتے ہوئے اس کے کندھے پر روز کی ہی طرح ہاتھ مارا اور وہ مسکرا دیا۔ فالکو نے آج بھی لیب سے اندر جھانکتے ہوئے گڈ مارننگ کی آواز لگائی تو میں نے اس سے ہمیشہ کی طرح "کافی تیار ہے؟" والا سوال کیا جس کا جواب ہمیشہ کی طرح اثبات میں ہلتا ہو سر تھا، میرے کھانسنے پر کرسٹوس نے ہیڈ فون اتار کر اپنے میز سے "ڈونٹ ڈائی" کی مانوس سی آواز لگائی اور ایلیکس بھی ہنستے ہوئے پکارا کہ "پاکستانی فلو مجھے مت دے دینا"۔ اسی دوران فرانک کو چھینکیں آنا شروع ہوئیں تو رکنے کا نام نہ لیں تو سبھی نے معنی خیز نظروں سے مجھے گھورا تو میں نے کندھے اچکا کر "اٹس ناٹ بے کاز آف می" کا نعرہ لگا دیا اور فرانک نے چھینکیں رکتے ہی میری طرف "تھینکس سلمان" کا فقرہ اچھال دیا اور میں کھسیانا ہو کر ہنس دیا۔

کچھ بھی تو نہیں بدلا یہاں اور شاید وہاں بھی۔ کاروبارِ زندگی وہاں بھی چلتا چھوڑ کے آیا ہوں اور یہاں بھی چل رہا ہے۔ دوپہر کو کھانے کی بریک میں بیگم کو میسیج کر کے بیٹے کا پوچھا تو وہ اسے سلانے کے لیے لیٹ چکی تھی جس کا مطلب ہر جانب سب ویسا ہی چل رہا ہے جیسا آج سے ایک مہینہ پہلے تھا۔ میرا یہاں ہونا، یا وہاں رہنا ایک سا ہی ہے لیکن شاید بہت اندر کہیں کچھ تبدیلیاں آئی ہوں یا کچھ یادیں دل و دماغ کی دیواروں میں کھرچی گئی ہوں لیکن ان کو دیکھنے اور پرکھنے کے لیے اپنے آپ سے ملنے کا وقت چاہئیے جو اب پتہ نہیں کب ملے۔
لیکن ایک مہینے کی چھٹی کے بعد میں آپ سب کو پھر سے السلامُ علیکم کہتا ہوں :)
 
آخری تدوین:

سلمان حمید

محفلین
پاکستان جا کر بیمار ہونے کا مطلب ہے آپ بھی اب فارنر ہیں۔ :)
وہ تو پچھلے سال لبرٹی سے پراٹھا رول کھا کر اور ایک رات ہسپتال رہ کر دیکھ لیا تھا، اس بار تو ایک دو بار کے علاوہ گھر سے بھی پیٹ بھر کر کھانا نہیں کھایا، ہمیشہ کافی ساری بھوک رکھ کر ہی کھایا :(
اور باہر سے تو نہ ہونے کے برابر کھایا پھر بھی گلا خراب ہو گیا شادی کے دنوں میں اور پھر تھکن سے بخار چڑھ گیا :(
یہ فارنر ہونا مجھے ایک آنکھ نہیں بھایا۔
 

ناعمہ عزیز

لائبریرین
آخااااااااااا آتے ہی احوال لکھ دیا :) اور
وعلیکم السلام
خوش آمدید بھیا :) ڈھیر سارے کام کرنے کے بعد آپ کہیں اور دبلے پتلے تو نہیں ہو گئے نا :ڈی ۔
بھابھی کو میرا سلام ، اور ارحم کو ڈھیرررررررررررررر سارا پیار :)
 

سلمان حمید

محفلین
آخااااااااااا آتے ہی احوال لکھ دیا :) اور
وعلیکم السلام
خوش آمدید بھیا :) ڈھیر سارے کام کرنے کے بعد آپ کہیں اور دبلے پتلے تو نہیں ہو گئے نا :ڈی ۔
بھابھی کو میرا سلام ، اور ارحم کو ڈھیرررررررررررررر سارا پیار :)

بہت بہت شکریہ بہنا اور ہاں، میں نے کافی وزن کھو دیا ہے اس بار، پانچ کلو کے آس پاس تو کہیں نہیں گیا جس کا میری بیگم کو اتنا دکھ ہے کہ اس کا بس نہیں چل رہا کہ مجھےاپنا وہ وزن ڈھونڈنے ابھی کے ابھی بھیج دے :p
تم کو بہت وعلیکم السلام اور ارحم کی طرف سے وعلیکم پیار :)
 

قیصرانی

لائبریرین
ویلکم بیک اور ساتھ مزے کی داستان کا شکریہ
تصاویر بھی اگر ممکن ہوں تو پاکستان کی لگا دیجئے (فیملی فنکشنز وغیرہ نہیں بلکہ جنرلی پاکستان کی)
 

سلمان حمید

محفلین
ویلکم بیک اور ساتھ مزے کی داستان کا شکریہ
تصاویر بھی اگر ممکن ہوں تو پاکستان کی لگا دیجئے (فیملی فنکشنز وغیرہ نہیں بلکہ جنرلی پاکستان کی)
شکریہ@قیصرانی بھائی اور ایک بھی تصویر نہیں لے پایا جو شریکِ محفل کر پاؤں، ایک تو موبائیل ہی چارج نہیں ہوتا تھا بجلی کی آنکھ مچولی کے باعث اور دوسرا بھاگ دوڑ میں خیال ہی نہیں آتا تھا تصاویر لینے کا :(
 

قیصرانی

لائبریرین
شکریہ@قیصرانی بھائی اور ایک بھی تصویر نہیں لے پایا جو شریکِ محفل کر پاؤں، ایک تو موبائیل ہی چارج نہیں ہوتا تھا بجلی کی آنکھ مچولی کے باعث اور دوسرا بھاگ دوڑ میں خیال ہی نہیں آتا تھا تصاویر لینے کا :(
اگلی بار جاتے ہوئے گوگل گلاسز لیتے جائیے گا :(
 

شمشاد

لائبریرین
واپسی مبارک ہو۔ لیکن اتنے زیادہ دن وہاں رہے اور اتنی مختصر روداد۔
تھوڑی بہت تفصیل ہونی چاہیے تھی۔ کہاں کہاں گئے، کس کس شہر میں وقت گزارا۔
 

سلمان حمید

محفلین
واپسی مبارک ہو۔ لیکن اتنے زیادہ دن وہاں رہے اور اتنی مختصر روداد۔
تھوڑی بہت تفصیل ہونی چاہیے تھی۔ کہاں کہاں گئے، کس کس شہر میں وقت گزارا۔
بہت عجیب سا وقت گزرا شمشاد بھائی، بہت گندی سی مصروفیت رہی اور کچھ سمجھ میں نہیں آیا کہ کیا ہو رہا ہے۔ ایک مہینہ رہ آنے کے باوجود کسی پرانے دوست سے نہیں مل سکا اور کچھ ضروری کام بھی نہیں کر پا یا :(
اسلام آباد جانا ہوا ایمبیسی میں، لاہور کے کچھ چکر لگے رشتے داروں سےملنے اور مختلف کاموں کے سلسلے میں، میاں چنوں اور ملتان جانا ہوا رشتے داروں سے ملنے کے لیے۔ بعض ضروری اوقات میں بیماری نےآن لیا تو بس کچھ خاص خوش گوار نہیں رہا اس بار کا جانا ورنہ شاید زیادہ کچھ لکھتا :(
 
Top