کچھ مشکل الفاظ کے معانی و استعمال:

ام اویس

محفلین
الفاظ معانی و جملے ۔۔۔ 10

خراماں خراماں : ٹہلتے ہوئے۔

ہم خراماں خراماں باغ میں پہنچے۔
۔۔۔

موشگافیاں : باریکیاں۔

اس وائرس کی موشگافیوں کو کون جانتا ہے؟
۔۔۔
جی الٹنا : جی گھبرانا۔

ان حالات میں تو اکثریت کا جی الٹنا شروع ہو گیا ہے۔
۔۔۔
صاحبِ فراش ہونا : بستر سے اٹھ نہ سکنا۔

حادثے کے بعد وہ صاحب فراش ہو کر رہ گئی۔
۔۔۔
والا نامہ : خط۔

آپ کا والا نامہ وصول ہوگیا ہے، جوابی خامہ فرسائی لاک ڈاؤن کے بعد ہوگی۔
۔۔۔
فاتر : کم زور۔

سوشل میڈیا پر بھی فاتر العقل لوگ اوٹ پٹانگ حرکتیں کرتے رہتے ہیں۔
۔۔۔
یدِ طولیٰ رکھنا : مہارت ہونا۔

جملے بنانے میں کون یدِ طولیٰ رکھتا ہے؟
۔۔۔
دھرتی کا گز بننا: بہت زیادہ سفر میں رہنا۔

میرا دوست آج کل گھر میں قرنطینہ ہے ورنہ وہ تو دھرتی کا گز بنا رہتا تھا۔
۔۔۔۔
بے غِل و غِش : اندھا دھند، بغیر تکلیف اور محنت کے۔

بے غِل و غش کمایا پیسہ بے برکت ہوتا ہے۔
۔۔۔
پرداخت : پرورش۔

اچھے طلبہ کی پرداخت میں ان کے والدین کا بہت بڑا حصہ ہوتا ہے۔
۔۔۔

وہ جو بے غل وغش ، خراماں خراماں دھرتی کے گز بنے الحاد کی پرداخت کی خاطر عقل کی موشگافیاں جانچنے میں یدِ طولٰی رکھتےتھے ایک ننھے سے کیڑے نے ان کا جی الٹ دیا ہے۔ اب وہ اپنی ہی فاتر العقلی کے ہاتھوں صاحبِ فراش، فی الحال طاغوت کے غیبی والا نامہ کے منتظر ، خامہ فرسائی سے معذور پڑے ہیں۔

الفاظ و معانی: مجاہد فرساد
جملے: قاسم سرویا
پیراگراف: نزہت وسیم
 

سید عاطف علی

لائبریرین
مو شگافیاں جانچنا درست نہیں ہوگا۔ (مو شگافی سے مراد کسی موضوع کی اس حد تک جانچ پڑتال یا بحث و تمحیص کرنا کہ گویا بال کی کھال اتر جائے ) ۔ یعنی موشگافیاں جانچنا ایک متصادم ترکیبی محاورہ ہوا۔
محض "الحاد کی پرداخت کی خاطرعقلی موشگافیوں میں ید طولیٰ رکھتے تھے" ہو سکتا ہے ۔ واللہ اعلم ۔
 
Top