میر :::: کیا بُلبُلِ اسیر ہے بے بال و پر ، کہ ہم :::: Meer Taqi Meer

طارق شاہ

محفلین


غزل
میر تقی میر

کیا بُلبُلِ اسیر ہے بے بال و پر ، کہ ہم
گُل کب رکھے ہے ٹکڑے جگر اِس قدر ، کہ ہم

خورشید صُبْح نِکلے ہے اِس نُور سے کہ تُو
شبنم گِرہ میں رکھتی ہے یہ ، چشمِ تر! کہ ہم

جیتے ہیں تو دِکھاویں گے ، دعوائے عندلیب !
گُل بِن خِزاں میں اب کے وہ رہتی ہے مر ، کہ ہم

یہ تیغ ہے، یہ طشت ہے، یہ ہم ہیں ، کُشتنی !
کھیلے ہے کون ایسی طرح جان پر ، کہ ہم

تلواریں تم لگاتے ہو، ہم ہیں گے دَم بخُود
دُنیا میں یہ کرے ہے کوئی درگُزر ، کہ ہم

اِس جُستجُو میں اور خرابی تو کیا کہیں !
اِتنی نہیں ہُوئی ہے صبا دربدر ، کہ ہم

جیتے ہیں اور روتے ہیں ، لختِ جگر ہیں میر
کرتے سُنا ہے یوں کوئی قِیمہ جگر ، کہ ہم

میر تقی میر
 
آخری تدوین:
Top