اس تصویر کے بارے میں کوئی حتمی رائے تو نہیں دی جا سکتی کیونکہ اس کے ساتھ بہت سی ضروری معلومات موجود نہیں ہیں۔ نہ تو اس تمام واقعے کا دورانیہ بتایا گیا ہے، نہ کسی قسم کی پیمائشیں موجود ہیں، نہ جزیرے کی قریب سے کھینچی گئی کوئی تصاویر ہیں، اور نہ ہی ساتھ ہونے والے دیگر واقعات کا کوئی احوال ہے، مثلاً اگر کوئی زلزلہ وغیرہ محسوس کیا گیا ہو۔۔۔
ایسے میں اسے نہ تو درست قرار دیا جا سکتا ہے اور نہ ہی غلط۔ بلکہ متعلقہ معلومات کا ریکارڈ نہ ہونے سے محسوس ہوتا ہے کہ تصویریں کھینچنے والے لوگوں کو کسی قسم کے تحقیقی کام کا کوئی تجربہ نہیں ہے۔ ایسے میں اس بات کا بھی امکان ہے کہ جزیرہ پہلے سے موجود تھا لیکن دور ہونے کی وجہ سے واضح طور پر نظر نہیں آ رہا تھا، ان کی توجہ دھواں اٹھنے کی وجہ سے اس طرف گئی اور دھواں چھٹنے کے بعد انہیں ایک جزیدہ نظر آیا تو انہیں لگا کہ یہ نیا نیا بنا ہے۔
لیکن یہ امکان بھی موجود ہے کہ واقعی انہوں نے ایک نیا جزیرہ بنتے دیکھا ہے۔ ایسے میں میرے ذہن میں جو بہترین نقشہ بنتا ہے، وہ کچھ اس طرح کا ہے کہ اس مقام پر سمندر کی سطح سے تھوڑا ہی نیچے ایک آتش فشاں کا دہانہ موجود تھا جس سے اس دن لاوے کا اخراج ہوا اور وہ لاوا پانی میں گھرا ہونے کے باعث تیزی سے ٹھنڈا ہو کر آتش فشاں کے اوپر جم گیا جس سے آتش فشاں مزید بلند ہو کر سطح سمندر سے اوپر تک پہنچ گیا اور واضح طور پر دکھائی دینے لگا۔