گردشِ دوراں مجھے یوں آزمانا چھوڑ دے

اساتذہ کرام جناب محمد یعقوب آسی صاحب، جناب الف عین صاحب، جناب محمد وارث صاحب، اور دیگر صاحبانِ علم اور محفلین سے التماس ہے کہ غزل پر نظر فرمائیں۔ شکریہ
گردشِ دوراں مجھے یوں آزمانا چھوڑ دے
اس قدر تو مشکلیں میری بڑھانا چھوڑ دے
ضبط کیسے میں کروں ، اتنی مِری برداشت کب
خواہشوں پر حملہ کرنا اور ستانا چھوڑ دے
سخت ہے مجھ پر گراں اب تلخیِ ایام بھی
یوں نہ ہوبس دل مِرا پھر مسکرانا چھوڑ دے
آہ مجھ کوغم ہے تیری سرد مہری کا فقط
مجھ سے یوں مہرِ سما تو منہ چھپانا چھوڑ دے
بھوک سے مرتے ہیں بچے اب بھی میرے دیس میں
پھر یہ احمدؔ کیسے اپنا دل جلانا چھوڑ دے
 
loneliness4ever

محفلین
بھوک سے مرتے ہیں بچے اب بھی میرے دیس میں
پھر یہ احمدؔ کیسے اپنا دل جلانا چھوڑ دے

اتنا سچ میرے بھائی لکھنا چھوڑ دیں
 
اس قدر تو مشکلیں میری بڑھانا چھوڑ دے
قدر، اس لفظ کے دو تلفظ ہیں۔ ایک میں ”د“ مفتوح ہے (قضا و قدر والا قدر)، اور ایک میں ساکن جس کا یہاں مقام ہے۔ دالِ ساکن کے ساتھ جو قدر ہے اس کے دو معانی ہیں۔ ایک جو مقدار کو واضح کرتا ہے جیسا کہ یہاں کر رہا ہے، اور دوسرا کسی کی شوکت کو ظاہر کرتا ہے، قدر و منزلت والا۔ آپ نے قدر کی دال کو مفتوح باندھا ہے جب کے یہاں مقام ثانی الذکر قدر کا ہے۔
ضبط کیسے میں کروں ، اتنی مِری برداشت کب
اس میں تعقیدِ لفظی موجود ہے۔ یوں ایک بہتر شکل ہو سکتی ہے: ضبط میں کیسے کروں۔۔۔ الخ
سخت ہے مجھ پر گراں اب تلخیِ ایام بھی
تعقیدِ لفظی اور معنوی دونوں موجود ہیں۔ جملے کی ساخت اس طرح ہے: مجھ پر سخت گراں ہے۔ جس کو نحس کر کے ”سخت ہے مجھ پر گراں“ کر دیا گیا ہے۔ اور تلخیِ ایام بھی!؟ بھی یہاں بےمعنی ہی نہیں انتہائی غلط بھی ہے۔ تلخیِ ایام، گراں ہی ہوتی ہے جناب، خوشگواری نہیں لاتی۔
مجھ سے یوں مہرِ سما تو منہ چھپانا چھوڑ دے
منہ چھپانا محاورہ ہے، اور آپنے جو مطلب بیان کرنا چاہا ہے وہ اس محاورے سے میل نہیں کھاتا۔ لہٰذا خلافِ محاورہ ہے اور یہ معائبِ سخن میں سے ایک ہے۔ دوسری بات یہ کہ مہرِ سما کی نامانوس ترکیب کے بجائے اگر کوئی روایتی سی ترکیب ہوتی تو روانی بڑھ جاتی، جیسے ”جانِ جہاں“ یا ”اے جانِ جاں“۔

ایک بہتر غزل ہے۔
 
اس میں تعقیدِ لفظی موجود ہے۔ یوں ایک بہتر شکل ہو سکتی ہے: ضبط میں کیسے کروں۔۔۔ الخ
بہت شکریہ اپنی آرا سے نوازنے کا یہ تعقیدِ لفظی والا معاملہ واقعی کچھ پیچیدہ ہوتا جا رہا ہے میرے لئے اور آپ نے جو شکل بتائی وہ میری نظر میں بہتر نہیں بہترین ہے
تعقیدِ لفظی اور معنوی دونوں موجود ہیں۔ جملے کی ساخت اس طرح ہے: مجھ پر سخت گراں ہے۔ جس کو نحس کر کے ”سخت ہے مجھ پر گراں“ کر دیا گیا ہے۔ اور تلخیِ ایام بھی!؟ بھی یہاں بےمعنی ہی نہیں انتہائی غلط بھی ہے۔ تلخیِ ایام، گراں ہی ہوتی ہے جناب، خوشگواری نہیں لاتی۔
کتنے سہل اندازسے آپ نے اشکال دور کر دیا میرا بہت شکریہ محترم
حوصلہ افزائی کا ایک دفعہ پھر بہت بہت شکریہ
 
فاروق بھائی میں نے ابھی پڑھی ہے آپکی غزل ماشاء الله بہتر ہے - تخیل اپکا ہمیشہ سے جاندار ہوتا ہے - غزل کے مطلع سے آخری شعر تک داخلی مضامین کا اثر رہا مقطع میں ملک آشوب - اچھا انداز ہے -
باقی باتیں حجاز بھائی کی توجہ حاصل ہے بہتری کی بھرپور امیدیں ہیں

تلخیِ ایام بھی!؟ بھی یہاں بےمعنی ہی نہیں انتہائی غلط بھی ہے۔ تلخیِ ایام، گراں ہی ہوتی ہے جناب، خوشگواری نہیں لاتی۔

حجاز بھائی میرا خیال ہے اس مصرع میں "بھی" کا لفظ دیگر محذوف معاملات کی گرانی کی طرف اشارہ ہے - گردش ایام کی دو مختلف حالتیں مراد نہیں ہیں -

منہ چھپانا محاورہ ہے، اور آپنے جو مطلب بیان کرنا چاہا ہے وہ اس محاورے سے میل نہیں کھاتا۔ لہٰذا خلافِ محاورہ ہے اور یہ معائبِ سخن میں سے ایک ہے

منہ چھپانا : اگر پہلے مصرعے کو جدا کر دیں - اب صرف مصرع ثانی دیکھیں تو یہ محاورے کے مطابق ہی ہو جائے گا ایسے میں فقط مصرع اول بدلنے سے یہ درست ہو سکتا ہے ؟

دوستی کا پردہ ہے بیگانگی
منہ چُھپانا ہم سے چھوڑا چاہیے

منہ چھپانا تھا تمہیں پہلے ہی روز
اب کیا پردہ تو کیا پردہ کیا
 
جب کلاس میں ٹیچر نہیں آتے توبلیک بورڈ کے سامنے کھڑے ہو کر شریر لڑکے انکی نقل کرتے ہیں - اساتذہ کی موجودگی میں میرا یہاں بات کرنا بھی ایسا ہی ہے -
اس لئے استاد کے آنے سے پہلے ہم تو چلے - :LOL::p:D:ROFLMAO:
 
فاروق بھائی میں نے ابھی پڑھی ہے آپکی غزل ماشاء الله بہتر ہے - تخیل اپکا ہمیشہ سے جاندار ہوتا ہے - غزل کے مطلع سے آخری شعر تک داخلی مضامین کا اثر رہا مقطع میں ملک آشوب - اچھا انداز ہے -
باقی باتیں حجاز بھائی کی توجہ حاصل ہے بہتری کی بھرپور امیدیں ہیں
ذرہ نوازی ہے جی آپ کی محفل میں آنے کا مقصد پورا ہو رہا ہے اور کیا چاہئے زبان کے مسائل کچھ زیادہ ہی آ رہے ہیں اب کیا کہئے بقول داغ
کہ آتی ہے اردو زباں آتے آتے
 
جب کلاس میں ٹیچر نہیں آتے توبلیک بورڈ کے سامنے کھڑے ہو کر شریر لڑکے انکی نقل کرتے ہیں - اساتذہ کی موجودگی میں میرا یہاں بات کرنا بھی ایسا ہی ہے -
اور آپ یہ ڈیوٹی بخوبی انجام دے رہے ہیں اور اچھی بھی لگ رہی ہے یہ ڈیوٹی دینا محفل میں رونق لگی رہتی ہے
 
Top