پاکستان ملائشیا کا سیمی فائنل جمعرات کو
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
نویں ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کا سیمی فائنل جمعرات کو پاکستان اور ملائشیا کے درمیان کھیلا جائےگا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی کوریا کا مقابلہ چین سے ہوگا۔
دفاعی چیمپین بھارتی ٹیم کو پاکستان کے ہاتھوں دو کے مقابلے میں تین گول کی شکست کے بعد سیمی فائنل تک رسائی کےلیے چین سے میچ جیتنا ضروری تھا لیکن دو دو گول سے برابری کے سبب بھارتی ٹیم گروپ مرحلے سے ہی آگے نہ بڑھ سکی۔
بھارت نے دوسال قبل چنئی میں منعقدہ ایشیا کپ کے فائنل میں جنوبی کوریا کو دو کے مقابلے میں سات گول سے شکست دی تھی۔اس ٹورنامنٹ میں ملائشیا نے جاپان کو ہراکر تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔
پاکستانی ٹیم کی کارکردگی آٹھویں ایشیا کپ میں انتہائی مایوس کن رہی تھی اور وہ گیارہ ٹیموں کے اس ٹورنامنٹ میں چین سے ہارکر چھٹے نمبر پر آئی تھی۔ یہ پہلا موقع تھا جب پاکستانی ٹیم پہلی تین پوزیشنوں میں شامل نہیں ہوسکی تھی۔
پاکستانی ٹیم اب تک تین مرتبہ ایشیا کپ جیت چکی ہے لیکن اس کی آخری کامیابی 1989میں رہی تھی جس کے بعد وہ دو مرتبہ1999 اور2003 میں فائنل کھیلی تھی جبکہ1994 میں اس کی پوزیشن تیسری رہی تھی۔
نویں ایشیا کپ سے قبل ملائشیا ہی میں کھیلے گئے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستانی ہاکی ٹیم غیرتسلی بخش کارکردگی دکھاتے ہوئے پانچ ٹیموں میں چوتھے نمبر پر آئی تھی ۔ اس صورتحال کے نتیجے میں پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سہیل عباس اور وسیم احمد کو ٹیم میں شامل کرلیا۔
یہ دونوں کھلاڑی انٹرنیشنل ہاکی کو خیرباد کہنے کے بعد ہالینڈ میں لیگ ہاکی کھیلتے رہے ہیں تاہم متعدد بار پاکستان ہاکی فیڈریشن کے بلانے کے باوجود ٹیم میں شامل ہونے سے گریز کرتے رہے۔
سہیل عباس انٹرنیشنل ہاکی میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی ہیں اور بھارت کے خلاف اہم میچ میں انہوں نے فیصلہ کن گول کرکے پاکستان کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔
ایشیا کپ جیتنے والی ٹیم آئندہ سال بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں براہ راست حصہ لے گی۔بقیہ ٹیموں کو عالمی ایونٹ تک رسائی کے لئے کوالیفائنگ راؤنڈز کھیلنے ہوں گے۔