ہر کسی کو کب بھلا یوں مسترد کرتا ہوں میں؟۔۔۔۔ اقبال ساجد

محمد بلال اعظم

لائبریرین
ہر کسی کو کب بھلا یوں مسترد کرتا ہوں میں؟
تُو ہے خوش قسمت اگر تجھ سے حسد کرتا ہوں میں

بغض بھی سینے میں رکھتا ہوں امانت کی طرح
نفرتیں کرنے پہ آ جاوں تو حد کرتا ہوں میں

کوئی اپنے آپ کو منوانے والا بھی تو ہو
ماننے میں کب کسی کے رَد و کد کرتا ہوں میں

کچھ شعوری سطح پر، کچھ لاشعوری طور پر
کارِ فکر و فن میں اب سب کی مدد کرتا ہوں میں

اس لیے مجھ سے خفا ہیں اہلِ گلشن آج کل
رنگ جھٹلاتا ہوں ، خوشبو مسترد کرتا ہوں میں

میرے جذبوں سے بچاؤ، نیک دل لوگو مجھے
روزو شب ان بدمعاشوں کی مدد کرتا ہوں میں

دوسروں کے واسطے لکھا ہوا لگتا ھے جھوٹ
اپنی سچائی کو اکثر آپ رَد کرتا ہوں میں

رنگ پر آئی ھُوئی ھے اب جنوں خیزی میری
روز و شب توہینِ اربابِ خرد کرتا ہوں میں

طوق گردن میں پہنتا ہوں لہو کی دھار کا
خلق کو حیران ساجد زَد بہ زَد کرتا ہوں میں

اقبال ساجد
 
Top