ہماری بے حسی ہم کو کہاں تک لے کے جائے گی---برائے اصلاح

الف عین
محمد خلیل الرحمٰن
محمّد احسن سمیع :راحل:
------------
مفاعیلن مفاعیلن مفاعیلن مفاعیلن
---------
ہماری بے حسی ہم کو کہاں تک لے کے جائے گی
ستم سہتے رہے یونہی تو دنیا سر کو آئے گی
------------
جیو دنیا میں عزّت سے مگر ڈرنا فقط رب سے
یہاں اٹھنا ہے ہمّت سے ، تمیں دنیا جھکائے گی
---------
کسی پر رحم کھانے کی زمانے کو نہیں عادت
تری تکلیف پر دنیا تو خوشیاں ہی منائے گی
-------
یہاں ہر چیز بکتی ہے خریدو جو بھی چاہو تم
کسی پر ظلم کرنا ہو تو دنیا ساتھ جائے گی
---------------
ابھی یہ ساتھ تھے تیرے ابھی تیرے مخالف ہیں
یہ دنیا بے مرّوت ہے کسی کی بن نہ پائے گی
----------
نہیں ہے قدر زندوں کی ، یہ قبروں کے مجاور ہیں
تری بھی قبر ارشد بعد مرنے کے سجائے گی
---------------
 
الف عین

لائبریرین
میں ابھی یہی سوچ رہا تھا کہ دو تین دن سے یہاں نہیں آ سکے تو آج پیغام دیا جائے تم کو۔ فکر رہتی ہے نا، اب طبیعت کیسی ہے؟
 
الف عین

لائبریرین
ہماری بے حسی ہم کو کہاں تک لے کے جائے گی
ستم سہتے رہے یونہی تو دنیا سر کو آئے گی
------------ کچھ دو لختی کی کیفیت ضرور ہے، کچھ بہتر ربط کے لئے ثانی کو اولی بنا دیں اور
یہ اپنی بے بسی دیکھو کہاں تک......
بہتر ہو گا

جیو دنیا میں عزّت سے مگر ڈرنا فقط رب سے
یہاں اٹھنا ہے ہمّت سے ، تمیں دنیا جھکائے گی
--------- یہ بھی دو ہی نہیں، چہار لخت ہے!

کسی پر رحم کھانے کی زمانے کو نہیں عادت
تری تکلیف پر دنیا تو خوشیاں ہی منائے گی
------- ٹھیک

یہاں ہر چیز بکتی ہے خریدو جو بھی چاہو تم
کسی پر ظلم کرنا ہو تو دنیا ساتھ جائے گی
--------------- دو لخت

ابھی یہ ساتھ تھے تیرے ابھی تیرے مخالف ہیں
یہ دنیا بے مرّوت ہے کسی کی بن نہ پائے گی
---------- صیغہ؟ ساتھ تھے، مخالف ہیں سے لگتا ہے کہ فاعل ہے "لوگ" پھر اگلے مصرع میں دنیا میں بدل گیا!

نہیں ہے قدر زندوں کی ، یہ قبروں کے مجاور ہیں
تری بھی قبر ارشد بعد مرنے کے سجائے گی
کون مجاور ہیں؟ کون قبر سجائے گی؟

آپ اپنی شاعری پر خود ممکنہ سوال پوچھا کریں ہر شعر کے فاعل کے بارے میں، تو خود ہی اپنی اغلاط پکڑ سکتے ہیں
 
میں ابھی یہی سوچ رہا تھا کہ دو تین دن سے یہاں نہیں آ سکے تو آج پیغام دیا جائے تم کو۔ فکر رہتی ہے نا، اب طبیعت کیسی ہے؟
استادِ محترم السلام علیکم---محترم میری صحت پہلے سے کافی بہتر ہے ۔ لیکن آکسیجن کی کمی کی وجہ سے کمزوری بہت ہے۔صبح و شام نیبیلائزر لیتا ہوں جس سے بہتری آ رہی ہے ۔ بھاپ بھی لیتا ہوں۔ڈاکٹروں سے بالمشافہ ملاقات تو ابھی ممکن نہیں ۔ ویڈیو لنک پر بات ہوتی ہے۔ آپ کبھی کبھی دعا کر دیا کریں اللہ بہتر کرے گا ۔ اللہ تو معاف کرتا ہی ہے لوگ بھی معاف کر دیتے ہیں لیکن انسان کی غلطی انسان کو معاف نہیں کرتی۔۔ساری عمر سموکینک کی کچھ تو سزا ملنی تھی۔پھیپھروں کی مضبوطی کے لئے آپ کے علم میں کوئی دیسی نسخہ، ٹوٹکا یا علاج ہو تو ضرور بتایئے گا۔غزل کو بہتر کر کے چند دن میں پیش کروں گا ۔ اللہ ہم سب کو اپنے حفظ و امان میں رکھے ۔آپ کا شاگرد اور چھوٹا بھائی--ارشد چوہدری
 
Muhammad Ishfaq

محفلین

اللہ پاک آپ کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔ آمین۔
 
الف عین
---------
مفاعیلن مفاعیلن مفاعیلن مفاعیلن
---------
(دوبارا)
----------
ستم سہتے رہے یونہی تو دنیا سر کو آئے گی
یہ اپنی بے بسی دیکھو کہاں تک.لے کے جائے گی
------------
تجھے ہمّت سے اٹھنا ہے خدا کا آسرا لے کر
اگر کمزوری دکھاؤ گے تجھے دنیا جھکائے گی
-------یا
یہاں اٹھنا ہے ہمّت سے ، تمیں دنیا جھکائے گی
-----------
کسی پر رحم کھانے کی زمانے کو نہیں عادت
تری تکلیف پر دنیا تو خوشیاں ہی منائے گی
-------------
کسی پر ظلم کرنا ہو ، کسی کو قتل کرنا ہو
اگر دو چار پیسے تم تو دنیا ساتھ جائے گی
-----------
بدل جاتے ہیں لمحوں میں کئی چہرے ہیں دنیا کے
یہ دنیا بے مروّت ہے کسی کی بن نہ پائے گی
-----------
تمہاری قبر پر ارشد دعائیں سب ہی مانگیں گے
----------یا
تمہارے ساتھ بھی ارشد وہی ہو گا جو ہوتا ہے
چلے جاؤ گے دنیا سے تمہاری یاد آئے گی
 
تجھے ہمّت سے اٹھنا ہے خدا کا آسرا لے کر
اگر کمزوری دکھاؤ گے تجھے دنیا جھکائے گی
-------یا
یہاں اٹھنا ہے ہمّت سے ، تمیں دنیا جھکائے گی

اس شعر میں ( دونوں متبادل مصرعوں کے ساتھ) شتر گربہ ہے

کسی پر ظلم کرنا ہو ، کسی کو قتل کرنا ہو
اگر دو چار پیسے تم تو دنیا ساتھ جائے گی
شعر کا مطلب مکمل نہیں ہوا۔ کچھ بے معنی سی بات کہی گئی ہے یا شاید کچھ ٹائیپو ہے۔
 
دوبارا
--------
تمہیں ہمّت سے اٹھنا ہے خدا کا آسرا لے کر
اگر کمزوری دکھاؤ گے تمہیں دنیا جھکائے گی
-------یا
یہاں اٹھنا ہے ہمّت سے ، تمیں دنیا جھکائے گی
--------------
خریدو ہاتھ دنیا کے ، جلانا گھر ہو دشمن کا
انہیں دو ، چار پیسے تم تو دنیا ساتھ جائے گی
--------
اسے دشمن خریدے گر تمہارا گھر جلائے گی
------------
 
آخری تدوین:

الف عین

لائبریرین
مطلع ٹھیک ہو گیا
اگر کمزوری دکھاؤ گے تمہیں دنیا جھکائے گی
بحر میں نہیں ہے، اگر کی جگہ جو لاؤ تو درست ہو جائے گا دوسرا شعر
اگلا منائے گی والا شعر بھی درست

اگر دو، چار پیسے تم تو دنیا ساتھ جائے گی
کوما لگانے سے واضح ہوا ہے، لیکن کیا الفاظ کی ترتیب نہیں بدلی جا سکتی؟
اگر تم چار پیسے دو، تو دنیا......
لیکن اس پر کوئی بھی گرہ درست نہیں لگ رہی۔ دو لختی ہے

بدل جاتے ہیں لمحوں میں کئی چہرے ہیں دنیا کے
یہ دنیا بے مروّت ہے کسی کی بن نہ پائے گی
----------- ٹھیک اگرچہ کچھ دو لخت یہ بھی لگتا ہے

تمہاری قبر پر ارشد دعائیں سب ہی مانگیں گے
----------یا
تمہارے ساتھ بھی ارشد وہی ہو گا جو ہوتا ہے
چلے جاؤ گے دنیا سے تمہاری یاد آئے گی
.. دوسرا متبادل بہتر ہے، پہلے متبادل کا تو ربط بنتا ہی نہیں
 
Top