ہے مجیب الدعا سے یہ میری دعا۔ ممتا کے بول ۔ ام عبد منیب

ام اویس

محفلین
ہے مجیب الدّعا سے یہ میری دُعا
پھول ننھے مرے تو رہے مہکتا

قول و کردار میں تو مسلماں رہے
کلمہ طیبہ تیری پہچاں رہے
ہو عَلم تیرے ہاتھوں میں توحید کا
ہے مجیب الدّعا سے یہ میری دُعا

تو معوذ معاذ ایسا غازی بنے
پانچ وقتوں کا پکا نمازی بنے
تو بلالی اذاں کا رہے ہم نوا
ہے مجیب الدّعا سے یہ میری دعا

تجھ کو صدیق جیسی صداقت ملے
عمر فاروق جیسی عدالت ملے
پائے عثمان جیسی تو شرم وحیا
ہے مجیب الدّعا سے یہ میری دعا

تو علی اور حمزہ کی طرح شیر
مثلِ خالد ہو بے باک ، مردِ دلیر
تجھ کو حاصل ہو بوذر سا فقر و غنا
ہے مجیب الدّعا سے یہ میری دعا

تو اطاعت نبی کی رکھے سامنے
اور لوحِ احادیث کو تھام لے
تجھ کو محبوب ہو ، سنتِ مصطفٰی
ہے مجیب الدعا سے یہ میری دعا

رنگ اچھائی کے تیرے رُخ سے ملیں
پھول سچائی کے تیرے لب پر کھلیں
روشنی علم کی تو رہے بانٹتا
ہے مجیب الدعا سے یہ میری دعا

بے کسوں کے لیے تیری ہمدردیاں
غم میں بن جائیں مضبوط بیساکھیاں
خیر اندیش ہو غم زدوں کا سدا
ہے مجیب الدّعا سے یہ میری دعا

وہ جو چھپ چھپ کے شامل ہو اغیار میں
وہ یقینا منافق ہے کردار میں
اس سے محفوظ رکھے تجھے کبریا
ہے مجیب الدعا سے یہ میری دعا
 
Top