جون ایلیا یاد اُسے انتہائی کرتے ہیں

لاریب مرزا

محفلین
یاد اُسے انتہائی کرتے ہیں
سو ہم اس کی بُرائی کرتے ہیں

پسند آتا ہے دِل سے یوسف کو
وہ جو یوسف کے بھائی کرتے ہیں

ہے بدن خوابِ وصل کا دنگل
آؤ زور آزمائی کرتے ہیں

اُس کو اور غیر کو خبر ہی نہیں
ہم لگائی بجھائی کرتے ہیں

ہم عجب ہیں کہ اُس کی بانہوں میں
شکوۂ نارسائی کرتے ہیں

حالتِ وصل میں بھی ہم دونوں
لمحہ لمحہ جدائی کرتے ہیں

آپ جو میری جاں ہیں، میں دل ہوں
مجھ سے کیسے جدائی کرتے ہیں

با وفا ایک دوسرے سے میاں
ہر نفس بے وفائی کرتے ہیں

جو ہیں سرحد کے پار سے آئے
وہ بہت خود ستائی کرتے ہیں

پَل قیامت کے سُود خوار ہیں جون
یہ ابد کی کمائی کرتے ہیں​
 
مدیر کی آخری تدوین:

حماد علی

محفلین
ہائے شاعری ہمارے بس کا روگ نہیں :)
ہزاروں خواہشیں ایسی کے ہر خواہش پہ دم نکلے
میرے ارماں تو بہت نکلے مگر پھر بھی کم نکلے

مجھے تو اشعار موقع پر یاد بھی نہیں آتے ، مگر بخدا شاعری کرنے کا بہت شوق ہے لیکن ابھی تک تو قافیہ و ردیف کا ہی استعمال نہ سیکھ پایا اس لیہ فقط پڑھنے پر گزارا ہے!
 
اے خان

ہم بھی پڑھنے پر ہی گزارا کرتے ہیں.
 
ہزاروں خواہشیں ایسی کے ہر خواہش پہ دم نکلے
میرے ارماں تو بہت نکلے مگر پھر بھی کم نکلے
ے!
میرے خیال میں اس شعر کی بھی 'ہڈی پسلی' ایک ہو گئی ہے۔ میرے علم میں یوں ہے:
ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پہ دم نکلے
بہت نکلے مرے ارمان لیکن پھر بھی کم نکلے:)
 
میاں بے شک ایسا ہی ہوگا لیکن میں نے یہ شعر کہیں پڑھا نہیں تھا بلکہ کسی کی زبان سے ادا ہوتے ہوے سنا تھا ۔
پڑھی ہوئ بات مجھے یاد رہے نہ رہے سنی ہوئ بہت اچھی طرح رہتی ہے سو ابھی اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوے جو سنا تھا اس کو ویسےکا ویسے ہی نقل کر لیا اب غلط ہے یا ٹھیک نہیں جانتا تھا اور نہ تحقیق کی تھی!
آپ کی راہنمائ کا شکریہ!
 
تو گویا آپ auditory learner ہیں۔ :) اب آپ کو تجربہ تو ہو گیا ہو گا کہ اردو محفل میں کچھ غلط لکھیں تو انسان فوراً پکڑ میں آ جاتا ہے۔ :) آئندہ کوشش کیجیے گا کہ جو بھی لکھیں پہلے اس کی تحقیق کر لیں کہ آیا درست لکھ رہے ہیں یا نہیں۔ :)
 
اجی ایسی چھوٹی موٹی باتوں کے لیے تحقیق پر وقت کیوں ضایع کروں؟
آپ یہ سمجھیے کے اگر میں یہاں کچھ غلط لکھتا ہوں تو وہی میری تحقیق ہے:) یعنی مجھے پتا ہے کہ اگر کچھ غلط لکھوں گا تو یہاں موجود قابل قدر اساتذہ اور دیگر محفلین میری ان چھوٹی چھوٹی کوتاہیوں کی اصلاح فرما دیں گے!:cool:
 
Top