"یاد"۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

زھرا علوی

محفلین
"یاد کے دائروں میں چلتا ہے
آج بھی دل کہاں سنبھلتا ہے

رات دن تو ہمارے بھی جاناں
خامشی سے گزر ہی جاتے ہیں
لوٹ آئیں زمانے گزرے ہوئے
آس یہ ہم کہاں لگاتے ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ہاں وہ کچھ پل مگر
وہی کچھ پل
قریہ ۂ دل میں جو مکیں بن کر
ایک مدت ہوئی کہ ٹھہرے ہیں
شام کی خامشی میں اکثر ہی
بے صدا حرف گنگناتے ہیں
یاد کے دائرے بناتے ہیں
یاد کے دائرے بناتے ہیں

بھول بیٹھے ہیں ہم نقوش اپنے
ایک مدت سے خود کو دیکھا نہیں
"قیدِ زندانِ خود فراموشی
گرچہ ہم آج بھی نبھاتے ہیں"
ہاں وہ کچھ پل مگر
وہی کچھ پل
قریہءِدل میں جو مکیں بن کر
ایک مدت ہوئی کہ ٹھہرے ہیں
صحنِ دل کی اداسیوں میں کبھی
خشک پتوں سے پھیل جاتے ہیں
یاد کے دائرے بناتے ہیں
یاد کے دائرے بناتے ہیں

اور یہ دل
یہ بے نوا سا دل
رہِ منزل کے خارزاروں میں
آرزوؤں کی لو میں جلتا ہے
یاد کے دائروں میں چلتا ہے
 

الف عین

لائبریرین
زہرا۔۔ بستیِ دل کی ترکیب غلط ہے۔ بستی ہندہ لفظ ہے۔۔ اس میں اضافت نہیں لگ سکتی
اس کو قریۂ دل کر دیں۔
باقی بہت خوب نظم ہے۔
 

الف عین

لائبریرین
زہرا۔۔ سیدھی بات تھی۔ بستی ہندی کا لفظ ہے۔ دل کی بستی کہا جاتا تو ٹھیک تھا۔ لیکن بستیِ دل کی ترکیب اس وجہ سے غلط ہے کہ اضافت کا زیر محض فارسی الفاظ میں لگتا ہے۔ جیسے دردِ دل، اس کو ’دکھِ دل ‘ نہیں کہا جا سکتا۔
 

ایم اے راجا

محفلین
بہت خوبصورت نظم ہے واہ واہ واہ،
"یاد کے دائروں میں چلتا ہے
آج بھی دل کہاں سنبھلتا ہے

رات دن تو ہمارے بھی جاناں
خامشی سے گزر ہی جاتے ہیں
لوٹ آئیں زمانے گزرے ہوئے
آس یہ ہم کہاں لگاتے ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

دل کو چھو گئے ہیں یہ لفظ بہت خوب۔
 

زھرا علوی

محفلین
زہرا۔۔ سیدھی بات تھی۔ بستی ہندی کا لفظ ہے۔ دل کی بستی کہا جاتا تو ٹھیک تھا۔ لیکن بستیِ دل کی ترکیب اس وجہ سے غلط ہے کہ اضافت کا زیر محض فارسی الفاظ میں لگتا ہے۔ جیسے دردِ دل، اس کو ’دکھِ دل ‘ نہیں کہا جا سکتا۔

اوہ " ہندی" میں اسے بندی سمجھ بیٹھی تبھی تو سمجھ نہیں آ رہا تھا مگر اب آ گیا۔۔۔۔:):):):)
بہت بہت بہت شکریہ۔۔۔۔
 

الف عین

لائبریرین
چلو۔ تو ایک بات اور سمجھا دوں
اضافت میں یا تو کسرِ اضافت ہوتی ہے یا ہمزۂ اضافت۔ دونوں نہیں ہوتیں۔ میں نے دو تین دن پہلے ہی ایک پوسٹ کر کے سمجھایا تھا کہ جہاں ’ہ‘ کی‌آواز ’الف‘ جیسی نکلتی ہے، وہاں ہمزۂ اضافت استعمال میں آتا ہے۔ جیسے یہی لفظ ہمز
 

الف عین

لائبریرین
ارے۔۔۔۔۔ میں نے اتنا لمبا پیغام لکھا تھا لیکن مکمل پوسٹ نہیں ہوا؟؟؟؟؟
کہا یہ تھا کہ ’قریہ‘ کی آواز قریا جیسی نکلتی ہیے، اس لئے قریۂ درست ہوگا۔ جہاں ہ کی ہی آواز نکلے جیسے راہ، نگاہ، وہاں کسرہ سے اضافت بنے گی۔ نگاہِ کرم، راہِ نجات۔
یہ ۂ یہاں محفل میں کنٹرول اور آلٹ ایک ساتھ دباتے ہوئی ’او‘ کی کنجی سے بنتی ہے۔ یعنی قریہءِ دل غلط املا ہے۔
 

زھرا علوی

محفلین
شکریہ عبید انکل اس اصلاح کے لیے مجھے واقعی میں کچھ الفاظ کے لکھنے کا طریقہ نہیں آیا اب تک۔۔۔ان میں سے ایک یہ بھی تھا امید کرتی ہوں آگے بھی یہ رہنمائی میسر رہے گی۔۔۔:)
 
Top