ڈاکٹر مشاہد رضوی
لائبریرین
یارسول اللہ ﷺ
بحرِغم میں ہوا غرق میں سر بسر ، مصطفیٰ مصطفیٰ یارسولِ خدا
مجھ گنہگار پر ہو کرم کی نظر ، مصطفیٰ مصطفیٰ یارسولِ خدا
ﷺ
میں نے مانا خطاوں سے معمورہوں ، بادۂ جرم پی پی کے مخمور ہوں
ہے بھروسہ شفیع الوریٰ آپ پر ، مصطفیٰ مصطفیٰ یارسولِ خدا
ﷺ
فوجِ غم بڑھ رہی ہے اِدھر جوش پر ، دافعِ غم خدارا کرم کی نظر
طاقتِ صبر دیں وقت ہے پُر خطر ، مصطفیٰ مصطفیٰ یارسولِ خدا
ﷺ
حالِ دل کس کو جاکر سناوں شہا ، کوئی ہمدم نہ دمساز ہی ہے مرا
ماسوا آپ کے اے شہ بحرو بر ، مصطفیٰ مصطفیٰ یارسولِ خدا
ﷺ
کثرتِ جرم سے میں تباہ ہوگیا ، نامہ عصیاں سے میرا سیاہ ہوگیا
کر علاجِ گنہ اے مرے چارہ گر ، مصطفیٰ مصطفیٰ یارسولِ خدا
ﷺ
در پہ آیا ہوں میں چاک سیٖنہ لیے ، دل کا ٹوٹا ہوا آبگینہ لیے
دُور کردیجیے رنج وغم کا اثر ، مصطفیٰ مصطفیٰ یارسولِ خدا
ﷺ
خلق کے داد رس ، سب کے فریادرس ، بے بسوں کے ہیںبس بے کسوں کے ہیں کس
آپ خیرالوریٰ آپ خیرالبشر ، مصطفیٰ مصطفیٰ یارسولِ خدا
ﷺ
توہے فرماں روا ساری مخلوق کا ، دونوں عالم پہ چلتا ہے سکّہ ترا
میرا سویا مقدّر بھی بیدار کر ، مصطفیٰ مصطفیٰ یارسولِ خدا
ﷺ
عشق وعرفاں بھری زندگی بخشدیں ، قلب تاریک ہے روشنی بخشدیں
نُورِ ربُّ العلا، مالکِ خشک وتر ، مصطفیٰ مصطفیٰ یارسولِ خدا
ﷺ
صدق و عدل و صفا ، حلم و صبر و حیا ، خُلق و زُہد و ورع ، عجزدیں اور غنا
دور کردیں مُشاہدؔ سے ہر ایک شر ، مصطفیٰ مصطفیٰ یارسولِ خدا
ﷺ
٭