یوں تو اِس راہ میں زمانا ہوا

عظیم

محفلین
ایک غزل کہنے کی کوشش کی تھی کل رات، اب موقع مل سکا ہے کہ یہاں پوسٹ کر سکوں، شاید کچھ اشعار کسی قابل ہوں، ملاحظہ فرمائیں!

یوں تو اِس راہ میں زمانا ہوا
ہے سفر کیا یہ مجھ پہ وا نہ ہوا

ہر کوئی عشق عشق کرتا ہے
کھیل شاید یہ اب پرانا ہوا

یا مجھے عقل آ رہی ہے ذرا
یا میں کچھ اور بھی دوانہ ہوا

یوں گیا بیٹھ اس کے در پر میں
جیسے میرا یہی ٹھکانہ ہوا

نئی دنیا میں رکھ رہا ہوں قدم
کیسا اس دل کا اس پہ آنا ہوا

آہیں بھرنے کے دن قریب ہیں اب
ختم شاید کہ مسکرانا ہوا

کھو چکا ہوش اس کی چاہ میں جو
وہی دنیا میں اک سیانا ہوا

بیٹھا روتا رہوں گا کونے میں
اس کی محفل میں جب بھی جانا ہوا

اک گلی سے گزر تھا قسمت میں
شعر کہنا تو اک بہانہ ہوا

جس میں پھرتا تھا میں کبھی آزاد
اب وہ گھر میرا قید خانہ ہوا

عظیم

محفلین
واہ! حاصل غزل ہے یہ شعر ۔۔۔
زمانہ کے املا میں ٹائپو ہوا ہے یا یہ بھی کوئی رائج صورت ہے؟
بہت شکریہ آپ کا راحل بھائی
زمانہ میں نے دونوں طرح مستعمل دیکھا ہے، درست تو مجھے بھی زمانہ ہی لگتا ہے مگر قافیہ کو کھلا رکھنے کے لیے میں نے زمانہ کو زمانا لکھا ہے، میرا خیال ہے کہ زمانہ لکھنے سے قافیہ غلط ہو جائے گا ، باقی اشعار کا جن میں سیانا وغیرہ شامل ہیں
بہت خوب ، ماشاء اللہ!
بہت شکریہ آپ کا
ماشاء اللہ
ماشاء اللہ
بہت عمدہ غزل
عظیم میاں جیتے رہیے ۔۔
جزاک اللہ خیر
 
میرا خیال ہے کہ زمانہ لکھنے سے قافیہ غلط ہو جائے گا
میرے خیال میں تو ایسا نہیں، قافیہ اصلا تو ملفوظی ہوتا ہے ۔۔۔ اور ہائے خفی کو الف کا قائم مقام بنانا تو بہت عام ہے ۔ میرے خیال میں تو اصل املا کے ساتھ بھی قافیہ پر کوئی اعتراض وارد نہیں ہوتا۔ ظہیراحمدظہیر بھائی رمضان کی چھٹیوں پر ہیں ورنہ وہ بہتر بتا سکتے تھے۔
 
عظیم

محفلین
بہت اعلیٰ
سب کا ایک ہی حال ہے
شکریہ آپ کا فاخر بھائی۔
میرے خیال میں تو ایسا نہیں، قافیہ اصلا تو ملفوظی ہوتا ہے ۔۔۔ اور ہائے خفی کو الف کا قائم مقام بنانا تو بہت عام ہے ۔ میرے خیال میں تو اصل املا کے ساتھ بھی قافیہ پر کوئی اعتراض وارد نہیں ہوتا۔ ظہیراحمدظہیر بھائی رمضان کی چھٹیوں پر ہیں ورنہ وہ بہتر بتا سکتے تھے۔
مطلع میں میرا خیال ہے کہ اس چیز کا خیال رکھنا ضروری ہوتا ہے، اگر زمانہ اور وا نہ کر دیا جائے تو بقیہ اشعار میں 'نہ' ضروری ہو گا، مزید اگر اس میں کسی قسم کی قباحت ہوتی تو اوپر بابا (الف عین) کا مراسلہ موجود ہے، جو اس کی نشاندہی فرما چکے ہوتے!
 
مطلع میں میرا خیال ہے کہ اس چیز کا خیال رکھنا ضروری ہوتا ہے، اگر زمانہ اور وا نہ کر دیا جائے تو بقیہ اشعار میں 'نہ' ضروری ہو گا،
محض املا سے ایطا لازم نہیں آتا ۔۔۔ زمانہ میں نہ ملفوظا نا ہی ہوتا ہے، اس لیے زمانہ کے ساتھ پرانا، سہانا وغیرہ قوافی درست ہی ہوتے۔
 
مطلع میں میرا خیال ہے کہ اس چیز کا خیال رکھنا ضروری ہوتا ہے، اگر زمانہ اور وا نہ کر دیا جائے تو بقیہ اشعار میں 'نہ' ضروری ہو گا، مزید اگر اس میں کسی قسم کی قباحت ہوتی تو اوپر بابا (الف عین) کا مراسلہ موجود ہے، جو اس کی نشاندہی فرما چکے ہوتے!
نا اور نہ میں صوتیاتی اعتبار سے کوئی فرق نہیں ہے، زمانہ کا املا فارسی سے ماخوذ ہے اور زمانہ ہی لکھا جانا چاہیے. قوافی کا تعلق صوتیات سے ہے املا سے نہیں.
 
عظیم

محفلین
محض املا سے ایطا لازم نہیں آتا ۔۔۔ زمانہ میں نہ ملفوظا نا ہی ہوتا ہے، اس لیے زمانہ کے ساتھ پرانا، سہانا وغیرہ قوافی درست ہی ہوتے۔
نا اور نہ میں صوتیاتی اعتبار سے کوئی فرق نہیں ہے، زمانہ کا املا فارسی سے ماخوذ ہے اور زمانہ ہی لکھا جانا چاہیے. قوافی کا تعلق صوتیات سے ہے املا سے نہیں.
ہو سکتا ہے کہ میں غلط سمجھا ہوں، اگر آپ دونوں بھائیوں کا یہی ماننا ہے تو ٹھیک ہو گا، مگر پھر بھی دل کی تسلی کے لیے بابا سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اس سلسلے میں رہنمائی فرمائیں، مجھے لگتا ہے کہ 'زمانہ' اور 'وا نہ' کو اگر مطلع میں لایا جائے تو باقی اشعار میں 'نہ' کا لانا لازم ہے، بھلے ہی صوتی اعتبار سے کوئی فرق نہ ہو
 
الف عین

لائبریرین

ایطا تو یہاں واقع نہیں ہو گا، نا اور نہ بھی قوافی ہو سکتے ہیں( مگر کہیں ناں بھی دیکھا، جو غلط ہو گا) اس لئے بہتر تو ہے کہ زمانہ کی درست املا ہی لکھی جائے
 
ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
زمانہ میں نے دونوں طرح مستعمل دیکھا ہے، درست تو مجھے بھی زمانہ ہی لگتا ہے مگر قافیہ کو کھلا رکھنے کے لیے میں نے زمانہ کو زمانا لکھا ہے
میں نے کبھی زمانہ کا املا زمانا نہیں دیکھا ۔ اس کی وجہ میرے مطالعے کی کمی بھی ہوسکتی ہے ۔ برادرم عظیم اگر آپ زمانا کی دو چار مثالیں عطا فرمائیں تو اپنے علم میں اضافے کے لیےممنون رہوں گا۔
 
ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
ہو سکتا ہے کہ میں غلط سمجھا ہوں، اگر آپ دونوں بھائیوں کا یہی ماننا ہے تو ٹھیک ہو گا، مگر پھر بھی دل کی تسلی کے لیے بابا سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اس سلسلے میں رہنمائی فرمائیں، مجھے لگتا ہے کہ 'زمانہ' اور 'وا نہ' کو اگر مطلع میں لایا جائے تو باقی اشعار میں 'نہ' کا لانا لازم ہے، بھلے ہی صوتی اعتبار سے کوئی فرق نہ ہو
ویسے تو راحل اور ریحان صاحبان اس کی تفصیلی وضاحت فرما چکے ہیں اور اعجاز بھائی بھی آپ کی تسلی کے لیے تائید کرچکے ہیں ۔ یوں تو مسئلۂ مذکور کی تائید میں سینکڑوں اشعار پیش کیے جاسکتے ہیں لیکن سرِ دست میرؔ کا یہ مطلع دیکھ لیجیے:
تجھ سے ہر آن مرے پاس کا آنا ہی گیا
کیا گلہ کیجے غرض اب وہ زمانہ ہی گیا
 
Top