یہ میری غزلیں یہ میری نظمیں ۔۔

عینی مروت

محفلین

dividerred.gif

محفل پر شیئر کی ہوئی اپنی تمام نظمیں اور غزلیں اساتذہ کی اصلاح، اور نوک پلک درست کرنے کے بعد اس لڑی میں یکجا کر رہی ہوں
اور وقت کے ساتھ ساتھ مزید کلام یہاں منتقل کرتی رہونگی ان شاء اللہ ۔۔۔
اس کلام پر احباب پہلے ہی اپنے قیمتی تبصروں اور مشوروں سے نواز چکے ہیں جس کے لیے محترم بزرگوں سمیت سب کی تہہِ دل سے مشکور ہوں


آدابِ عقیدت

شہرِ محبوبِ حق پہنچ کر
خاتم المرسلیں ﷺ کے در پہ
دل کا پنچھی،وفورِ حُب سے
تمام تر شدتِ عقیدت سے یوں پکارا
یا نبیناﷺ سلام علیکَ!
ان فضاؤں میں بازگشتِ صدا کچھ ایسی ادا سے گونجی
کہ جواباً سکوت کی اک خموش سسکی فضا میں گونجی!۔
گہری سنجیدہ خامشی،ایک ٹھہری ٹھہری ادا سے بولی
چپ! او نادان بےادب زائرِ مدینہ
کیا خبر تجھ کو ،کیا ہیں آدابِ حاضری یاں
شیوۂ حترام شوریدگی نہیں ہے
شیوۂ احترام خاموش بندگی ہے!۔
یاں درود و سلامِ کروّ بیاں سے
ارض و سما کے ذکر و دعا سے
شہر نبیﷺسکوں میں ہے ڈوبا ڈوبا
کوچۂ مصطفےٰ ﷺکے صدقے
اس بیاباں کے ذرّے ذرّے میں ہے متانت
ان ہواؤں میں کیسی پاکیزگی رچی ہے
شان ِدربارِ خاتم المرسلیں ﷺمیں ہر دم
ہر شجر کی زباں پہ تقدیس کا بیاں ہے
پتے پتے کا سر ادب سے جھکا ہوا ہے
سن او ناداں۔۔۔۔۔۔
شدّتِ جذبۂ عقیدت سے گنگ پڑنے لگی ہے تقریر کی زباں بھی
سن او نادان بے خبر زائرِ مدینہ!۔
کب زباں کو کلام سے یہاں واسطہ ہے!؟
یاں ازل سے ہے جذبۂ احترام گم صم
اور خموشی میں ہی عقیدت کی انتہا ہے!!۔
٭
اللھم صل وسلم علی نبینا محمد
dividerred.gif
 

عینی مروت

محفلین
Dividergreen-1.gif

تعمیرِوطن کا خواب

مرے، حالات کے مارے ہوئے لوگو!۔
وطن میں چار سو پھیلی
فضائے بدگمانی،غربت و افلاس
بد امنی سے تم نومید مت ہونا
یہ جو قلب و نظر میں ٹوٹتی امید کے لرزاں دیے
آلام کے طوفاں کی زد میں ہیں
انہیں بجھنے نہ تم دینا
وہی ارضِ وطن ہے یہ۔۔۔ ۔!
جہاں پرکھوں نے خود اپنے لہو سے۔۔
فکرِ نو کے نام اک تحریر لکھی تھی۔۔
نئی آزاد صبحوں کی حسیں تقدیر لکھی تھی!
فضاؤں میں ابھی بھی ان پرستارانِ حر کے نعرۂ تکبیر
کی تاثیر باقی ہے
مگر اک خواب جو دیکھا کئی بے چین آنکھوں نے
ابھی اس خواب کی تعبیر ادھوری ہے)
اسی تعبیر کی تکمیل باقی ہے!۔
یہ دھرتی پھر ہمیں آواز دیتی ہے!۔
مرے لوگو!۔
مرے دیوار و در کی خستگی کی خیر
ہمیں اس گھر کی دیواروں کو یوں مسمار ہونے سے بچانا ہے
کہ خشتِ عزم سے اس کی فصیلوں کی
نئی تعمیر باقی ہے
میرے پرچم کی پیشانی پہ اب بھی
بخت کا تارادمکتا ہے
ہمیں اسکو کبھی بھی سرنگوں ہونے نہیں دینا
مرے لوگو! کبھی نومید مت ہونا
مصائب کی شبِ تاریک سے اک دن
کبھی تو صبحِ نو کا،آس کا سورج نکلنا ہے
کبھی تو وقت کی بےرحم موجوں کا
ہمیں دھارا بدلنا ہے

تبھی تعمیرِ ملک و قوم کے اس خواب کو۔۔۔
تعبیر کا اعزاز ملنا ہے!۔

 

عینی مروت

محفلین
goldheart.gif

زرد رُت

میرے احساس کی بستی میں
کب سے زرد موسم کا بسیرا ہے
درختِ جاں نے،
جانے کب سے پت جھڑ کے
وہ پھیکے رنگ سارے اوڑھ رکھے ہیں
کہ دشتِ آرزو میں اب
خیالِ یار کی رعنائیاں لے کر
کوئی کونپل نہیں کھلتی
یہ ماہ و سال کی شاخیں
ہوئی بنجر ہیں کچھ ایسے
کہ ان کی کوکھ سے امیدکےپتے
بڑی مشکل سے اگ پائیں !۔
جو اگ آئیں!۔۔
تو جلتی زیست کا تپتا ہوا سورج
انہیں اس شاخ پر ٹکنے نہیں دیتا!۔
ہرا رہنے نہیں دیتا
یہ سوکھے زرد پتے
اب میرے ان سوختہ خوابوں کا مرقد ہیں !۔
جنہیں مایوسیوں کی آنچ نے
تعبیر سے پہلے۔۔
جلا کر راکھ کر ڈالا
میرے مولا!۔
میرے احساس کے ویراں چمن میں کیوں
بہاریں لوٹ آنا بھول بیٹھی ہیں ؟!

goldheart.gif
 

عینی مروت

محفلین
redbuddvdr.gif


ناراضئ دوست

وہ دوست،جاں سے عزیز ساتھی
شریک بچپن کی شوخیوں کا اداسیوں کا
ہم سے جب سے خفا ہوا ہے تو یوں لگے ہے
دمکتے تاروں کی کہکشاں بھی ہے روٹھی روٹھی
کہ ہم نے مل کے۔۔۔ ۔
اس کے ڈوبتے ہوئے ستاروں کو دیکھ کر تھیں دعائیں مانگی
سلگتی تپتی دوپہریں گرما کی
کریں نہ ہم سے کلام خاموش رہتی ہردم
یہ لمحے پرشور تھے ہماری شرارتوں سے،حماقتوں سے
وہ یار ،روتے لمحوں کا ہمدم
اب اس نے آنکھوں سے بہتے پانیوں کا بٹوارہ بھی کر لیا ہے
شریکِ رنج و طرب سدا تھا
اب اپنی خوشیوں کا لمحہ لمحہ جدا جدا ہے
اسے یہ کہنا۔۔۔
اسے یہ کہناکہ اس سے پہلے
کہ جگنو یادوں کے ٹمٹمانا ہی چھوڑ جائیں
تتلیاں گلستاں کا رستہ ہی بھول جائیں
سحر کا نکلا ہوا تھا بھولا
پلٹ کے آنا ہی بھول جائے
اسے یہ کہنا کہ لوٹ آئے
بہت دنوں سے خفا ہے ہم سے
وہ من بھی جائے۔۔۔ ۔!!۔

redbuddvdr.gif

 

عینی مروت

محفلین
img95.gif

پھرنیناں کیسے ضبط کریں؟!

جب شام و سحر
احساس کے در پہ
ارمانوں کا خون گرے!۔
جب خواہش کی پہلی کونپل
پہلی مسکان کے کِھلتے ہی
مرجھا جائے جاں ہار چلے
اس عمرِ رواں کا ہر لمحہ
جب ناقدری کی بھینٹ چڑھے
جب دل ہو بہت تنہا تنہا
حالات بھی ہوں برہم برہم
تب تو ہی بتا میرے ہمدم!۔
پھر نیناں کیسے ضبط کریں؟!۔

img95.gif


 
خوشگوارحیرت ہوئی کہ آپ شاعری بھی کرتی ہیں :)
اپنی سوچ کا اظہار
اپنے دل کا غبار
اور وجدان کو الفاظ کا روپ دینے کے لئے اس سے بہتر طریقہ اور کوئی نہیں
نعت بہت خوب ہے
"پھرنیناں کیسے ضبط کریں؟"
نے بھی متاثر کیا
مشق اور کوشش جاری رکھیں
مختصر الفاظ میں گہری بات کہنا ہی کمالِ فن ہے
اللہ کرے زور قلم زیادہ
 

عینی مروت

محفلین
خوشگوارحیرت ہوئی کہ آپ شاعری بھی کرتی ہیں :)
اپنی سوچ کا اظہار
اپنے دل کا غبار
اور وجدان کو الفاظ کا روپ دینے کے لئے اس سے بہتر طریقہ اور کوئی نہیں
نعت بہت خوب ہے
"پھرنیناں کیسے ضبط کریں؟"
نے بھی متاثر کیا
مشق اور کوشش جاری رکھیں
مختصر الفاظ میں گہری بات کہنا ہی کمالِ فن ہے
اللہ کرے زور قلم زیادہ
حیران ہوں کہ اس سے پہلے کچھ اور کرتی تھی؟؟ :)
آپکی بات سےگراہم گرین کا قول یاد آیا کہ "لکھنا طریق علاج کی ایک صورت ہے حیرت ہوتی ہے کہ وہ لوگ جو لکھتے نہیں ،شعر نہیں کہتے ،مصوری نہیں کرتے ،اس پاگل پن،جنون اور ہیبت ناک خوف سے (جو انسانی صورتحال میں موجود ہے ) فرار کی راہ کس طرح نکالتے ہیں !"
اب ذہن میں ایک سوال اٹھتا ہے کہ غصے کی کیفیت میں اظہار کا کونسا طریقہ اپنایا جائے؟۔۔۔شاعری یا مصوری؟

کلام پسند کرنےکے لیے بہت نوازش :)
 

عینی مروت

محفلین
048.gif

سہیلی کے نام


وہ میری شوخ سی چنچل سہیلی مجھ سے کہتی ہے
"سخنور،ہم کو بھی اک نظم کا عنواں بنا دو نا"
تمہیں میں کیا کہوں پگلی
جو تم میرے لیے دل کے صدف میں
موتیوں سا قیمتی اخلاص رکھتی ہو،
یہاں حالات جو بھی ہوں
ہماری دوستی کا پاس رکھتی ہو
مرے بےجاں قلم میں تابِ گویائی نہیں اتنی
نہ پھر ہو گی
کہ ان انمول جذبوں کو۔
حروفِ دلنشیں کا تاج پہنا کر امرکر دیں!
مرے الفاظ میں اب تک نہیں تابندگی ایسی
جو ان روشن سی آنکھوں میں سجے، امید کے تاباں ستاروں کو
کبھی بھی حرف کر پائیں!
تمہاری شوخ فطرت۔۔
روتے لمحوں میں بھی ہنستی ہے،ہنساتی ہے
کہاں ممکن کہ میری نظم میں وہ مسکراہٹ ہو
مرے الفاظ کے لہجے میں ویسی گنگناہٹ ہو
سہیلی،پھر نہ یہ کہنا
کہاں ممکن ہے یہ کرنا
قلم احساس کا لے کر
وفا کی داستاں تیری
ہم اپنے صفحۂ دل پر لکھی رکھیں
تو اچھا ہے!

 
Top