یہ کون سی بحر ہے؟

شاہد شاہنواز

لائبریرین
یہ کون سی بحر ہے؟
میں اپنے ہاتھ سے اس کی دلہن سجاؤں گی۔۔۔ پروین شاکر۔۔۔
اور میری غزل بھی شاید اسی میں ہے۔۔۔ یا پتہ نہیں الگ الگ بحریں ہیں۔۔۔
جب کھلا تھا مرا کردار مری موت کے بعد
یاد کرتے تھے مجھے یار مری موت کے بعد
 

محمد بلال اعظم

لائبریرین
کمال ضبط کو خود بھی تو آزماؤں گی
میں اپنے ہاتھ سے اس کی دلہن سجاؤں گی

سپرد کر کے اسے روشنی کے ہاتھوں میں
میں اپنے گھر کے اندھیروں میں لوٹ آؤں گی

بدن کے قرب کو وہ بھی نہ سمجھ پائے گا
میں دل میں روؤں گی آنکھوں میں مسکراؤں گی

وہ کیا گیا کہ رفاقت کے سارے لطف گئے
میں کس سے روٹھ سکوں گی کسے مناؤں گی

وہ ایک رشتہ بے نام بھی نہیں لیکن
میں اب بھی اس کے اشاروں پہ سر جھکاؤں گی

سماعتوں میں گھنے جنگلوں کی سانسیں ہیں
میں اب بھی تیری آواز سن نہ پاؤں گی

جواز ڈھونڈ رہا تھا نئی محبت کا
وہ کہہ رہا تھا کہ میں اس کو بھول جاؤں گی

بحر مجتث مخبون مخذوف ہے۔
مفاعلن فعلاتن مفاعلن فعلن
22-2121-2211-2121
آخری رکن فعلن کی جگہ فَعِلُن، فعلان، فَعِلان بھی آ سکتا ہے۔

یہ وہی بحر ہے جس میں احمد فراز کی مشہورِ زمانہ نظم "محاصرہ" اور غزل "سنا ہے لوگ اُسے آنکھ بھر کے دیکھتے ہیں" بھی ہے۔
 

محمد بلال اعظم

لائبریرین
جب کھلا تھا مرا کردار مری موت کے بعد
یاد کرتے تھے مجھے یار مری موت کے بعد ۔۔۔​
فاعلاتن فعلاتن فعلاتن فَعِلان​
1211-2211-2211-2212​
جب ک لا تا- م رَ کر دا- ر م ری مو- ت کِ با د​
یا د کر تے- تِ م جے یا- ر م ری مو-ت کِ با د​

پہلے رکن "فاعلاتن" کی جگہ "فَعِلاتن" اور آخری رکن "فَعِلان" کی جگہ "فعلن، فَعِلُن، فَعلان" بھی آ سکتا ہے۔

اس بحر کی مشہور غزلوں سے تو ہر بندہ ہی واقف ہے۔
 

فاتح

لائبریرین
یہ کون سی بحر ہے؟
میں اپنے ہاتھ سے اس کی دلہن سجاؤں گی۔۔۔ پروین شاکر۔۔۔
اور میری غزل بھی شاید اسی میں ہے۔۔۔ یا پتہ نہیں الگ الگ بحریں ہیں۔۔۔
جب کھلا تھا مرا کردار مری موت کے بعد
یاد کرتے تھے مجھے یار مری موت کے بعد
دونوں الگ الگ بحروں میں ہے اور بلال نے درست بحریں لکھ دی ہیں۔
ویسے مجھے حیرت ہو رہی ہے کہ جب آپ کو دو غزلیں پڑھ کر یہی اندازہ نہیں ہوتا کہ ایک ہی بحر ہے یا مختلف تو آپ اپنے اشعار وزن میں کیسے کہتے ہیں؟
 

شاہد شاہنواز

لائبریرین
دونوں الگ الگ بحروں میں ہے اور بلال نے درست بحریں لکھ دی ہیں۔
ویسے مجھے حیرت ہو رہی ہے کہ جب آپ کو دو غزلیں پڑھ کر یہی اندازہ نہیں ہوتا کہ ایک ہی بحر ہے یا مختلف تو آپ اپنے اشعار وزن میں کیسے کہتے ہیں؟
مجھے بحروں کا تو یہ بھی علم نہیں تھا کہ یہ ہوتی ہیں۔۔۔ 1997ء سے شاعر ہوں جب میں ساتویں میں پڑھتا تھا اور شاعری جو سراسر ایک آرٹ ہے، اس کے پیچھے علم عروض کی سائنس بھی ہے، اس کا علم مجھے بہت بعد میں ہوا یعنی 2010ء میں۔ لیکن اس کے بعد سے اب تک مجھے پڑھنے کا وقت نہیں ملتا، صرف لکھنے کا ملتا ہے کیونکہ ایک غزل کہنا میرے لیے ایک گھنٹے اور بعض اوقات صرف پانچ منٹ کاکام ہوتا ہے۔۔۔ یہی وقت پڑھنے پر لگاؤں تو شاید کچھ علم ہو ہی جائے۔۔
 
Top