گلزار یہ کیسا عشق ہے اُردو زباں کا ۔۔۔

عمر سیف

محفلین
یہ کیسا عشق ہے اُردو زباں کا

یہ کیسا عشق ہے اُردو زباں کا
مزہ گھلتا ہے لفظوں کا زباں پر، کہ جیسے پان میں مہنگا قوام گھلتا ہے
یہ کیسا عشق ہے اُردو زباں کا
نشہ آتا ہے اُردو بولنے میں
گلوری کی طرح ہے مُنہ لگی سب اصطلاحیں، لطف دیتی ہیں
حلق چھوتی ہے اُردو تو، حلق سے، جیسے، مہ کا گھونٹ اُترتا ہے
بڑی ارسٹوکریسی٭ ہے زباں میں
فقیری میں نوابی کا مزہ دیتی ہے اُردو
اگرچہ معانی کم ہوتے ہیں اُردو میں
الفاظ کی افراط ہوتی ہے
مگر پھر بھی، بلند آواز پڑھئیے تو بہت ہی معتبر لگتی ہیں باتیں
کہیں کچھ دور سے کانوں میں پڑتی ہے اگر اُردو
تو لگتا ہے کہ دن جھاڑوں کے ہیں، کھڑکی کھلی ہے، دھوپ اندر آ رہی ہے
عجب ہے یہ زباں اُردو
کبھی یونہی سفر کرتے، اگر کوئی مسافر شعر پڑھ دے میر، غالب کا
وہ چاہے اجنبی ہو، یہی لگتا ہے وہ میرے وطن کا ہے
بڑی شائستہ لہجے میں کسی سے اُردو سُن کر
کیا نہیں لگتا کہ اک تہذیب کی آواز ہے، اُردو !!!

گلزار

٭aristocracy
 
آخری تدوین:

کاشفی

محفلین
اچھی شیئرنگ ہے مگر میں نے کبھی پان نہیں کھایا تو اس کا اندازہ اردو سے لگانا پڑے گا :)
فن لینڈ میں کیا پان کی دکان نہیں ؟؟

اچھے بچے پان صرف عید والے دن کھاتے ہیں۔۔اور وہ بھی میٹھا پان۔۔
یہاں پان کی دُکان ہے۔ لیکن میں صرف عید کے دن میٹھا پان کھاتا ہوں پاکستان میں۔۔
 
قیصرانی

لائبریرین
اچھے بچے پان صرف عید والے دن کھاتے ہیں۔۔اور وہ بھی میٹھا پان۔۔
یہاں پان کی دُکان ہے۔ لیکن میں صرف عید کے دن میٹھا پان کھاتا ہوں پاکستان میں۔۔
میٹھا پان شاید زندگی بھر دو تین بار کھایا ہو اور وہ بھی منہ بنا بنا کر :)
 
الف عین

لائبریرین
گلزار کیونکہ اردو ہندی شاعر ہیں، یعنی ایک ہی تخلیق اردو میں بھی اور ہندی میں بھی چھپواتے ہیں۔ اس لئے بعید نہیں کہ ٹی وی پر انہوں نے ہندی سامعین کے لئے ’کمام‘ کہا ہو، بلکہ یہ بھی بعید نہیں کہ اردو میں بھی قوام نہ لکھیں کہ ممکن ہے کہ موصوف ’کمام‘ کو ہی اصل لفظ سمجھتے ہوں، ہندی والوں سے سن سن کر!! ہندی والوں سے میں نے ہمیشہ کمام ہی سنا ہے، بلکہ اکثر پان والے بھی یہاں کمام ہی کہتے ہیں۔ (جو اہلِ زبان نہ ہوں وہ پان والے)
 
معلوماتی ۔۔
 
Top