’’آبروئے ملت ِ بیضا بہن مسکان ہے‘‘

فاخر

محفلین

20220208_233537-720x430.jpg


آبروئے ملت ِ بیضا بہن مسکان ہے

( نوٹ : اس نظم میں علامہ اقبال کا ایک شعر بطور تبریک استعمال کیا ہے )
احمد فاخر ، نئی دہلی

آبروئے ملت بیضا بہن مسکان ہے
باعث ِصد رشک اور فخر ِ زمن مسکان ہے

شعلہ افشاں، کیسی جرأت، اِس خزاں منظر میں تھی
”ایسی چنگاری بھی یارب اپنی خاکستر میں تھی“

ایسی جرأت؟ یہ زمیں بس دیکھتی ہی رہ گئی
بزدلی اُن کی، سر اپنا پیٹتی ہی رہ گئی

ولولہ انگیز ہے اُس کا یہ عالی بانکپن
رقص کرتی ہے، سدا اِس بانکپن پر انجمن

اِس تن نازک میں ایسا ولولہ تھا موجزن!
فخر کرتے ہیں یہ سارے عندلیب اور یہ چمن

نعرہ زَن ہو کر کے تنہا، ارضِ ہندُستان پر
صاعقہ بن کے گری ہے کفر کے ایوان پر

دیر کے بندوں کے سارے ہوش ٹھنڈے کردیئے
اور جو اِستادہ بت تھے، منھ کے بل سب گرگئے

”ان یکن منکم مائۃ“ کی یہ حسیں تفسیر ہے
جرأتِ ٹیپو کی گویا خوشنما تصویر ہے

مضمحل مایوس چہروں کو ملی ہے اک حیات
فضل یزداں سے اسے ملتا رہے ہر دم ثبات

یہ کوئی نعرہ نہیں فاخرؔ یہ اک اِلہام ہے
جہد ِپیہم کے لئے برہان اور اِعلام ہے​
سیما علی
 

سیما علی

لائبریرین
”ان یکن منکم مائۃ“ کی یہ حسیں تفسیر ہے
جرأتِ ٹیپو کی گویا خوشنما تصویر ہے
اللہ پاک جب کسی انسان کو ہمت عطا فرماتا ہے !!وہ کسی کے وہم و گمان میں بھی نہیں ہوتا
‏آج بنت اسلام مسکان خان نے ہندوستان کی سرزمین پر
‏اللہ اکبر اللہ اکبر اللہ اکبر کی صدا بلند کی اور ‏پوری دنیا کی فضا اللہ اکبر کی صدا سے گونج اٹھی ہے ۔سلامت رہیں بٹیا مسکان جنکی اللہ اکبر کی صدا عالمِ اسلام میں گونج اُٹھی۔
 

الف عین

لائبریرین
جب تک مکمل واقعہ کسی کو معلوم نہ ہو، نظم سمجھنا مشکل ہے۔ تعارف میں ایک آدھ جملہ لکھ بھی دیا جائے، تب بھی
بزدلی اُن کی، سر اپنا پیٹتی ہی رہ گئی
اور
دیر کے بندوں کے سارے ہوش ٹھنڈے کردیئے
سمجھنا مشکل ہے، پہلے مصرع میں تو فاعل ہی غائب ہے
باقی مصرعے قابل قبول ہیں، بس عربی الفاظ کی زیادتی ذرا کھلتی ہے
 
Top