1000 میگا واٹ ماحول دوست بجلی پیدا کرنے کا وعدہ پورا ہونے کو ہے - وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ

الف نظامی

لائبریرین
وزیر اعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے کہا ہے کہ انھوں نے جو وعدہ کیا تھا کہ وہ اپنے دور کے آخر تک رینیوایبل انرجی سے 1000 میگاواٹ بجلی پیدا کریں گے اور یہ وعدہ پایہ تکمیل کو پہنچنے کو ہے۔

مرادعلی شاہ نے مقامی ہوٹل میں 50 میگاواٹ جھمپیر ونڈ پاور پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے جو وعدہ کیا تھا کہ وہ اپنے دور کے آخر تک رینیوایبل انرجی سے 1000 میگاواٹ بجلی پیدا کریں گے اور یہ وعدہ پایہ تکمیل کو پہنچنے کو ہے کیونکہ بجلی کی پیداوار930 میگاواٹ تک پہنچ چکی ہے اور اس سال دسمبر تک یہ تقریباً 1200 میگاواٹ کے قریب ہوجائے گی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمارے ہاں بجلی کے بحران کی اہم وجوہ میں غیر موثر اور ناقابلِ عمل پاور پالیسی بالخصوص مقامی وسائل سے بھرپور طریقے سے استفادہ نہ کرنا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ انھوں نے متبادل انرجی پر بہت اچھے طریقے سے کام کیا ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ جب جھمپیر میں ونڈ انرجی کے تین منصوبوں کی تنصیب کی جارہی تھی تو ونڈ ٹربائنس کی اونچائی کا مسئلہ اچانک سامنے آیا جسے انھوں نے حل کر دیا ہے۔

مراد علی شاہ نے پالیسی بنانے والوں کو مشورہ دیا کہ وہ اس لاگت کا اندازہ لگائیں کہ اگر بجلی نہیں ہوگی تو ہمارے ملک کو کتنا زیادہ نقصانات کا سامنا کرنا ہوگا اور ہم کتنی ہی دہائیاں پیچھے چلے جائیں گے۔ فوڈ سیکیورٹی کی طرح ملک میں انرجی سیکیورٹی بھی ہونی چاہیے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ انرجی کی آزادی حاصل کرنے کے لیے ہمیں مقامی طورپر حل تلاش کرنا ہوگا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ انھیں آج وزیرا علیٰ سندھ بنے 21 ماہ دو دن ہوگئے ہیں اور میں نے 16 اگست 2016 کو وزیر اعظم پاکستان سے ملاقات کی تھی اور ان سے انرجی سے متعلق بات کی تھی ، اس وقت اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہم 937 میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں۔اگر وفاقی حکومت بروقت منظوری دے دیتی تو ہم اس سال جون تک ونڈ انرجی سے 2000 میگاواٹ بجلی پیدا کرسکتے تھے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم جھمپیر کوریڈور سے 35ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرسکتے ہیں۔
 
Top