بسم اللہ الرحمن الرحیم
3 غیر مرئی علوممیری رائے ہے کہ غیر مرئی علوم انہیں کہنا چاہئے کہ جنہیں بغیر حواس خمسہ کے حاصل کیا جا سکے۔
انسان دو چیزوں کا مجموعہ ہوتا ہے۔ ایک مادی جسم اور دوسرا روح ۔سارے غیر مرئی علوم کا تعلق صرف روح سے ہے یا اس میں دوسرے عوامل بھی کارفرما ہوتے ہیں اس کے بارے میں میں قطعی طور پر نہیں کہ سکتا لیکن دو علوم یقیناً ایسے ہیں جن کا تعلق روح سے ہے۔ ایک ہے خواب اور دوسرا استخارہ۔
خواب: خوابوں کو اگر تقسیم کیا جائے تو موٹی موٹی ان کی تین اقسام بنتی ہیں۔
1- وہ خواب جن کی تعبیر ہوتی ہے۔ ان خوابوں سے حاصل ہونے والا علم روح کے ذریعے ملتا ہے۔ ایسے خوابوں میں انسان کے ماضی ، حال یا مستقبل کے بارے میں اللہ تبارک و تعالی کی طرف سے اشارہ ملتا ہے۔ خوابوں کی تعبیر کے لئے سب سے مستند کتاب علامہ ابن سیرین کی کتاب تعبیرالرویا مانی جاتی ہے۔ بہر حال خواب کی تعبیر بیان کرنا ایک مکمل فن ہے اور اتنا آسان کام نہیں۔
2- دوسرے وہ خواب جوعموماً خرابئ صحت کی بنا پر ہوتے ہیں اور ان کا کوئی مطلب نہیں ہوتا۔
3- وہ خواب جو کسی خیال کے انسانی ذہن پر چھائے رہنے کی وجہ سے انسان اسی خیال کو خواب میں دیکھتا ہے ان کا بھی کوئی مطلب نہیں ہوتا۔
استخارہ: انسان کسی کام کا ارادہ کرے مگر اسے کرنے یا نہ کرنے کے بارے میں ذہنی کشمکش کا شکار ہو تو ایسے موقع پر انسان کو اللہ تعالی سے مشورہ مانگنا چاہئے کہ اس کے لئے کونسا کام مناسب رہے گا۔ مثلاً کسی سے شادی یا کوئی کاروبار وغیرہ، اس مشورہ مانگنے کے عمل کو استخارہ کہتے ہیں۔ اس کے بارے میں کچھ تفصیل یہاں موجود ہے۔ استخارہ کرنے کے بہت سے طریقے ہیں لیکن دئیے گئے ربط میں طریقہ اختیار کرنا بہتر ہے۔
ناموں کے اثرات: انسان کی شخصیت پر بہت سے عوامل اثر انداز ہوتے ہیں ان میں سے ایک نام بھی ہے۔ غالباً اس بارے میں ایک مکمل علم بھی موجود ہے لیکن میں نے ذاتی طور پر اس بارے میں تحقیق شروع کی اور جاننے کی کوشش کی کہ کون سے نام کے کیا اثرات ہوتے ہیں اور کچھ ناموں کے اثرات کا سراغ بھی لگایا۔
الحمدللہ میں کسی حد تک ان تینوں علوم سے فائدہ اٹھا چکا ہوں۔