جشن عید میلاد النبی (ص) مبارک ہو

جاسم محمد

محفلین
جشن عید میلاد النبی (ص) مبارک ہو
Asia/Tehran
4bsnfe8677723a1j7or_800C450.jpg

دنیا بھر کے مسلمانوں کی طرح اسلامی جمہوریہ ایران میں بھی عید میلاد النبی اور وحدت کا جشن ہر طرف برپا ہے جس میں علما اور مقررین سرکار ختمی مرتبت(ص) کے فضائل اور ان کی سیرت اور آپ کے درس اخوت و بھائی چارے پر روشنی ڈال رہے ہیں ۔

پاکستان اور ہندوستان میں عید میلاد النبی بڑی ہی شان و شوکت کے ساتھ منایا جارہا ہے پاکستان اور ہندوستان میں آج عید میلاد النبی(ص) ہے اورپاکستان میں آج عام تعطیل ہے اور برصغیر کی فضائیں بھی درود و سلام کی صداؤں سے مہک رہی ہیں ۔

پاکستان سے ہمارے نمائندوں نے خبردی ہے کہ ملک کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں کی سڑکوں، بازاروں اور گلی کوچوں کو خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے اور جگہ جگہ نعت خوانی اور محفل میلاد کا سلسلہ جاری ہے ۔

عید میلاد النبی کے موقع پر پاکستان میں سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں ۔

پاکستان کے صدرڈاکٹر عارف علوی نے معلم انسانیت حضرت محمد (ص) کے یوم ولادت کے موقع پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج مغرب کے جو ممالک فلاحی ریاست کا منظر پیش کر رہے ہیں ان تمام ممالک نے عہد نبوی کی ریاست مدینہ سے رہنمائی حاصل کی ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے محسن انسانیت (ص)کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر پوری ملت اسلامیہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ (ص)نے اپنے حسن اخلاق سے روئے زمین پر ایک ایسی مثالی فلاحی ریاست اور رول ماڈل معاشرہ قائم کیا، ریاست مدینہ کے قیام کا مقصد صرف امت مسلمہ کی بھلائی نہیں بلکہ پوری انسانیت کی فلاح و بہبود تھا۔

ہندوستان کےصدر رام ناتھ كووند اور وزیراعظم نریندر مودی نے آج عید میلاد النبی(ص) کے موقع پر ملک کے باشندوں کو مبارکباد دی ۔

رام ناتھ كووند نے ٹویٹ کر کے کہا عید میلاد النبی(ص) کے مبارک موقع پر تمام ہم وطنوں ، بالخصوص اپنے مسلم بھائی بہنوں کو مبارک دیتا ہوں ۔ آئیے ہم سب ان کی زندگی سے درس حاصل کرکے آپسی بھائی چارے اور رحمدلی کے ساتھ سب کی خوشحالی کے لئے کام کریں ۔

ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹویٹ کر کے کہا میلاد النبی(ص) مبارک ہو، انہوں نے کہا کہ پیغمبرحضرت محمد (ص)کی تعلیمات ہمیں معاشرے میں ہم آہنگی اور ہمدردی کے احساس کو بڑھانے کا درس دیتی ہے۔

عید میلاد النبی کے جشن کے ساتھ ساتھ ایران اور دنیا کے مختلف ملکوں میں ہفتہ وحدت کا بھی آغاز ہوگیا ہے - ہفتہ وحدت کی مناسبت سے ہونے والے سیمیناروں اور کانفرنسوں میں مقررین کی جانب سے مسلمانوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا جارہا ہے ۔

سحرعالمی نیٹ ورک جشن عید میلاد النبی(ص) اور ہفتہ وحدت کے پر مسرت موقع پر اپنے تمام ناظرین، سامعین اور کرم فرماوں کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہے۔
 

جاسم محمد

محفلین
دعا ہے ایسے مہینے ہماری زندگی میں بار بار آتے رہیں، وزیراعظم کا میلاد النبیﷺ پر پیغام
207984_3288833_updates.jpg

وزیر اعظم پاکستان عمران خان—فیس بک فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے جشنِ ولادتِ رسولﷺ پر ملتِ اسلامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے خصوصی پیغام دیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’تاریخ انسانیت کی پہلی فلاحی ریاست کا تصور سب سے پہلے اسلام نے دیا، دعا ہے ایسے مہینے ہماری زندگی میں بار بار آتے رہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ حضور کی زندگی اپنے اندر اعلیٰ اخلاق کی ایک دنیا لیے ہوئے ہے، آپﷺ نے تو دشمنوں سے بھی خود کو صادق و امین کہلوایا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ’آپ ﷺ نے اپنے حسن انتظام سے روئے زمین پر مثالی ریاست قائم کی، مدینےکی ریاست میں ہر مذہب کے ماننے والوں کو اپنے عقیدے کے مطابق عبادت کی آزادی تھی، دعا ہے اللہ تعالیٰ ہمیں اس نیک مقصدکےحصول میں کامیاب فرمائے‘۔

صدر مملکت کی جانب سے قوم کو مبارکباد
207984_5775275_updates.jpg

تمام اہل وطن بالخصوص علماء وطن عزیز کوفلاحی ریاست بنانے کےلیے کردار ادا کریں، صدر مملکت— فوٹو: فائل

صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے بھی عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر قوم کے نام پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے حضرت محمدﷺ کے یوم ولادت پراہل وطن کو مبارکباد پیش کی ہے۔

صدر مملکت کا کہنا ہے کہ ’بارگاہ ایزدی میں دعا ہے کہ یہ ماہ مبارک ہم سب کیلئے باعثِ رحمت وبرکت ثابت ہو، آپﷺ کائنات کی وہ عظیم ترین شخصیت ہیں جس کی نظیر ازل سے ابد تک ممکن نہیں، ہماری کوشش ہے کہ ہم ریاست مدینہ کے نمونہ سے پوری طرح سے رہنمائی حاصل کریں‘۔

انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ وطن عزیز کو ایک فلاحی ریاست کے سانچے میں ڈھالیں، مختلف شعبہ جات میں معاشی اور معاشرتی اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل جاری ہے، تمام اہل وطن بالخصوص علماء وطن عزیز کوفلاحی ریاست بنانے کےلیے کردار ادا کریں۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں آج جشنِ ولادت رسول ﷺ شایان شان طریقے سے مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جارہا ہے اور عاشقان رسول ﷺ اپنے اپنے انداز میں محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔
 
Top