بسم اللہ الرحمن الرحیم
و قل رب زدنی علما
سلام علیکم
محترمہ سیدہ شگفتہ صاحبہ کی اجازت سے شروع کرتا ہوں۔
سب سے پہلے تو محفل کے منتظمین اور کلاس کے شرکاء کا مشکور ہوں، کہ مجھے یہاں اپنی جہالت کی حدود جاننے کی مہلت دے رہے ہیں۔
میرا تعارف، نام سے تو واقف ہوں گے، سید محمد نقوی، لکھنو، لاہور اور کراچی سے رشتہ جڑا ہوا ہے، آج کل ایران کے شہر قم میں مقیم ہوں۔ میری نسبی زبان عربی -گرچہ بہت زیادہ نہیں آتی-، مادری زبان اردو ہے، فارسی سے خاندانی طور پہ تعلقات ہیں۔
یہاں علوم اسلامی کا طالب علم ہوں۔ ادب سے لگاو کی خاطر 'ادبیات فارسی' میں بھی بیچلرز کررہا ہوں۔ شگفتہ صاحبہ نے فرمایا تھا کہ اچیومنٹس کے بارے میں لکھوں، تو عرض ہے کہ کوئی خاص اچیومنٹ نہیں، بلکہ عام بھی نہیں۔
استاد اور شاگرد، میں سمجھتا ہوں کہ یہ اصطلاحیں یہاں کے لیے شاید مناسب نہ ہوں، کیونکہ میں سن اور علم میں بعض شرکاء سے کم ہی ہوں۔ اس لیے درخواست ہے کہ مجھے سید محمد یا صرف محمد سے خطاب فرمائیں، القاب و عناوین سے پرہیز کریں۔ تا کہ کہیں بے جا بزرگسالی کا احساس نہ ہو۔
تعارف شاید لمبا ہو گیا، اگر کوئی اور سوال ہو تو پوچھ لیجیے۔
اب کچھ کلاس کے بارے میں۔
یہاں ایک اصطلاح ہے، 'مباحثہ'۔ یہ اس نشست کو کہتے ہیں کہ جہاں چند طالب علم آپس میں بیٹھ کر کسی خاص درس یا موضوع پر گفتگو کرتے ہیں۔ میری درخواست ہے کہ شرکاء اس کلاس کو ایک مباحثہ سمجھیں، جہاں کھیں کوئی بات ذہن میں آئے لکھیں اور مباحثہ میں شریک رہیں۔
وقت کے لیے اگر کوئی ایسا وقت ہو، جس میں سب شرکاء ایک ساتھ شامل ہو سکیں تو اچھا ہوگا، لیکن اختلاف وقت کی وجہ سے مشکل ہے۔ اس لیے میں فی الحال ہفتہ میں تین دن، پیر، بدھ اور جمعہ کو یہاں پوسٹ کر دیا کروں گا۔ اس کے بعد حضرات اپنے سوالات بھیج دیں تا کہ اگر معلوم ہو تو جواب لکھ دوں ورنہ دیکھ کر جواب دوں گا، ان شاء اللہ۔
ایک بات بتاتا چلوں، کہ متون مختلف ہوتے ہیں، اور ہو سکتا ہے کہ کوئی لکھنے والا اپنی کتاب میں کوئی اختلافی بات کرے۔ اگر کہیں مجبورا یہاں اس قسم کا کوئی متن میں نے پوسٹ کیا، تو درخواست ہے کہ اس مسئلہ کو ایشو نہ بنایا جائے اور صرف اس کے ادبی اور سیکھنے والے پہلو پر غور کیا جائے، کیونکہ یہاں میں مذہبی یا اس طرح کے کسی اور موضوع پر بحث نہیں کروں گا، صرف فارسی سیکھنی ہے۔
فی الحال ہم گلستان سعدی سے شروع کریں گے-جو شاید بعد میں بدل دی جائے-۔ شروع میں طریقہ کار یہ ہوگا کہ گلستان کا ایک منتخب متن دوں گا، اس کے نیچے بعض لغات کے معانی، اور پھر اس متن کا مکمل ترجمہ۔ اگر کوئی ایسی اصطلاح، ترکیب یا لغت آئی جو آجکل استعمال نہیں ہوتی تو اس کا متبادل بھی لکھوں گا۔ اور ایک قاعدہ بھی آخر میں لکھ دوں گا۔
سوال جواب، یہ ہر کلاس کا سب سے ضروری حصہ ہے۔ درخواست ہے کہ شرکاء سوالات ضرور بھیجیں، فی الحال جمعہ کو سوالات کے جوابات دوں گا۔
ہوم ورک، حکم ہوا ہے کہ مشق بھی دی جائے،تو ہوم ورک کے لیے کچھ تمارین بھی دوں گا، جن کی تفصیل وقت پر بتاوں گا۔
آج کے لیے شاید اتنا بھی زیادہ ہو۔
اگر کوئی چیز رہ گئی تو فرمائیں، تا کہ بتا دوں۔
شکریہ
سید محمد نقوی